تازہ ترین

مزید خبرں

10 فروری 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

پونچھ میں او بی سی طبقہ کا اجلاس ،طلباء کیلئے وظائف اور ہوسٹلوں کا مطالبہ

حسین محتشم 
 
پونچھ//او بی سی طبقہ کی تنظیم کا ایک اجلاس زیر صدارت صدر نذیر احمدمنعقد کیا گیا۔ اس موقعہ پرمقررین نے اس بات پر سخت برہمی کا اظہارکیاکہ ان کے بچوں کو نہ ہی وظائف دیئے جاتے ہیں اور نہ ہی کہیں ہوسٹل کی سہولت ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پنچایتی انتخابات میں ہر طبقہ کے لئے یہاں تک کہ خواتین کے لئے سیٹیں ریزرور کی گئیں مگر او بی سی طبقہ کونظرانداز کردیا گیا۔انہوں نے کہا کہ ایم ایل سی کے لئے ہر طبقہ سے تین تین افراد کو لیا جاتا ہے لیکن ابھی تک او بی سی کوایوان بالا میں کوئی نمائندگی نہیں ملی ۔ان کاکہناتھاکہ سروے کرواکر طبقہ کی آبادی کے حساب سے اس کی ترقی کیلئے اقدامات کئے جائیں اور ہوسٹلوں کی تعمیر کے ساتھ ساتھ بچوں کو سکولوں میں ریزرویشن دی جائے ۔انہوں نے کہاکہ وہ گورنر کے پہاڑی طبقہ کو ریزرویشن دینے کے فیصلے کی سراہنا کرتے ہیں مگر ساتھ ہی یہ امید بھی کرتے ہیں کہ اوبی سی طبقہ کو بھی انصاف فراہم کیاجائے گا۔اس موقعہ پر ضلع جنرل سیکریٹری محمد بشیر مغل،محمد سلیم، کبیر حسین وغیرہ بھی موجود تھے۔
 

نوجوان کی نعش گھر میں لٹکی ہوئی ملی 

نیوز ڈیسک
 
راجوری //راجوری کے فتح پور ڈنہ علاقے میں ایک نوجوان کی نعش اس کے اپنے ہی گھر کے اندر لٹکی ہوئی پائی گئی ۔اس کی شناخت ماہر احمد ولد شکیل احمد ساکن فتح پور ڈنہ کے طور پر ہوئی ہے ۔پولیس ذرائع کے مطابق اس کی نعش کو صبح گھر کے اندر لٹکے ہوئے پایاگیا جس کی اطلاع پولیس کو دی گئی جس پر پولیس نے نعش اپنی تحویل میں لیکر قانونی لوازمات اد اکئے ۔اس سلسلے میں پولیس نے کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی ہے ۔
 

تھنہ منڈی میں صفائی مہم جاری 

طارق شال
تھنہ منڈی// میونسپل کمیٹی تھنہ منڈی کی حدود میں سوچھ بھارت مشن کے تحت شروع کی گئی صفائی مہم پچھلے کئی روز سے جاری ہے ۔ سنیچر کے روز صدر میونسپل کمیٹی تھنہ منڈی شکیل احمد میر کی ہدایت پر سینٹری انسپکٹر ریاض احمد نے خاکروبوں اور کیجول لیبرز صفائی کرمچاریوں کے ہمراہ ٹائون ہال تا مڈل اسکول تھنہ منڈی تک نالے کی صفائی کروائی اورنالے میں پڑے کوڑا کرکٹ کو اٹھاکر ٹھکانے لگایا۔ریاض احمد نے عوام سے اپیل کی کہ وہ گندگی کو مناسب ڈھنگ سے ٹھکانے لگائیں اور اسے گھر کے صحن میں جمع رکھیں نہ کہ نالیوں میں پھینک دیں ۔ صفائی مہم میں میونسپل کمیٹی کے خلاف ورزی اسسٹنٹ شوکت حیات شال ا ور بھاجپا کارکن نعیم احمد گنائی بھی شامل تھے ۔
 

راجوری کے 3طلاب کی دستار بندی 

کوٹرنکہ //جامعہ اشرفیہ مبارک پور اعظم گڑھ یوپی میں دستار بندی کی تقریب منعقد ہوئی جس دوران راجوری کے تین طلاب کی دستار بندی بھی ہوئی ۔اس تقریب کے دوران دلہوٹ راجوری کے مولانا محمد حنیف مصباحی،نگروٹہ راجوری کے مولانا محمد شاہویز خان اور کرہڈ راجوری کے مولانا زبیر حسین کے سروں پر دستارپہنائی گئی جنہوں نے اپنی تعلیم مکمل کرلی ہے۔
 

