تازہ ترین

شبیر شاہ کی حالت ِصحت دگرگوں

تہار جیل کے کستوری وارڈ منتقل کئے گئے؛فریڈم پارٹی سیخ پا

12 جنوری 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

 سرینگر//ڈیمو کریٹک فریڈم پارٹی کے ترجمان نے کہاہے کہ تنظیم کے محبوس سربراہ شبیر احمدشاہ کو تہاڑ جیل کے کستوری وارڈ منتقل کیا گیا ہے جو اُن قیدیوں کی سزا کیلئے مخصوص ہے جن کا رویہ جیل میں موجود د یگر قیدیوں یا جیل حکام کے ساتھ ٹھیک نہیں ہو۔بیان میں کہا گیا ہے کہ کستوری وارڈ تہار جیل کے اندر چھوٹی چھوٹی کوٹھریوں پر مشتمل ہے جنہیں قیدیوں کو سزا دینے کیلئے استعمال کیا جاتا ہے۔ کستوری وارڈ کے اندر شبیر شاہ کو ایک اتنی چھوٹی سیل کے اندر ٹھونس کے رکھا گیا ہے جہاں وہ سوتے وقت اپنی ٹانگیں بھی پھیلانے سے قاصر ہیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ کہ شبیر شاہ مختلف امراض میں مبتلاء ہیں جن میں کمر کی تکلیف، آرٹھرائٹس،بلڈ پریشر،ذیابطیس اور امراض قلب شامل ہیں۔ کستوری وارڈ میںعلیل شبیر شاہ کا رہنا اُن کیلئے انتہائی تکلیف دہ بن رہا ہے۔ترجمان نے مزید کہاکہ شبیر شاہ کو سزا کیلئے مخصوص کوٹھری میں منتقل کرنے سے حکومت ہندوستان کے ان کے بارے میں مکروہ عزائم کا صاف پتہ چلتا ہے۔ ڈیمو کریٹک فریڈم پارٹی نے بار بار حکام پر زور دیا ہے کہ وہ مزاحمتی قائد کی زندگی سے کھلواڑ کررہے ہیں۔ پارٹی ایک بار پھر ارباب اقتدار کو خبردار کرنا چاہتی ہے کہ شبیر شاہ کی زندگی بچانے کیلئے ٹھوس اقدامات کریں جو2017سے دلی کے بد نام زمانہ تہار جیل کے اندر من گھڑت اور بے بنیاد کیسوں کی بنیاد پر انتہائی کٹھن حالات میں ایام اسیری کاٹ رہے ہیں۔