تازہ ترین

ممبئی حملوں کا جواب دیا گیا ہوتا تو پلوامہ حملے کی نوبت نہیں آتی: مودی

20 اپریل 2019 (54 : 09 AM)   
(      )

عظمیِ نیوز ڈیسک

سرینگر/وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ اگر2008میں ممبئی حملوں کا جواب دیا گیا ہوتا تو 2019میں پلوامہ حملہ نہیں ہوا ہوتا۔مودی نے یہ بھی کہا کہ بالاکوٹ میں بھارت کی ائیر اسٹرائیک کامیاب تھی اور پاکستان نے چالیس روز تک میڈیا کو بالا کوٹ کے علاقے کا دورہ کرنے کی اجازت نہیں دی۔

مودی نے' ٹائمز نو' کو دئے گئے ایک انٹریو میں کہا کہ کوئی بھی محب وطن بھارتی، پلوامہ حملے میں چالیس سی آر پی ایف اہلکاروں کی ہلاکت کے بعد ہاتھ پہ ہاتھ دھرے نہیں بیٹھ سکتا تھا۔

انہوں نے کہا''اگر ایسے وقت ہم خاموش رہتے تو مجرم سوچتے کہ حکومت مضبوط نہیں ہے اور اُنہیں ایسے حملوں کی عادت ہوجاتی۔اگر 2008میں ممبئی حملوں کا بھر پور جواب دیا گیا ہوتا تو پلوامہ حملے کی نوبت نہیں آتی''۔

مودی نے کہا کہ امریکہ میں 2011حملوں کے بعد کوئی بڑا حملہ نہیں ہوا کیونکہ اُنہوں نے (امریکہ نے) مضبوطی کا مظاہرہ کیا۔

بالا کوٹ اسٹرئیک کو الیکشن کے ساتھ جوڑنے والوں کے بارے میں مودی نے کہا''یہ اُن کی اپنی سوچ ہے''۔