تازہ ترین

مڈل سکول منجوس کھڑی کے ٹیچر کی لمبی غیر حاضری

مارچ 2016سے اب تک کی تحقیقاتی رپورٹ طلب

15 مئی 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

محمد تسکین
 بانہال //  مڈل سکول منجوس تعلیمی زون کھڑی میں ایک ٹیچر کی مسلسل غیر حاضر ٹیچر کے خلاف چیف ایجوکیشن افسر رام بن نے انکوائری کا حکم دیا ہے اور DIET بانہال کو تحقیقاتی رپورٹ پیش کرنے کیلئے کہا گیا ہے۔ اس سلسلے میں زونل حکام اور متعلقہ سکول انتظامیہ کی کی طرف سے سے بھی ایک رپورٹ چیف ایجوکیشن افسر رام بن ، ڈپٹی کمشنر رام بن اور ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن جموں کو روانہ کی گئی ہے جس میں پیر کے روز احتجاجی مظاہرے کرنے والے بچوں اور مقامی لوگوں کے الزام کی تصدیق کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اس ٹیچر نے متعلقہ سکول میں کبھی ڈیوٹی جوائین ہی نہیں کی ہے جبکہ تحصیلدار کھڑی نے مڈل سکول منجوس کھڑی کے سکول arrival میں بھی لکھا ہے کہ متعلقہ ٹیچر بختاور خان نے کبھی سکول جوائین ہی نہیں کیا ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ محکمہ کے ریکارڈ کے مطابق یہ ٹیچر مارچ 2016 سے یہاں تعینات ہے لیکن مبینہ طور متعلقہ تعلیمی حکام سے مل کر اسے اب تک انٹرنل ایرینجمنٹ کی بنا پر کئی سکولوں میں اٹیچ رکھا گیا ہے جبکہ اس کی تنخواہ مڈل سکول منجوس سے واگذار ہوتی ہے۔ انچارج زونل افسر کھڑی نے فی الحال بختاور خان نامی ٹیچر کی اپریل مہینے کی تنخواہ بند رکھنے کا حکم دیا ہے جبکہ متعلقہ ٹیچر نکی طرف سے اٹیچمنٹ کی بنیادوں پر 2015-16 سے اب تک وگن ، ہرنیہال وغیرہ کے سکولوں میں دی گئی ڈیوٹی اور حاضری پر مبنی ایک تفصیلی رپورٹ اعلی حکام کو بھیج دی ہے ۔ذرائع کے مطابق متعلقہ ٹیچر نے آخری بار لوک سبھا انتخابات میں اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسر بانہال کے دفتر میں ڈیوٹی دی ہے اور 6 مئی کو الیکشن ڈیوٹی سے فارغ کرنے کے بعد متعلقہ ٹیچر کو اپنے سکول میں واپس ڈیوٹی جوائین کرنے کی ہدایت کے ساتھ روانہ کیا گیا لیکن 13 مئی کو سکولی بچوں اور انکے والدین کے احتجاجی مظاہرے تک ٹیچر نے اپنی ڈیوٹی جوائین ہی نہیں کی تھی۔ فی الحال ایک متبادل ٹیچر کو روانہ کیا گیا ہے اور معاملے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔  اس سلسلے میں چیف ایجوکیشن افسر رام بن عبدالحمید فانی نے بتایا کہ وہ پچھلے ایک سال سے رام بن میں تعینات ہیں اور پہلی بار انکی نوٹس میں یہ معاملہ مقامی لوگوں نے احتجاجی مظاہرے کی صورت میں لایا ہے اور اس معاملے میں تحقیقات کا آغاز کیا گیا ہے اور زونل ایجوکیشن افسر کھڑی اور متعلقہ ہیڈماسٹر سے رپورٹ کی طلب کی جارہی ہے جبکہ تحصیلدار کھڑی نے بھی مڈل سکول منجوس کا دوری کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ الزامات کے گھیرے میں ٹیچر کی تعیناتی کا ریکارڈ طلب کیا گیا اور محکمہ کے سنیئر افسروں پر مشتمل ایک اعلی سطح کی تحقیقات کی جائے گی اور ملوث پائے گئے ملازمین کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے زونل حکام کی ملی بھگت کو خارج از امکان قرار نہیں دیتے ہوئے کہا کہ تمام حقائق کو تحقیقات میں  واضح کیا جائے گا۔