تازہ ترین

کولگام جھڑپ : جاں بحق جنگجوئوں میں معروف کمانڈر زینت الاسلام بھی شامل

12 جنوری 2019 (24 : 09 PM)   
(      )

عظمیِ نیوز ڈیسک

سرینگر/جنوبی کشمیر کے کولگام میں سنیچر کی شام فورسز کے ساتھ ایک معرکہ آرائی کے دوران البدر نامی عسکری گروہ کا کمانڈر زینت الاسلام ،ساتھی سمیت جاں بحق ہوگیا۔چلی پورہ ، شوپیان کے رہنے والے زینت الاسلام کا شمار اعلیٰ جنگجو کمانڈروں میں ہوتا تھا ،جو پہلے حزب المجاہدین کے ساتھ وابستہ تھا اور بعد میں البدر میں شامل ہوگیا۔

خبر رساں ایجنسی جی این ایس کے مطابق دوسرے جاں بحق جنگجو کی پہچان شکیل احمد ڈار عرف فیصل کے طور کی گئی ہے۔ شکیل بھی چلی پورہ، شوپیان کا ہی رہنے والا تھا۔

اس سے قبل کولگام ضلع کے کاٹہ پورہ ، یاری پورہ علاقے میں فورسز اور جنگجوئوں کے مابین معرکہ آرائی شروع ہوگئی۔

ذرائع نے کہا کہ معرکہ آرائی کے آس پاس مظاہرین اور فورسز میں جھڑپیں بھی ہوئیں۔

اطلاعات کے مطابق معرکہ آرائی کے بیچ ہی نوجوان سڑکوں پر نکل کر احتجاج کرنے لگے۔ انہوں نے فورسز پر سنگباری کی جنہوں نے جواب میں آنسو گیس کے گولے داغے۔

اس سے قبل فوج، سی آر پی ایف اور ایس او جی اہلکاروں نے کاٹہ پورہ، یاری پورہ علاقے کو محاصرے میں لیکر تلاشی آپریشن شروع کیا جس کے دوران جنگجوئوں اور فورسز کا آمنا سامنا ہوا اور طرفین نے ایک دوسرے پر گولیاں چلائیں۔

مقامی ذرائع نے کہا کہ حکام نے کولگام اور اننت ناگ اضلاع میں انٹر نیٹ سروس معطل کردی ہے۔