تازہ ترین

حقائق اور مفاہمت کمیشن کا مطالبہ ، فاروق عبداللہ کے تھیلے کانیا خرگوش:نعیم اختر

13 جنوری 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

نیو ڈسک
سرینگر//پیپلزڈیموکریٹک پارٹی نے نیشنل کانفرنس کے صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ کی طرف سے حقائق اور مفاہمت کے کمیشن کے مطالبے کو حیران کن قراردیتے ہوئے کہاکہ ستم ظریفی یہ ہے کہ جو جماعت آزادی سے لیکر اب تک ریاست کی تباہ کن صورتحال کی ذمہ دار ہے وہ اس کمیشن کے قیام کا مطالبہ کررہی ہے۔ ایک بیان میں پی ڈی پی کے سینئرلیڈراورسابق وزیر نعیم اخترنے کہا کہ  نیشنل کانفرنس کی منافقت کااندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ جس چیزکا مطالبہ فاروق عبداللہ اس وقت کررہے ہیں،وہی مانگ عمرعبداللہ نے اِن ہی الفاظ اور محاورات کے ساتھ2011میں کی تھی جب وہ ریاست کے وزیراعلی تھے۔اس وقت جبکہ انتخابات نزدیک آرہے ہیں ،فاروق عبداللہ وہی پرانا مطالبہ دہرا رہے ہیںتاکہ لوگوں کو بیوقوف بنایا جائے۔اب جبکہ اَٹانومی کے نعرے سے ہوا نکل چکی ہے ،نیشنل کانفرنس مایوسی میں کبھی رام مندر کی تعمیر کا مطالبہ کررہی ہے اور کبھی اور کوئی بے سروپادعوی کرتی ہے ۔نعیم اختر نے کہا کہ حقائق اور مفاہمت کمیشن کا مطالبہ درحقیقت فاروق عبداللہ کے تھیلے کانیا خرگوش ہے،جس سے وہ لوگوں کو محظوظ کرنا چاہتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر المیے کا بنیادی سچ نیشنل کانفرنس کی سیاست ہے اور بہتر یہ ہی ہے کہ عبداللہ گھرانہ کمیشن کے بجائے سچ کو سامنے لاکر لوگوں کے ساتھ بانٹیں۔