نریگا کے سالانہ منصوبے کو حتمی شکل دی گئی 

منجاکوٹ//پرویز خان //بلاک ڈیولپمنٹ افسر منجاکوٹ کی ہدایت پر پنچایت اپر راجدھانی کیلئے مہاتماگاندھی نریگا کے سالانہ منصوبے 2019-20کو حتمی شکل دی گئی ۔اس سلسلے میں پنچایت میں ایک اجلاس منعقد ہواجس میں پنچایتی نمائندگان کے علاوہ عام لوگوں نے بھی شرکت کی ۔ متعلقہ پنچایت سیکریٹری نے پلان کے علاوہ ایس بی ایم اسکیموں کے بارے میں بھی لوگوں کو جانکاری دی۔
 

کسانوں کی بیداری کیلئے کیمپ منعقد

نوشہرہ//رمیش کیسر //سرحدی گائوں کلال میں محکمہ زراعت نوشہرہ کی جانب سے مقامی کسانوں کیلئے یک روزہ بیداری کیمپ کا انعقاد کیاگیاجس دوران کسانوں کو جدید طرز کی کھیتی باڑی تکنیک کے بارے میں بیدا رکیاگیا۔اس موقعہ پربولتے ہوئے ایس ڈی اے نوشہرہ سریش کمار نے کہاکہ محکمہ کے پاس اب جدید طریز کی کھیتی باڑی کرنے کیلئے کئی طریقہ کار آئے ہیں جن کو اپنا کر کسان فصل کی پیداوار میں اضافہ کرسکتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ کسانوں کو دیگرریاستوں سے بھی تجربات حاصل کروائے جارہے ہیں ۔اس دوران کسانوں میں سبزیوں کے بیج بھی تقسیم کئے گئے ۔
 

رہبر کھیل فورم کے چنائو،آفریدی صدر منتخب 

حسین محتشم
 
پونچھ//رہبر کھیل کے اساتذہ کا ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں ضلع پونچھ کے سبھی گیارہ زونوں سے رہبر کھیل اساتذہ نے شرکت کی ۔اس دوران پرویز ملک آفریدی کو ضلع صدر پونچھ منتخب کرلیاگیا۔اساتذہ کا کہنا تھا پرویز ملک آفریدی نے ہمیشہ رہبر کھیل کے لئے جدوجہد کی اور وہی اس فورم کو اچھی طرح سے چلاسکتے ہیں۔نو منتخب صدر نے کہاکہ گورنرانتظامیہ کی طرف سے حال ہی میں رہبر کھیل تعینات کئے گئے ہیں اور تعلیم یافتہ نوجوانوں کو بھرتی کیاگیاہے ۔انہوں نے اساتذہ سے اپیل کی کہ وہ اپنے اپنے اسکولوں میں ایمانداری سے کام کریں۔ اس دوران با اتفاق رائے منظور لون کو نائب صدر، شبیر حسین اور محمد شبیر ملک کو خزانچی،گگن دیب سنگھ کو سکریٹری ، عمران حسین شاہ کواسپیکر ، اسرار خان کو سکریٹری ،فہیم خان کو جنرل سکریٹری،عمران فاضلی اوراعجاز ملک کو کمیٹی کو ممبران بنایاگیا۔
 

کشمیر عظمیٰ کے رکن کو صدمہ نانی انتقال کرگئیں

جموں//کشمیرعظمیٰ جموں کے ادارتی عملے کے رکن یٰسین جنجوعہ کی نانی 90سال کی عمر میں انتقال کرگئیں ۔مرحومہ حسن بانو زوجہ مرحوم عالم حسین مینڈھر کے کیری کانگڑہ علاقے سے تعلق رکھتی تھیںجو دوسالہ علالت کے بعد سنیچر کی شام انتقال کرگئیں ۔ان کی نماز جنازہ آج سہ پہر دو بجے آبائی قبرستان کیری کانگڑہ میں اد اکی جائے گی ۔مرحومہ کے پسماندگان میں تین فرزندان اور چار بیٹیاں ہیں ۔اس سلسلے میں کشمیرعظمیٰ کے جموں دفتر میں ایک تعزیتی اجلاس منعقد ہواجس دوران مرحومہ کی موت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے یٰسین جنجوعہ کے ساتھ ہمدردی ظاہر کی گئی ۔اس موقعہ پر مرحومہ کی روح کی تسکین کیلئے دعائے مغفرت بھی کی گئی۔