تازہ ترین

پیرپنچال نے بھی آستینیں چڑھا لیں

احتجاجی راستہ بھی اختیار کیا جاسکتاہے:ذوالفقار

10 فروری 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

راجوری /سمت بھارگو/پی ڈی پی نے خطہ پیر پنچال کیلئے علیحدہ صوبے کا مطالبہ کرتے ہوئے انتباہ دیاہے کہ اگر یہ مانگ پوری نہ ہوئی تو خطے کے عوام کوئی دوسرا راستہ بھی اختیار کرسکتے ہیں ۔راجوری میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پی ڈی پی کے سابق وزیر چوہدری ذوالفقار علی اورسابق ممبراسمبلی قمر حسین نے کہاکہ خطہ پیر پنچال کیلئے صوبے کی منظوری ایک جائز اقدام ہوگا اور لوگ اس کی دہائیوں سے مانگ کررہے ہیں ۔ذوالفقار علی نے کہاکہ جموں پونچھ شاہراہ کی فورلیننگ کواکھنور تک روک لینا،ریلوے لائن کو منظوری نہ دینااور رقومات کی منظوری نہ ہونا خطے کے ساتھ امتیاز کی بدترین مثال ہے۔ان کاکہناتھاکہ اس خطے کے عوام نے ہمیشہ قومی یکجہتی کا مظاہرہ کیا اور جمہوریت کو زندہ رکھا لیکن حکومت پھر انہیں ہر محاذ پر نظرانداز کررہی ہے اور جائز مطالبات بھی پورے نہیں کئے جارہے ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت فوری طور پر اقدامات کرتے ہوئے خطے کو صوبے کادرجہ دینے کو منظوری دے ۔ذوالفقار نے کہاکہ خطہ پیر پنچال کے لوگ اپنے مطالبات پورے کروانے کیلئے دوسرے راستوں کا بھی انتخاب کرسکتے ہیں ۔ان کاکہناتھاکہ لوگوں کے جمہوری عمل میںبڑھ چڑھ کر شرکت کرنے کے باوجود جائز مطالبات پورے نہیں ہورہے تو پھر لوگ ان مطالبات کو پورا کرانے کیلئے دوسرے راستوں کا انتخاب کرسکتے ہیں۔ انہوں نے راجوری پونچھ کے تمام سیاسی لیڈروں سے اپیل کی کہ وہ ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوں اور متحد ہوکر لڑائی لڑیں۔ ذوالفقار نے دعویٰ کیاکہ خطے کو ڈیویژن کا درجہ دینے کا منصوبہ پی ڈی پی کا ایجنڈاتھا تاہم حکومت میں شامل بی جے پی نے اس عمل میں رکاوٹیں کھڑی کیں ۔اس موقعہ پر قمر حسین نے کہاکہ راجوری پونچھ اضلاع ہندوستان کے کونے پر واقع ہیں جن کے ساتھ وقت بروقت قائم ہونے والی حکومتوں کے دور میں زیادتیاں ہوئیں ۔انہوںنے کہاکہ خطے کے لوگ جائز مانگیں اجاگر کررہے ہیں جو پوری کی جانی چاہئیں ۔