روہت کی سنچری رائیگاں ، ہندوستان کو34رنوں سے شکست

13 جنوری 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

نیو ڈسک
سڈنی/ نائب کپتان روہت شرما (ناٹ آؤٹ 133) کی شاندار اننگز بھی ہندستان کو آسٹریلیا کے خلاف سنیچر کو ایک روزہ سیریز کے پہلے مقابلے میں جیت نہیں دلا سکی اور مہمان ٹیم 34 رن سے شکست سے دوچار ہوئی۔ آسٹریلیا نے ٹاس جیتنے کے بعد پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ 50 اوروں میں پانچ وکٹ پر 288 رن بنائے تھے جس کے جواب میں ہندستانی ٹیم مقررہ اووروں میں نو وکٹ کھوکر 254 رن ہی بناسکی۔ ا س شکست کے ساتھ ہی ہندستان تین میچوں کی سیریز میں 0-1 سے پیچھے ہوگئی ہے ۔ ہندستانی اننگز میں صرف دو ہی بلے بازوں نے اپنی بہتر کارکردگی پیش کی اور سلامی بلے باز روہت نے 133 رن اور مڈل آرڈر بلے باز وکٹ کیپر مہیندر سنگھ دھونی نے 51 رن بنائے ۔ شکھر دھون اور رائیڈو صفر پر آّؤٹ ہوئے جبکہ 9 میں سے 6 بلے باز محض دہائی کے ہندسے تک بھی نہیں پہنچ پائے ۔آسٹریلیا کے لئے محض اپنا پانچواں ون ڈے کھیل رہے اوسط تیز گیند باز جائے رچرڈسن نے 10 اووروں میں خطرناک اور کفایتی گیند بازی کرتے ہوئے ہندوستان کو 26 رن دے کر سب سے زیادہ چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ انہوںنے کپتان وراٹ کوہلی، رائڈو، دنیش کارتک اور رویندر جڈیجہ کے وکٹ لئے اور مین آف دی میچ رہے ۔نئے کھلاڑی جیسن بہرے ناڈراف نے 10 اووروں میں 39 رن پر دو وکٹ اور مارنس اسٹوئنس نے 66 رن پر دو وکٹ لئے ۔ پیٹر سڈل کو 48 رن پر ایک وکٹ ملا۔ آسٹریلیا نے اپنی بہترین گیند بازی سے پہلے قابل اطمینان بلے بازی بھی کی جس کے لئے عثمان خواجہ نے 59 رن، شان مارش نے 54 رن اور پیٹر ہینڈس کونب نے 73 رن کی نصف سنچری اننگ کھیلیں۔ٹیسٹ سیریز میں 1۔2 کی جیت کے ساتھ تاریخ رقم کرنے والے ہندوستانی ٹیم سڈنی گراؤنڈ پر کھیلے گئے پہلے ون ڈے میں لے سے بھٹکی نظر آئی اور ہدف کا پیچھا کرتے ہوئے اس کی ابتدا خراب رہی۔ ٹیم میں لوٹے اسٹار بلے باز دھون پہلے ہی گیند پر بہرین ڈراف کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوکر پویلین لوٹ گئے جبکہ کپتان وراٹ نے بھی مایوس کیا اور آٹھ گیندوں میں تین رن ہی بنائے ۔ وہ نئے گیند باز رچرڈسن کی گیند پر اسٹونس کے ہاتھوں کیچ ہوئے اور ہندوستان کے چار رن پر دو اہم وکٹ گنوا دیئے ۔ہندوستان کو تیسرا جھٹکا چوتھے اوور میں چار رن کے اسکور پر ہی لگ گیا جب رچرڈسن نے رائڈو کو صفر پر ایل بی ڈبلیو کردیا۔ اس کے بعد روہت اور وکٹ کیپر دھونی نے مورچہ سنبھالا اور چوتھے وکٹ کے لئے 137 رن کی اہم شراکت داری کی۔ ہندوستانی ٹیم پٹری پر لوٹتی نظر آرہی تھی کہ بہرین ڈراف نے دھونی کو ایل بی ڈبلیو کرکے ہندوستان کو زبردست جواب دے دیا۔ دھونی نے اپنی 68ویں نصف سنچری بنائی اور اس اننگ کے دوران انہوں نے ہندوستان کی جانب سے 10 ہزار ون ڈے رن بھی پورے کرلئے ۔ دھونی نے 96 گیندوں پر 51 رن میں تین چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ دھونی نے دھیمی شروعات کی اور ان کا پہلا باؤنڈری شاٹ چھکا لگایا تھا۔ انہوں نے پھر رفتار پکڑی اور روہت کے ساتھ ایک اچھی سنچری شراکت کی لیکن ان کے آؤٹ ہوتے ہی ہندوستانی اننگ کی لے بگڑ گئی۔
 

تازہ ترین