تازہ ترین

ڈویژنل کمشنر جموں، ایڈوکیٹ جنرل اور صنعت کاروں کا وفد گورنر سے ملاقی

13 جنوری 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

نیو ڈسک
جموں//ڈویژنل کمشنر جموں سنجیو ورما نے یہاں راج بھون میں گورنر ستیہ پال ملک کے ساتھ ملاقات کی۔ڈویژنل کمشنر نے گورنر کو بین الاقومی سرحد اور لائن آف کنٹرول پر تعمیر کئے جارہے انفرادی اور کمیونٹی بنکروں کی موجودہ پیش رفت کے بارے میں جانکاری دی ۔اُنہوںنے گورنر کو جموں صوبے کے ترقیاتی منظرنامے کے مختلف پہلوئوں سے بھی روشنا س کرایا۔ گورنر نے سرحدوں پر رہنے والے لوگوں کے مال و جان کو تحفظ دینے کے لئے انفرادی اور کمیونٹی بنکروں کی تعمیر کے کام میں تیزی لانے پر زور دیا ۔اُنہوںنے کہا کہ جموں صوبے میں ہاتھ میں لئے گئے تمام تر پروجیکٹوں کو جلد از جلد مکمل کیا جانا چاہیئے۔اس دوران ایڈوکیٹ جنرل جے اینڈ کے ڈی سی رینہ نے یہاں راج بھون میں گورنر ستیہ پال ملک کے ساتھ ملاقات کی۔ اُنہوں نے گورنر کو ملک کے سپریم کورٹ میں جموں وکشمیر کے متعلق اِلتوأمیں پڑے کئی اہم کیسوں کی موجودہ صورتحال کے بارے میں جانکاری دی۔اُنہوں نے گورنر کو ریاستی ہائی کورٹ میں اِلتوأ میں پڑے کئی معاملات کے بارے میں بھی جانکاری دی۔گورنر نے ایڈوکیٹ جنر ل پر زور دیا کہ وہ انہیں سپریم کورٹ ، ہائی کورٹ اور نیشنل گرین ٹریبونل میں جموں وکشمیر سے متعلق اِلتوا ٔمیں پڑے تمام اہم معاملات کی پیش رفت کے بارے میں آگاہ کرتے رہے۔ادھر فیڈریشن آف انڈسٹری جموں ، فیڈریش آف انڈسٹری کشمیر ، کشمیر اکنامک الائنس ، چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری جموں کا ایک مشترکہ وفد گورنر ستیہ پال ملک سے راج بھون میں ملاقی ہوا۔وفد نے صنعتی سیکٹرسے جُڑے کئی اہم معاملات گورنر کی نوٹس میں لائے جن میں حال ہی میں اعلان کئے گئے صنعتی پیکیج سے اِستفاد ہ کرنے کے لئے وقت میں توسیع اور اس کا جائزہ لینا بھی شامل ہے۔گورنر نے کہا کہ ریاست میں صنعتی سیکٹر کو درپیش معاملات کو حل کرنے اور اس سیکٹر کو بڑھاوا دینے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔اس دوران رام بن ضلع سے تعلق رکھنے والے سرپنچوں کے ایک وفد نے یہاں راج بھون میں گورنر ستیہ پال ملک کے ساتھ ملاقات کی۔وفد نے ریاست میں پنچایتی اِنتخابات احسن اور منصفانہ طریقے پر منعقد کرانے کے لئے گورنر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اُن سے اپیل کی کہ وہ ریاست میں پنچایتی راج اِداروں کو مستحکم کریں۔وفد نے مقامی سکولوں کو بڑھاوا دینے، سڑکوں پر تار کول بچھانے ، ضلع میں خصوصی بھرتی مہم چلانے اور دیہی ترقی سے متعلق کئی دیگر امور بھی گورنر کی نوٹس میں لائے۔گورنرنے وفد کو یقین دلایا کہ اُن کے مطالبات پر ہمدردانہ غور کیا جائے گا۔