تازہ ترین

ٹرمپ کا بوئنگ 737میکس طیاروں کو گراؤنڈ کرنے کا حکم

15 مارچ 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

یو این آئی
واشنگٹن//ایتھوپیا میں ایتھوپین ایئر لائنز طیارہ حادثے کے بعد امریکہ نے بھی بوئنگ سیون تھری سیون میکس اور نائن طیارے گراؤنڈ کردئیے ۔وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ طیارہ فوری طور پر گراؤنڈ کیے جارہے ہیں، ٹرمپ کے اعلان پر کچھ ہی دیر میں امریکی فیڈرل ایوی ایشن اتھارٹی نے ہنگامی حکم نامہ جاری کر دیا۔امریکی ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق ایتھوپیا میں حادثے کے مقام سے جمع شواہد اور سیٹلائٹ سے حاصل ڈیٹا کی روشنی میں طیارے گراؤنڈ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔اس سے پہلے امریکی ایوی ایشن ریگولیٹر نے طیارہ گراؤنڈ کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا تھا کہ طیارے کی کارکردگی میں کوئی خرابی نہیں۔واضح رہے کہ ایتھوپیا میں بوئنگ 737 میکس طیارہ گرنے سے تمام 157 مسافر ہلاک ہوگئے تھے ، پانچ ماہ میں طیارے کو پیش آنے والا یہ دوسراجان لیوا حادثہ تھا، امریکہ سے پہلے چین، ایتھوپیا، انڈونیشیا، سنگاپور، آسٹریلیا، عمان، فرانس اور ہندوستان سمیت تقریباً 50 ممالک بوئنگ 737 میکس طیارے گراؤنڈ کرنے یا اس کے لیے اپنی فضائی حدود بند کرنے کا اعلان کر چکے ہیں۔ خیال رہے کہ ایتھوپین اے ئرلائنز کا بوئنگ 737-800 میکس طیارہ گزشتہ اتوار کو صبح ایتھوپیا میں بشوفتو کے نزدیک حادثہ کا شکار ہوگیا، جس میں طیارہ کے عملہ کے اراکین سمیت اس میں سوار تمام 157لوگ مارے گئے تھے ۔ اس حادثہ کے بعد ہندستانی ڈائٹرکٹر جنرل آف سول ایوی ایشن (ڈی جی سی اے ) نے ملک کے فضائی علاقہ میں میکس کے طیاروں کی پرواز پر پابندی لگا دی تھی۔