تازہ ترین

ریذیڈنسی روڈ پر پھسلن سے راہگیر وں کو مشکلات

11 فروری 2019 (00 : 01 AM)   
(   فائل فوٹو    )

عاقب سلام
سرینگر//برف باری کے تین دن کے بعد بھی حکام شہر کے قلب ریذیڈنسی  روڈ سے برف ہٹانے اور پانی کی نکاسی کا کام ہاتھ میں لینے میں ناکام ہوئے ہیں ۔ فٹ پاتھوں پر سے برف نہ ہٹائے جانے کی وجہ سے اتوار کو سنڈے مارکیٹ میں دکانداروں اور خریداروں کو زبردست مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔متعدد دکانداروں اور چھاپڑی فروشوں نے بتایا کہ انہیں دکانوں تک پہنچنے اور اپنے اسٹال لگانے کیلئے برف کو ہٹانا پڑا۔الطاف احمد نامی ایک چھاپڑی فروش نے بتایا کہ بجائے اس کے کہ وہ خریداروں کی طرف توجہ دیتے ،انہیں خریداروں کے اسٹال تک پہنچنے کیلئے برف کو صاف کرکے پہلے راستہ بنانا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ اتوار کو مارکیٹ میں خریداروں کی بھیڑ ہونے کے مدنظر حکام کو کم سے کم فٹ پاتھوں سے برف ہٹانا چاہیے تھا جہاں چھاپڑی فروش اسٹال لگاتے ہیں ۔خریداروں نے بتایا کہ فٹ پاتھوں پر پھسلن کی وجہ سے ان کے پھسل کرزخمی ہو جانے کا خطرہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایک دوسرے کاہاتھ پکڑ کر فٹ پاتھوں پرچلے ۔اس سے برف ہٹانے میںحکام کی غفلت شعاری کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔ریگل چوک کے ایک چھاپڑی فروش نے بتایا کہ پانی جمع ہونے اور پھسلن کی وجہ سے ہماری تجارت متاثر ہوئی ۔