تازہ ترین

این سی اور پی ڈی پی ایک ہی سکے کے دو رخ :انجینئررشید

مودی جیت گئے توآئندہ اتحادی حکومت این سی اور بی جے پی کی ہوگی

15 اپریل 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

طاہر ندیم خان
 بھدرواہ //بی جے پی ،این سی، پی ڈی پی اور کانگریس کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے عوامی اتحاد پارٹی کے سربراہ و سابق ممبر اسمبلی انجینئر رشید نے کہاکہ یہ سیاسی جماعتیں اپنے حقیر سیاسی مفادات کی خاطر خود کو دوسرے کے خلاف دکھاکر لوگوںکو بیوقوف بنانے کی کوشش کررہی ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ یہی جماعتیں بعد میں اتحاد کرکے حکومت تشکیل دے دیتی ہیں ۔ نیو بس اڈہ کوٹلی بھدرواہ میں انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انجینئر رشید نے کہاکہ جموں وکشمیر میں ترقی کیلئے امن ناگزیر ہے اور ریاست کے دیرینہ مسئلے کاحل نکلناچاہئے ۔انہوںنے کہاکہ ہندوپاک کو ریاست کے عوام کے جذبات کی قدر کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کو حل کرناچاہئے ۔ان کاکہناتھا’’خدا معاف کرے ،اگر مودی پھر سے وزیر اعظم بن گیا تو میرے الفاظ یاد رکھیں کہ ریاست میں اگلی اتحادی حکومت نیشنل کانفرنس اور بی جے پی کی ہوگی ‘‘۔بھاجپا کے دفعہ 370اور دفعہ 35اے پرموقف پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بی جے پی سیاسی مقاصد کیلئے جعلی خواب بیچ رہی ہے اور پھر سے ان دفعات کے مسائل اجاگر کئے گئے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ اس کا صرف اور صرف مقصد لوگوں کو بیوقوف بناناہے جبکہ کوئی بھی شخص ریاست کے خصوصی تشخص کے ساتھ چھیڑ چھاڑ نہیں کرسکتاہے ۔کشمیرمسئلہ پر کھلی بحث کی وکالت کرتے ہوئے انجینئر رشید نے کہاکہ وہ اس بات پر بہت خوش ہوں گے اگرآر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت کپوارہ آئیں اور وہ اس بحث کیلئے ناگپورہ جانے کیلئے تیار ہیں ۔ان کاکہناتھا’’فرقہ وارانہ بنیادوں پر لوگوں کی تقسیم سے نہ صرف ترقی میں رکاوٹیں کھڑی ہوتی ہیں بلکہ یہ ایک طرح سے ترقی کیلئے خود کشی ہے ۔اس دوران انہوںنے دیگر علاقوںمیں بھی انتخابی جلسوں سے خطاب کیا ۔