تازہ ترین

مزید خبریں

12 جنوری 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

میر واعظ ہمدانی کااتوار کو خانقاہِ معلی میں بیان 

سرینگر// حسب قدیم تاریخی خانقاہِ معلی سرینگر میں میرواعظ مولانا ریاض احمد ہمدانی کا6ماہ جمید الاول اتوار بمطابق 13 جنوری 12بجے دن کے بعدبیان ہوگا ۔ نمازِ ظہر کے بعد حسب روایت توبہ استغفار،خطمات المظمات، درود و ازکار اور اوراد خوانی کی مجلس آراستہ ہوگی۔مسلم اوقاف ٹرسٹ اور خدامانِ زیارت شاہ ہمدان ؒ نے عقیدت مندوں کیلئے خاطر خواہ انتظامات کئے ہیں۔
 

بسنت باغ میں 4 قمار باز دھرلئے گئے

سرینگر //بسنت باغ میں پولیس نے چار جواریوں کو حراست میں لے کر داو پر لگائی گئی 4ہزار 230روپیہ کی رقم برآمد کرکے ضبط کی۔ ایک مصدقہ اطلاع موصول ہونے پر کرالہ کھڈ پولیس نے بسنت باغ گاو کدل میں قمار بازی کے ایک اڈے پر چھاپہ مارا اور وہاں چار قمار بازوں جن کی شناخت ظہور احمد نجار ، شہنواز احمد ترمبو ، جمشید علی ملہ اور عبدالمجید کانٹ کے طور ہوئی ہے، کی گرفتاری عمل میں لاکر داو پر لگائی گئی 4ہزار 230روپیہ کی رقم ، تاش کے پتے موقع پر ہی برآمد کرکے ضبط کئے۔ پولیس نے اس سلسلے میں ایف آئی آر زیر نمبر 01/2019کے تحت کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔
 

خانیار میں منشیات فروش گرفتار 

سرینگر //سرینگر پولیس نے خانیار میں نشیلی ادویات کا کاروبار کرنے والے ایک نوجوان کی گرفتاری عمل میں لا کر اُس کے قبضے سے کوڈین بوتلیں برآمد کرکے ضبط کیں۔خانیار پولیس سے وابستہ پولیس کی ایک ٹیم نے نائد کدل کے نزدیک ناکہ لگایا جس دوران زاہد منظور میر ولد منظور احمد کو روک کر اُس کی تلاشی لی گئی ۔ چنانچہ دورانِ تلاشی مذکورہ نوجوان کے قبضے سے بڑی مقدار میں کوڈین بوتلیں برآمد کرکے ضبط کی گئیں ۔ پولیس نے اس سلسلے میں ایف آئی آر زیر نمبر 02/2019کے تحت کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔
 

زینہ کوٹ میں آگ

 CRPF کی2 ہٹس نذر آتش

سری نگر// سرینگر کے مضا فات میں سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کی 2 ہٹس نذر آتش ہوگئی۔ سرکاری ذرائع سے معلوم ہوا کہ سرینگر سے کم وبیش 10  کلومیٹر دور زینہ کوٹ علاقے میں جمعرات کو آگ کی ایک وردات میں سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کی 2 ہٹس خاکستر ہوئیں۔ ذرائع کے مطابق ان دو ہٹس کو کینٹین کے طور استعمال کیا جاتا تھا۔ دریں اثنا فائر اینڈ ایمرجنسی محکمہ کے ایک عہدیدار نے کہا کہ یہ تباہ شدہ ہٹس زائد از 10 لاکھ روپیہ کے مالیت کی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ آگ بجھانے کا عملہ جائے واردات پر پہنچا اورآگ پر قابو پالیا۔ انہوں نے کہا کہ آگ لگنے کی وجوہات ابھی معلوم نہیں ہوئی ہیں۔
 
 

شہری بلدیاتی اداروں کے منتخب اراکین کیلئے تربیتی پروگرام ختم

سرینگر//انسٹی چیوٹ آف پبلک ایڈمنسٹریشن اینڈ رورل ڈیولپمنٹ سرینگر کی طرف سے شہری بلدیاتی اداروں کے ارکان کے لئے تربیتی پروگراموں کا سلسلہ یہاں اختتام پذیر ہوا جس میں منتخب شدہ کونسلروں نے شرکت کی۔ڈی جی امپارڈ لوکیش دت جھا کی سربراہی میں اس ادارے نے کونسلروں کو ایک ماہ کی مدت کے دوران9 تربیتی کورسوں سے ہمکنار کیا۔پروگرام کا انعقاد مشترکہ طور پر ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر جہاں آرا جبیں اور ڈاکٹر ایس کے اسلام نے کیا تھا اوراس کی نگرانی ڈائریکٹر ٹریننگز امپارڈ سرینگر ڈاکٹر مشتاق احمد خان نے کی۔تربیتی پروگرام کے دوران ان نمائندوں کو مختلف پہلوؤں کے بارے میں تربیت دی گئی تا کہ وہ احسن طریقے پر اپنے فرائض انجام دے سکیں۔تربیتی پروگرام کا انعقاد لیہہ اور کرگل اضلاع سمیت کشمیر صوبے کے میونسپل اداروں کے کونسلروں کے لئے منعقد کیا گیا۔امپارڈ کی طرف سے پنچوں اور سرپنچوں کے لئے جلد ہی تربیتی پروگرام کا انعقاد کیا جارہا ہے۔
 

چھانہ پورہ میںموٹر سائیکل کی ٹکر سے جان بحق

محمدایوب خان کو عقیدت 

سرینگر// سرینگر کے چھانہ پورہ میں موٹر سائیل کی ٹکر سے جان بحق ہونے والے محمد ایوب خان ساکن دیور لولاب کو شاندار الفاظ میں خراج  عقیدت ادا کرتے ہوئے انٹرنیشنل فورم فار جسٹس کے چیئرمین محمد احسن اونتو نے انہیں تحریک کشمیر کا ایک عظیم سپاہی قرار دیا۔ اونتو نے کہا کہ محمد ایوب خان نے1989میں کنٹرول لائن کو پار کیا اور مارچ1990میں واپس آکر حزب المجاہدین میں شمولیت اختیار کی۔انہوں نے کہا کہ خان کو1992میں گرفتار کیاگیا اور1994میں انکی رہائی عمل میں لائی گئی،جبکہ اس عرصے میں انکی ہمشیرہ ذہنی مرض میں مبتلا ہوئی۔انہوں نے کہا کہ خان ایم ای ایس میں مزدور کے طور پر کام کر کے اپنے اہل و عیال کی کفالت کر رہا تھا،تاہم8 جنوری کو انہیں نامعلوم موٹر سائیکل سوار نے سرینگر کے چھانہ پورہ میں ٹکر مار کر زخمی کیااور بعد میں وہ زخموں کی تاب نہ لا کر چل بسے۔انہوں نے محمد ایوب خان کو رواں تحریک کا عظیم سپاہی قرار دیتے ہوئے کہا کہ انکی قربانیوں کو ہمیشہ یاد کیا جائے گا۔