تازہ ترین

مڈورہ ترال میں محکمہ تعلیم کے خلاف احتجاج

ہائی سکول کا درجہ بڑھانے کی مانگ

11 فروری 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

سید اعجاز
ترال//ترال کے مڈورہ علاقے میں محکمہ تعلیم کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے لوگوں نے ہائی سکول کا درجہ بڑھانے کا مطالبہ کیا۔ احتجاج میں شامل لوگوں نے بتایا کہ اُن کے گائوں میں قائم ہائی سکول کا درجہ بڑھانے میں ہمیشہ امتیاز برتا گیا۔احتجاج میں بزرگوں ،نوجوانوں اور چھوٹے بچوں نے بھی شرکت کی ۔احتجاج میں شامل لوگوں نے ہاتھوں میں بینر اور پلے کارڈ اٹھارکھے تھے جن پرہماری مانگیں پوری کروجیسے نعرے درج تھے۔احتجاج میں شامل کئی معمر شہریوں نے بتایا کہ 1981میںعلاقے میںقائم مڈل سکول کادرجہ ہائی سکول تک بڑھایا گیا۔انہوں نے بتایاکہ محکمہ تعلیم نے گزشتہ چند سالوں کے دوران کئی علاقوں میں ہائرسیکنڈر ی سکول قائم کئے گئے لیکن  ہزاروں نفوس پر مشتمل آبادی ہونے کے باوجود مڈورہ میں سکول کا درجہ نہیں بڑھایا گیا۔ مدثر احمد نامی ایک نوجوان نے بتایا کہ گائوں میں ہائر سیکنڈری سکول نہ ہونے کی وجہ سے علاقے کے طالب علموں کو دشوار گزار راستے طے کر کے بجونی ترال،لرگام،نورپورہ،ڈاڈسرہ وغیرہ علاقوں میں تعلیم حاصل کرنے کے لئے جانا پڑ تا ہے ۔ لوگوں نے اس سلسلے میں انتظامیہ سے مداخلت کی اپیل کی ہے۔