تازہ ترین

دیرہ گلی روڈ 17 روز سے بند

10 فروری 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

طارق شال

تھنہ منڈی// راجوری اور پونچھ کو آپس میں ملانے والی متبادل روڈ براستہ دیرہ گلی گزشتہ 17 روز سے بند ہے۔ حالیہ برف باری کے دوران گرنے والے سبز درخت گریف حکام کے لئے سب سے بڑی رکاوٹ کا باعث بنے ہوئے ہیں ۔دیرہ گلی ایک صحت افزا مقام ہے جو تھنہ منڈی سے صرف 11 کلو میٹر کی دوری پرواقع ہے۔یہ روڈ ضلع پونچھ کیلئے ایک متبادل اوربفلیاز سرنکوٹ وتھنہ منڈی کے درمیان واحد رابطہ ہے۔بفلیاز، سیالاں، بہرام گلہ،چنڈی مڑھ اور ڈوگراں کے عوام کیلئے اس سڑک پر سفر کرنا نہایت ہی آسان ہے نہیں تو انہیں پہلے بھمبر گلی اور پھر وہا ں سے راجوری سے ہوکر تھنہ منڈی پہنچناپڑتاہے ۔ حالیہ برف باری سے دیرہ گلی کے مقام پر پانچ سے چھ فٹ برف جمع ہوئی جس دوران کئی درخت بھی ٹوٹ کر سڑک پر گر گئے جس کی وجہ سے گاڑیوں کی آمدورفت بحال نہیں کی جاسکی ہے۔ سنیچر کے روز گریف حکام نے اس سڑک سے برف ہٹانے کا کام جاری رکھا لیکن چند کلو میٹر سے برف صاف کی جاسکی ہے۔ گریف حکام نے بتا یا کہ درخت برف کی وجہ سے ٹوٹ کر گرے ہوئے ہیں اور دو ٹپر بھی برف میں پھنسے ہیں۔ حکام کے مطابق اتوار کی شام تک روڈ کو آمدورفت کے قابل بنایاجاسکتاہے ۔