تازہ ترین

تہاڑ جیل میں پھانسی کی چھٹی برسی, افضل گورو کی یاد میں ہڑتال

شہر میں بندشیں ،شمال و جنوب میں سناٹا،گیلانی، میرواعظ اور ملک خانہ وتھانہ نظر بند

10 فروری 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

بلال فرقانی
سرینگر// مزاحمتی قیادت کی طرف سے محمد افضل گورو کی چھٹی برسی پر مکمل ہڑتال کی کال کے بیچ گھنٹہ گھر لالچوک کو سیل کرنے کے علاوہ سوپور کے کچھ علاقوںمیں بندشیں عائد کی گئیں ۔ ممکنہ احتجاجی مظاہروں کو روکنے کیلئے کپوارہ سے قاضی گنڈ تک اضافی فورسز و پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا،جبکہ مزاحمتی لیڈروں کو خانہ و تھانہ نظر بند رکھا گیا۔ ہڑتال کی وجہ سے کاروباری سرگرمیاں اور ٹریفک کی نقل وحرکت بھی بند رہی جبکہ احتیاتی طور ریل سروس کو بھی معطل کیا گیا۔

ہڑتال وناکہ بندی

مشترکہ مزاحتمی قیادت بشمول سید علی گیلانی، میرواعظ عمر فاروق، محمد یاسین ملک نے پارلیمنٹ حملے میں ملوث قرار دیے گئے محمد افضل گوروکی برسی کی مناسبت سے سنیچر کونہ صرف ہڑتال کی کال دی تھی بلکہ مرحوم کی باقیات کی واپسی کے حق میں مختلف مقامات پر احتجاجی مظاہرے اور تعزیتی و دعائیہ تقاریب منعقد کرنے کا اعلان کیا تھا۔ محمد افضل گورو کے آبائی علاقہ جاگیر دو آب گاہ سوپور کو پولیس اور فورسز نے چاروں اطراف سے سیل کر کے رکھا تھا ۔ پائین شہرکے خانیار، نوہٹہ، مہاراج گنج،رعناواری اورصفاکدل کے ساتھ ساتھ پولیس اسٹیشن مائسمہ اور کرالہ کھڈ کے تحت آنے والے علاقوں میں اضافی فورسز و پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا تھا اور انہیں کسی بھی طرح کی ممکنہ صورتحال سے نپٹنے کیلئے متحرک رہنے کی ہدایت دی گئی تھی۔سوپور سے نامہ نگار غلام محمد نے بتایا کہ کشمیر بند کی کال کے پیش نظر گورو کے آبائی قصبہ سوپور میں بھی مکمل ہڑتال رہی تام کاروباری ادارے ،سرکاری دفاتر اور پیٹرول پمپ بند رہے۔مرحوم گورو کی چھٹی برسی کے پیش نظر قصبہ سوپور میں صبح سے ہی فورسز کی اضافی تعینات عمل میں لائی ۔ محمد افضل گورو کے آبائی علاقے دوآبگاہ سیر جاگیر میں تعزیتی مجالس کا سلسلہ دن بھر جاری رہا،جس میں مزاحمتی کارکنوں اور لیڈروں کے علاوہ مختلف طبقہ ہائے فکر سے وابستہ لوگوں نے شرکت کی۔نمائندے کے مطابق بارہمولہ میں ہڑتال کے دوران تمام طرح کی سرگرمیاں متاثر ہوئیں۔ پائین شہر کے چپے چپے پر پولیس اورسی آر پی ایف اہلکاروںکی تعیناتی عمل میں لائی گئی تھی ۔ لال چوک ،ریگل چوک ،کوکر بازار ،آبی گذر ،کورٹ روڈ ،بڈشاہ چوک ،ہری سنگھ ہائی اسٹریٹ ،مہاراجہ بازار ،بٹہ مالو اور دیگر اہم بازاروں میں تمام دکانیں اور کاروباری ادارے مقفل رہے اور ٹرانسپورٹ سروس معطل رہی،جبکہ گھنٹہ گھر کو سیل کرنے کے علاوہ اس طرف جانے کو ممنوع قرار دیا گیا تھا۔ شہرمیں ہر قسم کی سرگر میاں متاثر رہیں اور لوگوں نے زیادہ ترگھروں میں ہی رہنے کو ترجیح دی جس کی وجہ سے شہر میں خاموشی چھائی رہی اور اسکے گردونواح میں کاروباری سرگرمیاں معطل رہیں۔ ممکنہ احتجاجی مظاہروں کے پیش نظر مائسمہ میں صبح سے ہی سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے تھے حساس علاقوں میں پولیس اور سی آر پی ایف اہلکاروں کو تمام ضروری ساز و سامان سے لیس کرتے ہوئے تعینات کر دیا گیا تھا۔ مزاحتمی قیادت کی ہڑتالی کال پر شہر اور اسکے گردونواح میں کاروباری سرگرمیاں معطل رہیں، دکانیں، تجارتی مراکزا ور دفاتر وغیرہ بند رہے جبکہ گاڑیوں کی آمدروفت بھی بری طرح سے متاثر رہی،البتہ کچھ مقامات پر چھوٹی مسافر اور پرائیویٹ گاڑیاں سڑکوں پر نظر آئیں۔ مجموعی طور افضل گورو کی برسی کی مناسبت سے وا دی کے دیگر اضلاع اور قصبہ جات میں مزاحتمی لیڈران کی اپیل پر مکمل اور ہمہ گیر ہڑتال رہی۔ نامہ نگار ملک عبدسلام کے مطابق جنوبی کشمیر کے چاروں اضلاع شوپیاں،پلوامہ،کولگام اور اسلام آباد(اننت ناگ) میں دکانیں، کاروباری ادارے، سرکاری و غیر سرکاری دفاتر ،پیٹرول پمپ اور دیگر ادارے بند رہے جبکہ گاڑیوں کی نقل و حرکت بھی ٹھپ ہوکر رہ گئی۔بین ضلعی روٹوں پر بھی پبلک ٹرانسپورٹ سروس نہ ہونے کے برابر تھی۔ مکمل و ہمہ گیر ہڑتال کی وجہ سے تمام کاروباری سرگرمیاں معطل ہوکر رہ گئیں ، سڑکیں بھی دن بھر سنسان اور بازار ویران نظر آئے ۔ ہرتال کی کال کے بیچ شوپان میں مکمل ہڑتال رہی تمام تر دکانیں اور کاروباری ادارے بند رہے اور سڑکوں پر ٹریفک غائب رہا۔گاندربل سے نمائندے ارشاد احمد کے مطابق ضلع گاندربل میں مکمل ہڑتال رہی رہی۔گاندربل،کنگن،صفاپورہ،تولہ مولہ،صفاپورہ ،گنڈسمیت دیگر علاقوں میں دوکانیں بند رہی۔ وسطی ضلع بڈگام کے چاڈورہ بیروہ اور خانصاحب کے علاوہ چرار شریف میں بھی مکمل ہڑتال سے عام زندگی کا کاروبار ٹھپ ہوکر رہ گیا۔نامہ نگار عازم جان کے مطابق بانڈی پورہ بازار کلوسہ نادی ہل اجس حاجن نائدکھے، صدرکوٹ بالا وٹہ پورہ سمبل اشٹنگو کہنوسہ آلوسہ میں مکمل طور پر ہڑتال رہی ۔کپوارہ سے نامہ نگار اشرف چراغ نے اطلاع دی ہے کہ افضل گورو کی چھٹی برسی پر حریت کی مشترکہ قیادت کی کال پر ضلع میں مکمل ہڑتا ل رہی جس کی وجہ سے عام زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ۔ضلع کے کرالہ گنڈ ،لنگیٹ ،ہندوارہ ،چوگل ،کولنگام ،کپوارہ ،لال پورہ ،ترہگام اور کرالہ پورہ میں مکمل ہڑتال کی وجہ سے تمام کارو باری سر گرمیاں ٹھپ ہو کر رہ گئیں اور سڑکو ں پر پبلک ٹرانسپورٹ غائب رہا۔ ہڑتال کال کے پیش نظر بانہال ،بارہمولہ ریل سروس کو بھی احتیاتی طور پر معطل کیا گیا۔

 تھانہ و خانہ نظر بندی

حریت(گ) چیئرمین سید علی گیلانی گھر میں بدستور خانہ نظر بند رہے جبکہ میر واعظ عمر فاروق، اورمحمد اشرف صحرائی کو بھی گھرو ںمیں بند رکھا گیا۔ لبریشن فرنٹ چیئرمین محمد یاسین ملک کو پہلے ہی غلام رسول ڈار کے ہمراہ گرفتار کیا گیا تھا۔اس دوران لبریشن فرنٹ کے سنیئر لیڈراں شوکت احمد بخشی،نور محمد کلوال اور محمد سلیم ننھا جی کے علاوہ پیپلز لیگ کے نائب چیئرمین محمد یاسین عطائی،تحریک حریت کے امتیاز حیدر اور دیگر مزاحمتی کارکنوںکو بھی انکی رہائش گاہوں سے جمعہ کی شب حراست میں لیا گیا۔حریت (ع) کے انجینئر ہلال احمد وار،مختار احمد وازہ اور دیگر لیڈروں کو بھی خانہ و تھانہ نظر بند رکھا گیا۔ سالویشن مومنٹ کے چیئرمین ظفر اکبر بٹ کو پولیس نے سوپور جاتے ہوئے حراست میں لیا۔