تازہ ترین

مرکزی حکومت ہندوتوا سیاست کو پروان چڑھانے میں مصروف

پاکستان کے اقدامات قابل تعریف:محبوبہ

11 فروری 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

نیو ڈسک
کپوارہ//پی ڈی پی صدر و سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے کہا کہ ہندوستا ن میں جہاں مودی سرکار مسلمانوں کے ناموں سے منسوب شہروںاور تاریخی عمارات کے نام تبدیل کرنے پر تلی ہوئی ہے، وہیں دوسری جانب پڑوسی ملک پاکستان میں اقلیتوں کے حوالے سے قابل تعریف اقدامات اُٹھائے جارہے ہیں۔  پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی(پی ڈی پی)کی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے اتوار کو بتایا کہ پڑوسی ملک پاکستان میں اقلیتوں کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات قابل تعریف ہیں۔ انہوںنے کہا کہ ہندوستان میں موجود ہ بی جے پی حکومت یہاں مسلمانوں کے ناموں سے منسوب تاریخی مقامات اور عمارتوں کے نام تبدیل کرنے کے ساتھ ساتھ مسجد کی جگہ مندر تعمیر کرنے پر تلی ہوئی ہے ۔محبوبہ مفتی نے ان باتوں کااظہارخبررساں ایجنسی کے این ایس کے مدیر اعلیٰ محمد اسلم بٹ کے والد کی رحلت پر سوگوار کنبے کے ساتھ تعزیت پرسی کے بعد میڈیا نمائندوں کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ موجودہ مرکزی سرکار اس وقت ملک بھر میں ہندوتواسیاست کو پروان چڑھانے میں مصروف ہے اور مذہب کے نام پر لوگوں سے ووٹ حاصل کررہی ہے۔انہوں نے بتایا اس قسم کی سیاست کا اثرریاست جموں و کشمیر پر بھی پڑ سکتا ہے ۔محبوبہ مفتی نے بتایا کہ یہاں ہر روز بابری مسجد کو شہید کرنے اور اس کی جگہ مندر تعمیر کرنے کی سیاست کی جا رہی ہے جبکہ مسلمانوں کے نام سے منسوب تمام اہم شہروں،عمارتوں ،مذہبی مقامات کے نام تک تبدیل کئے جا رہے ہیں ۔ پی ڈی پی صدر نے بتایا اس قسم کی سیاست اور طریق کارملک بھر میں انتہا پسندی کو ہوا دے رہی ہے ۔خیال رہے اس سے قبل پی ڈی پی صدر نے سماجی رابطہ سائٹ ٹویٹر پر بھی اسی طرح کے خیالات کا اظہار کیا۔