تازہ ترین

رام بن ضلع کے سرپنچوں کا وفد گورنر سے ملاقی

13 جنوری 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

ایم ایم پرویز
رام بن//رام بن ضلع سے تعلق رکھنے والے سرپنچوں کے ایک وفد نے حلف لینے کے بعد ہفتہ کے روزراج بھون میں گورنر ستیہ پال ملک کے ساتھ ملاقات کی۔وفد کی قیادت بانہال کے سرپنچ محمد الیاس کر رہے تھے،جنھوں نے گورنر کو ضلع رام بن کے لوگوں کے مسائل سے آگاہ کیا۔وفد نے کہا کہ ضلع میں سڑک رابطہ ،پینے کے پانی اور بجلی ،صحت اور تعلیمی اداروں میں سٹاف کی قلت سے کافی مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔وفد نے ریاست میں پنچایتی اِنتخابات احسن اور منصفانہ طریقے پر منعقد کرانے کے لئے گورنر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اُن سے اپیل کی کہ وہ ریاست میں پنچایتی راج اِداروں کو مستحکم کریں۔وفد نے مقامی سکولوں کو بڑھاوا دینے، سڑکوں پر تار کول بچھانے ، ضلع میں خصوصی پولیس بھرتی مہم چلانے اور دیہی ترقی سے متعلق کئی دیگر امور بھی گورنر کے نوٹس میں لائے۔وفد نے ایم جی نریگا اجرتوں کی ادائیگی کے لئے فنڈز واگُذار کرنے اور پنچایت گھروں کی تجدید و مرمت کا بھی مطالبہ کیا۔وفد میں بانہال، رام سو ،اکھڑال، کھڑی علاقوں کے سرپنچ شامل تھے۔گورنر سے ملاقات کرنے کے بعد وفد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ گورنر موصوف نے انہیں یقین دلایا کہ اُن کے مطالبات پر ہمدردانہ غور کیا جائے گا۔