تازہ ترین

آج سے موسم پھر تبدیل ہوگا، شاہراہ 3گھنٹے تک بند رہی،کئی پروازیں بھی منسوخ

پیر پنچال کے آر پار بارشیں اور ہلکی و بھاری برفباری

13 جنوری 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

اشفاق سعید +محمد تسکین
 سرینگر+بانہال //پیر پنچال کے آر پار بالائی اور میدانی علاقوں میں بارشوں اور ہلکی برف باری کی وجہ سے سنیچر کو جموں سرینگر شاہراہ گاڑیوں کی آمدورفت جبکہ سرینگر کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر فضائی ٹریفک بری طرح متاثر رہا۔ آج شاہراہ پر صرف درماندہ گاڑیوں کو چلنے کی اجازت دی جائے گی۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج دوپہر سے موسم میں تبدیلی آئے گی ۔ائرپورٹ حکام کے مطابق سنیچرکو 3 پروازیں منسوخ کی گئیں جبکہ کئی میں تاخیر ہوئی۔

 سرینگر و وسطی کشمیر 

شہر سرینگر اور بڈگام میں دن بھر موسم ابرآلودرہا اور وقفے وقفے سے بارشیں بھی ہوتی رہیں ۔اگر چہ درجہ حرارت میں بہتری آئی تاہم سردی میں بہت اضافہ ہوا۔گاندربل سے ارشاد احمد کے مطابق ضلع میں 6 انچ سے زیادہ برفباری ہوئی جبکہ کنگن میں 8 انچ تازہ برف ریکارڈ کی گئی ،گنڈ میں ایک فٹ گگن گیر میں ڈیڑھ فٹ تازہ برفباری ہوئی اس دوران سونہ مرگ کے میدانی اور بالائی علاقوں میں 2فٹ تازہ برف جمع ہوئی ہے ۔

شمالی کشمیر

بانڈی پورہ سے عازم جان کے مطابق ضلع کے بالائی اور میدانی علاقوں میںتین روز سے جاری برف باری کا سلسلہ سنیچر کو بھی جاری رہا ۔ تازہ برف باری کی وجہ سے گریز بانڈی پورہ سڑک کے کھلنے کے امکان بھی کم ہی نظر آرہے ہیں۔ محکمہ بیکن کا کہنا ہے کہ شاہراہ پر قریب 2فٹ تازہ برف جمع ہے ۔بارہمولہ سے نمائندے فیاص بخاری کے مطابق ضلع کے ٹنگمرگ ،گلمرگ ، حاجی بل ، نارواو ، سوپور، پٹن ، رفیع آباد، اور دیگر کئی علاقوں میں برفباری ہوئی ۔ گلمرگ ،بابا ریشی ،حاجی بل میں ایک فٹ سے زیادہ تازہ برف جمع ہوئی ہے ۔اوڑی سے نمائندے ظفر اقبال کے مطابق وہاں برف باری کا سلسلہ سنیچر کو دوسرے روز بھی جاری رہا ۔برف باری کی وجہ سے بجہامہ سے مایاں،مقام پیرنیاں، براری پورہ، لچھی پورہ گاوں کی ربطہ سڑک بند ہو گئیں جبکہ ترکانجن سے ددرن گاﺅں اور میدان بونیار سے گگڑ ہل ، جبڈ ی ، کو ر ا لی ، چوٹالی، سمالی گاﺅں کی رابطہ سڑک پچھلی برف باری کے بعد سے ابھی تک بند ہیں ۔ادھر گزشتہ رات سے اوڑی کے نامبلہ، بلکوٹ، موٹھل، ہتھلنگا، صورہ،سلیکوٹ، گھرکوٹ، چرنڈہ، وغیرہ گاوں میں بجلی غائب ہے۔کپوارہ سے نمائندے اشرف چراغ نے اطلاع دی ہے کہ چوکی بل کرناہ سڑک گاڑیوں کی آمد رفت کے لئے بند ہو گئی جبکہ کیرن مژھل جمہ گنڈ اور مژھل کو جانے والی سڑکیں بھاری برف باری کے نتیجے میں گزشتہ 8 روز سے بند پڑی ہیں ۔ضلع انتظامیہ نے کرناہ، کیرن، چوکی بل،مژھل اور دیگر بالائی علاقوں کے لوگوں کو خبر دار کیا گیا کہ وہ بھاری برف باری کے دوران چلنے پھرنے میں احتیاط کریں کیونکہ ان علاقوں میں پسیاں گر آنے کا خطرہ لاحق ہے۔

جنوبی کشمیر 

اننت ناگ سے عارف بلوچ کے مطابق ضلع میں سنیچر کو بھی وقفے وقفے سے بارشیں اور برف باری کا سلسلہ جاری رہا ۔ضلع کے پہاڑی علاقوں میں درمیانہ درجہ اور میدانی علاقوں میں بارشیں ہوئیں ، پہلگام ، گڈول ، کپرن اور دیگر علاقوں میں برف باری کے سبب لوگوں کو مشکلات درپیش رہیں ۔ادھر ضلع پلوامہ میں بھی دن بھر وقفے وقفے سے بارشیں ہوتی رہیں ۔شوپیاں سے شاہد ٹاک کے مطابق ضلع کے بالائی علاقوں ہیر پورہ ، سدھو ، چھوٹی پورہ ، پاد پاون ، کیلر ، ابہامہ ، نالہ پورہ ، امام صاحب ، چتراگام ، راولپورہ ،دانگام ، کاپرن میں چار انچ جبکہ مغل روڑ پر تازہ ایک سے ڈیڑھ فٹ تازہ برف جمع ہوئی ۔کولگام سے خالد جاوید کے مطابق دھمال ہانجی پورہ کے اوپری علاقوں میں سنیچر کو دن بھر ہلکی برف باری ہوئی اور یہ سلسلہ شام دیر گئے تک جاری تھا ۔

بانہال

 گذشتہ دو روز سے جواہر ٹنل کے دونوں طرف ہورہی ہلکی برفباری اور برف سے پیدا ہوئی پھسلن کی وجہ سے جموں سرینگر شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت سنیچر کو دوسرے روز بھی وقفے وقفے سے متاثر رہی ۔ سنیچر کی صبح سے دوپہر گیارہ بجے تک ٹریفک کی آمدورفت بغیر خلل کے جاری رہی تاہم گیارہ بجے کے بعد بانہال ٹنل کے دونوں طرف برفباری اور پھسلن کی وجہ سے رام بن اور بانہال کے درمیان مال اور مسافر گاڑیوں کو روک دیا گیا اور دوپہر دو بجے بعد ہی اسے دوبارہ بحال کیا گیا۔تاہم ادہمپور سے وادی کی طرف آنے والی گاڑیوں کو روک دیا گیا۔ڈی ایس پی ٹریفک بانہال پردیپ سنگھ سین نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ہفتے کی شام تک رام بن اور بانہال کے درمیان کسی بھی قسم کا ٹریفک درماندہ نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ آج شام تک ٹنل کے علاقے میں ہلکی برفباری جبکہ میدانی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری تھا۔

محکمہ موسمیات 

محکمہ موسمیات کے ڈپٹی ڈائریکٹر مختار احمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ آج دوپہر سے موسم میں تبدیلی آئے گی ۔انہوں نے کہا موسم خشک رہنے کے بعد کم سے کم درجہ حرارت میں بھی گراوٹ دیکھنے کو ملے گی۔