جنوبی کشمیر کے اننت ناگ ضلع میں محبوبہ مفتی کے قافلے پر سنگباری

15 اپریل 2019 (33 : 01 PM)   
(      )

عظمیِ نیوز ڈیسک

سرینگر/جنوبی کشمیر میں ضلع اننت ناگ کے بجبہارہ علاقے میں سوموار کو پیپلز ڈیمو کریٹک پارٹی ( پی ڈی پی) کی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کے قافلے پر سنگباری ہوگئی۔

یہ واقعہ بجبہارہ کے سرہامہ علاقے میں اُس وقت پیش آیا جب محبوبہ کھرم زیارت شریف سے بجبہارہ کی طرف جارہی تھی جہاں اُسے ایک پارٹی تقریب میں حصہ لینا تھا۔

اطلاعات کے مطابق جونہی محبوبہ کے ساتھ جارہا گاڑیوں کا کارواں سرہامہ پہنچا تو اُس کو پتھروں سے نشانہ بنایا گیا۔

حکام نے کہا کہ محبوبہ کو اس حملے میں کوئی گزند نہیں پہنچی تاہم اُس کے کارواں میں شامل ایک گاڑی کو نقصان پہنچا۔

حکام کے مطابق فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر محبوبہ کو بہ حفاظت وہاں سے نکال کر بجبہارہ پہنچایا جہاں سابق وزیر اعلیٰ کو ایک پارٹی کنونشن میں حصہ لینا تھا۔

محبوبہ اننت ناگ لوک سبھا نشست کیلئے پی ڈی پی کی اُمیدوار ہے جہاں رواں ماہ کی23تاریخ کو ووٹ ڈالے جارہے ہیں۔