تازہ ترین

سوپور میں شبانہ نقب زنی کا سلسلہ جاری

چار روز میں سرکاری اسپتال اور2 دوکانوں سے سازوسامان اڑالیا گیا

15 مارچ 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

غلام محمد
سوپور//شمالی قصبہ سوپور میں شبانہ نقب زنی کا سلسلہ جاری ہے ۔گزشتہ چار دنوں کے دوران نقب زنوں نے دو دوکانیں اور سرکاری اسپتال میں لاکھو ں روپئے کا سازوسامان اڑالیا۔ نقب زنوں نے گزشتہ شب نورباغ میں ایک کریانہ دوکان سے لاکھوں روپے مالیت کا سازوسامان اڑالیا۔دوکان کے مالک بشیر احمد ملک نے بتایا کہ جمعرات کی صبح جب وہ دوکان کھولنے کے لئے پہنچا تو انہوں نے دوکان کے شٹر کو توڑاگیا تھا اور دوکان میں موجود لاکھوں روپے کا سازوسامان غائب پایا جن میں سگریٹ سمیت دیگر چیزیں شامل ہیں۔اسی طرح سے چار روز قبل قصبے کے چھوٹا بازار میں چوروں نے غلام جیلانی کنہ کی ہوزری دوکان میں نقب لگائی اور دوکان میں موجود لاکھوں روپے مالیت کے ہوزری سامان اور دوسری قیمتی چیزوں کواڑا لیا۔ اسی طرح گزشتہ ہفتے اقبال مارکیٹ میں قائم زچہ و بچہ اسپتال کو بھی چوروں نے نشانہ بنایا اور اسپتال میں ویکسنیشن کمرے سے بجلی کی تار اور دوسرے قیمتی آلات اڑالئے۔ ٹریڈرس فیڈریشن سوپور کے صدر قاضی حشمت اللہ ہاشمی اور نائب صدر محمد شفیع چنگال نے نقب زنی کی وارداتوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پولیس قصبے میں چوروں کا سراغ لگانے میں ناکام ثابت ہوتی دکھائی دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قصبہ میں آئے روز نقب زنی کی وارداتوں سے تجارت پیشہ افراد تشویش کا شکار ہیں۔اس دوران پولیس ذرائع نے بتایا کہ انہوں نے اس سلسلے میںملوثین کی تلاش شروع کردی ہے۔