تازہ ترین

پی ڈی پی استحصالی سیاست کی علمبردار: میر

19 اپریل 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

نیو ڈسک
سرینگر//ریاستی کانگریس کے صدرغلام احمد میر نے پی ڈی پی کو تباہی کی جڑ قرار دیتے ہوئے بتایا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ پی ڈی پی کی دغابازیوں پر اسے مزہ چکھایا جائے۔ غلام احمد میر نے بتایا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ پی ڈی پی کی موقعہ پرست اور استحصالی سیاست کو ناکام بنایا جائے کیوں کہ پی ڈی پی ہی وادی کشمیر میں نوجوانوں کے جسموں سے بہے ہوئے لہو کی ذمہ دار ہے۔ ریاستی کانگریس کی طرف سے جمعرات کو جنوبی کشمیر کے دیوسرکولگام میں ایک میگا روڑ شو کے دوران پارٹی کے ریاستی صدر غلام احمد میر نے پی ڈی پی کو ریاست میں تباہی کی جڑ قرار دیا۔ انہوں نے بتایا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ ووٹران خلوص اور سنجیدگی کا مظاہرہ کرکے پی ڈی پی کی دغابازیوں پر اسے مزہ چکھائیں۔ ریلی سے خطاب کے دوران غلام احمد میر نے کہا کہ پی ڈی پی کی حصول اقتدار کی خاطر ریاستی عوام کی اُمنگوں اور خواہشات کے ساتھ بھونڈا مذاق کیا۔میر کے مطابق پی ڈی پی کی دھوکہ بازی سے ریاست جموں وکشمیر بالعموم جبکہ جنوبی کشمیر کا حصہ بالخصوص بری طرح سے متاثر ہوا۔ انہوں نے ووٹران پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ لوک سبھا انتخابات کے دوران اپنی حق رائے دہی کا استعمال کرنے کے دوران پی ڈی پی کو دوبارہ ریاست میں تباہی اور لوٹ کھسوٹ کا موقعہ نہ دیں اور پارٹی کی طرف سے عوام کے ساتھ کی گئی دغابازیوں پر اسے مزہ چکھائیں۔اس موقعے پر کانگریس کے نائب صدر حاجی عبدالرشید ڈار، محمد امین بٹ، بشیر احمد ماگرے، سریندر سنگھ چھنی، ونود کول، فاروق احمد بٹ، عبدالرشید لون اور دیگر پارٹی لیڈران و کارکنان شامل تھے۔