وومنزڈیولپمنٹ کارپوریشن کے بورڈ آف ڈائریکٹرس کی میٹنگ

خورشیدگنائی کاخواتین کیلئے روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا کرنے پر زور

13 جنوری 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

نیو ڈسک
جموں//گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی نے ریاست میں خواتین طبقے کے مفادات کو بڑھاواد دینے کے لئے وومن کارپوریشن کے رول کو اُجاگر کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کے لئے روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا کرنے کی ضرورت ہے تاکہ وہ باعزت زندگی گزار سکیں۔اُنہوں نے مزید کہا کہ ایسا کرنے سے ایک طرف خواتین کے معیارِ زندگی میں بہتری آئے گی اور دوسری طرف وہ سماج میں ایک کلیدی رول ادا کرسکیں گی۔مشیر موصوف جو جموں وکشمیر وومنز ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے چیئر مین بھی ہیں ، نے اِن باتوں کا اِظہار یہاں کارپوریشن کے بورڈ آف ڈائریکٹرس کی 24ویں میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پرنسپل سیکرٹری خزانہ نوین کمار چودھری، سیکرٹری سماجی بہبود ڈاکٹر فاروق احمد لون، ڈی جی پلاننگ ڈیولپمنٹ اینڈ مونیٹرنگ شہزادہ بلال احمد ، ایم ڈی جے کے ڈبلیو ڈی سی ناہید سوز اور کئی دیگر افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔میٹنگ میں جانکاری دی گئی کہ کارپوریشن خواتین طبقے کی سماجی و اقتصادی ترقی یقینی بنانے کے لئے کئی سکیمیں چلا رہی ہے اور اس دوران بی پی ایل کنبوں کی طرف خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔بور ڈ نے پانچ سالہ منصوبے کی حصولیابیوں اور ڈبلیو ڈی سی کی سرگرمیوں پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا اور بورڈ کی 23ویں میٹنگ کے دوران لئے گئے فیصلہ جات پر ہوئی کارروائی کو بھی زیر بحث لایا۔تفصیلی تبادلہ خیال کے بعد بورڈ نے کارپوریشن کی بہتر نظامت کے حوالے سے کئی اہم فیصلے لئے جن میں ساتویں تنخواہ کمیشن کی عمل آوری ، جے کے ڈبلیو ڈی سی کے اشیاء کے برانڈ نام اور جموں میں آفس کمپلیکس کی تعمیر کے لئے اراضی حاصل کرنا جیسے معاملات شامل ہیں۔چیئرمین موصوف نے کارپوریشن سے کہا کہ وہ خواتین کار خانہ داروں کی نشاندہی کر کے اُنہیں فروغ دیں۔اُنہوں نے کہا کہ بیداری کیمپوں کا بھی اِنعقاد کیا جانا چاہیئے تاکہ دُور دراز علاقوں میں خواتین کو مکمل طور سے بااختیار بنایا جاسکے اور خواتین کارپوریشن کی سکیموں سے اِستفادہ کرسکیں۔چیئرمین نے کارپوریشن سے کہا کہ وہ قومی اور ریاستی سطح کے تجارتی میلوں اور نمائشوں میں شرکت کر کے مستحق خواتین کے اشیاء کوفروخت کریں۔اس سے قبل کارپوریشن کی ایم ڈی نے جانکاری دی کہ کارپوریشن نے مختلف سکیموں کے تحت 15076 مستحقین میں 136.61کروڑ روپے تقسیم کئے ہیں ۔ علاوہ ازیں 7023 مستحقین کو ووکیشنل تربیت دی گئی ہے۔ اُنہو ں نے کارپوریشن کے دیگر کام کاج پر بھی روشنی ڈالی ۔بعد میں خورشید احمد گنائی نے بورڈ کے ارکان کی موجودگی میں سال 2019-20 ء کے لئے کارپوریشن کے سالانہ کیلنڈرکو جاری کیا۔
 

تازہ ترین