تازہ ترین

اچھا ہوتاشاہ فیصل سرکاری خدمات جاری رکھتے:گورنر

13 جنوری 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

جموں//سابق آئی اے ایس آفیسر ڈاکٹر شاہ فیصل کے حالیہ استعفیٰ پر گورنر ستیہ پال ملک نے کہا ہے کہ شاہ فیصل ایک قابل اور بااعتماد آفیسر تھے جنہوںنے ریاست کے لوگوں کی بہبودی کے لئے اپنی خدمات انتہائی لگن اور تن دہی سے انجام دی۔ گورنر نے مزید کہاکہ شاہ فیصل نے سماج کے کمزور طبقوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی بہبودی کے لئے بھی انتھک کوششیں کیں۔اُنہوں نے مزید کہا کہ اگر ڈاکٹر شاہ فیصل اپنی سرکاری خدمات جاری رکھتے وہ سماج کی بہتری کے لئے اور زیادہ اہم اقدامات انجام دیتے۔جہاں تک سابق آئی اے ایس آفیسر کے کشمیری قوم کے ساتھ اُن کے جذبات و احساسات کا تعلق ہے ، اُس سلسلے میں انہیں خطے میں تعینات کر کے نادار اور غریب لوگوں کی اقتصادی و معاشی حالت کو بہتر بنانے اور وادی کے نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع معرض وجود میں لانے کے بھی اقدامات ممکن بنا ئے جاسکتے تھے تاکہ ریاست کے لوگ خوشحال اور بہتر زندگی گزارنے کے اہل ہوجاتے۔ڈاکٹر شاہ فیصل کے سیاست میں آنے کے فیصلے کا ذکرکرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ ڈاکٹر شاہ فیصل سیاست میں آنے کے بغیر بھی لوگوں کی بہتری کے لئے اعلیٰ خدمات انجام دے سکتے تھے ۔گورنر نے کہاکہ شاہ فیصل کو نوجوانوں کے خواہشات اور اُن کی تمنائیں جاننے کے لئے اُن سے رابطہ کرناہوگااوران کے مشکلات دُور کرنے اور شکایات کے ازالے کے لئے اُنہیں ایک نیا ماحول پیدا کرنے کی کوشش کرنی ہوگی۔گورنر نے مزید کہا کہ ڈاکٹر شاہ فیصل سیاست میں آنے کے بجائے ایک ممتاز آفیسر کی حیثیت سے بہتر خدمات انجام دے سکتے تھے۔ تاہم گورنر نے کہا کہ وہ شاہ فیصل کو اُن کے مستقبل کی کاوشوں کے لئے کوئی صلاح دینا ضروری نہیں سمجھتے ہیں لیکن اُن کے لئے ہمیشہ میری نیک خواہشات ساتھ ہوں گی۔گورنر نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ مجھے خوشی ہوگی اگر میری ان سے ملاقات ہو یا وہ نوجوانوں کے مسائل حل کرنے کے لئے وہ میرے پاس آئیں۔