تازہ ترین

صنعت کاروں کو قرضوں کی فراہمی ، کے کے شرما کانیا ڈرافٹ پلان تشکیل دینے پر زور

15 مارچ 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

نیو ڈسک
جموں//گورنر کے صلاح کار کے کے شرما نے فائنانشل کارپوریشنوں کے کام کاج کو مزید فعال بنانے پر زور دیا ہے۔اُنہوں نے جموں اینڈ کشمیر سٹیٹ فائنانشل کارپوریشن کے بورڈ آف ڈائریکٹرس کی ایک میٹنگ میں ان باتوں کا اِظہار کیا۔میٹنگ میں پرنسپل سیکرٹری فائنانس اے کے مہتا ، منیجنگ ڈائریکٹر جے کے ایف سی اور بورڈ آف ڈائریکٹرس کے علاوہ دیگر متعلقین نے شرکت کی۔میٹنگ کے دوران صلاح کار کو فائنانشل کارپوریشنوں کے کام کاج اور خدمات سمیت دیگر امور کے بارے میں جانکاری دی گئی ۔صلاح کار نے کہا کہ اِن کارپوریشنوں کو مزید فعال بنانے کے لئے تکنیکی مداخلت اور اختراعی اقدامات کی اشد ضرورت ہے تاکہ یہ دستکاروں اور دیگر منسلک صنعتوں کو معاونت فراہم کرسکے۔اُنہوں نے کارپوریشنوں کو جدید تقاضوں پر فروغ دینے اور انہیں منافع بخش بنانے کے لئے انسانی وسائل کی تشکیل نو اور اہداف کو وقت پر مکمل کرنے کے احکامات دئیے۔اُنہوں نے افسران کو صنعت کاروں قرضہ جات فراہم کرنے کے لئے ایک نیا ڈرافٹ پلان تشکیل دینے پر بھی زور دیا۔صلاح کار نے کہا کہ اقتصادی اور مالی ترقی کے لئے ، صنعت کاری ، ٹرانسپورٹ اور دیگر شعبوں میں بہتری کی ضرورت ہے ۔اُنہوں نے کارپوریشنوں کے ریکارڈ کی فوری ڈیجیٹائزیشن کے بھی احکامات دئیے۔