تازہ ترین

زیڈ موڑ اور زوجیلا ٹنل کی تعمیر پرکام شروع کیا جائے

افرادی قوت میں مقامی لوگوں کی کمی تشویشناک، ٹھیکیداروں کی اجرتیں واگذار ہوں:میاں الطاف

15 اپریل 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

شیخ نذیر
 کنگن//سینئر این سی لیڈر اور سابق ممبر اسمبلی کنگن میاں الطاف نے سرینگر۔لیہہ شاہراہ پر تعمیر کی جانے والی زیڈ موڑ ٹنل پر کام شروع کرنے میں تاخیر پر سخت ناراضگی کااظہار کیا ہے ۔نیشنل کانفرنس کی ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے میاں الطاف نے کہاکہ یہ بدقسمتی کا مقام ہے کہ زیڈ موڑ ٹنل پر کام کو ادھورا چھوڑ دیا گیا ہے جبکہ زوجیلا ٹنل پر کام ابھی شروع ہی نہیں کیا جاسکا ہے حالانکہ اس کیلئے مرکزی حکومت کی طرف سے متعدد بار اعلانات کئے گئے۔انہوں نے کہاکہ پہلے مرحلے میں مقامی ٹرانسپورٹروں ،مزدورو ں اور ملازمین کی تعداد زیڈ موڈ ٹنل کی تعمیر کے دوران کم کردی گئی اور اکسے بعد کام ہی روک دیا گیا ۔میاں الطاف نے مزید کہاکہ زیڈ موڑ ٹنل پر کام روک دینے سے وہاں کام کررہے مقامی لوگوں کا روزگار چھین لیا گیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ کنگن میں منریگا مزدوروں کے مشاہرے اور محکمہ دیہی ترقی میں کام کررہے قلیل سکیل والے ٹھیکداروں کی ادائیگیاں روکنے سے علاقے میں بحرانی کیفیت پیدا ہوئی ہے۔سینئر این سی لیڈر نے ریاستی سرکار پر زور دیا ہے کہ وہ زیڈ موڑ ٹنل پر کام بحال کرنے اور زوجیلا ٹنل کی تعمیر شروع کرنے کیلئے فوری اقدامات کرے تاکہ ان پروجیکٹوں میں شامل لوگوں کا روزگار مزید متاثر نہ ہونیز اس سے سونہ مرگ کو سال بھر کھلا رکھا جاسکے ۔انہوں نے منریگا مزدوروں اور قلیل سکیل والے ٹھیکیداروں کے مشاہرے اور بلیں فوری طور واگزار کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