تازہ ترین

کشتواڑ میں ’’نور جیون کا بیٹیاں‘‘ مہم کے تحت میڈیا ورکشاپ

مثالی کار کردگی دکھانے والی طالبات کی عزت افزائی کی جائے گی : ڈی سی

13 جنوری 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

نمائندہ عظمیٰ
کشتواڑ//ضلع ترقیاتی کمشنر انگریز سنگھ رانا نے ’’نور جیون کا بیٹیاں‘‘ مہم کے تحت کشتوڑ میں ہفتہ کے روز ایک میڈیا ورکشاپ کا انعقاد کیا۔ورکشاپ میں ایس ایس پی راجندر کمار گپتا، اے ڈی ڈی سی امام دین ، ڈی آئی او محمد اشرف وانی ،نوڈل افسر بی بی بی پی انوپ کمار، ٖڈپٹی سی ایم او ڈاکٹر یعقوب میر کے علاوہ میڈیا سے وابستہ افراد نے بھی شرکت کی۔اس موقعہ پر اپنے خطاب میں ڈی سی نے میڈیا کو بی بی بی پی مہم ضلع میں خصوصاً دور دراز علاقوں جیسے کہ مڑواہ، واڑون ، دچھن ،پاڈر وغیرہ میں پہنچانے کیلئے بیداری پھیلانے میں تعاون دینے پر زور دیا۔تبادلہ خیال کے دوران میڈیاسے وابستہ افراد نے پروگرام کو موثر طریقہ سے لاگو کرنے کے لئے قیمتی صلاح بھی پیش کی، جس دوران بتایا گیا کہ یہ مہم این جی اوزکی خدمت حاصل کرنے ،قابل طالبات کی حوصلہ افزائی کرنے ،تما م محکموں کی جانب سے مثبت رویہ اپنانے ،سماجی و مذہبی رہنمائوںسے والدین کو جانکاری فراہم کرنے ، دو بیٹیوں کے والدین کی عزت افزائی کرنے، لڑکیوں کے لئے خصوصی طور پر ضلع سطح کے مقابلے منعقد کرنے سے کامیاب بنائی جاسکتی ہے۔ ڈی سی نے اس موقعہ پر بتایا کہ ضلع میں نو منتخبہ سرپنچوں و پنچوں کا تربیتی سیشن 15جنوری سے منعقد ہو رہا ہے۔ انہوں نے نوڈل افسر بی بی بی پی کے کو ہدایت دی کہ وہ پنچایتی نمائندگان کو سکیم سے پوری طرح باخبر کریں اور پنچایتی سطح پر نمبر داروں اور چوکیداروں کے اشتراک سے سکیم سے متعلق بیداری پروگرام یقینی طور منعقد کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلع میں متعدد شعبوں میں نمایاں کار کردگی کا مظاہرہ کرنے والی لڑکیوں کو 24جنوری کو اعزاز سے نوازاجائے گا۔ اس سے قبل بی بی بی پی کے نوڈل افسر نے بی بی بی پی سکیم موثر ڈھنگ سے لاگو کرنے میں تمام محکمہ جات اور میڈیا سے وابستہ افراد کو روشناس کروایا۔