تازہ ترین

سعدپورہ سوپور میں پانی کی قلت،لوگوں کامحکمہ پی ایچ ای کیخلاف احتجاج

12 جنوری 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

غلام محمد
 سوپور//شمالی کشمیر کے بارہمولہ ضلع کے سعدپورہ سوپور میں جمعہ کو لوگوںنے پانی کی عدم دستیابی پر پی ایچ ای کیخلاف احتجاج کیا۔ سعدپورہ زینہ گیر کے لوگوںکاکہنا ہے کہ ان کا علاقہ قصبہ سوپور سے فقط3کلومیٹر دور ہے اور عوام ندی و نالوں کا گندہ پانی استعمال کرنے کیلئے مجبور ہورہے ہیں۔ انہوںنے الزام عائد کیاکہ پی ایچ ای محکمہ عوام کو صاف پانی فراہم کرنے میں ناکام ہے اور کئی برسوں سے علاقہ میں پانی کی قلت ہے۔ مقامی شہری منظور احمد ڈار نے کہاکہ ’ہمارے بچے اور بزرگ مضر صحت پانی کے استعمال سے بیماریوں کا شکار ہوگئے ہیں‘۔ مذکورہ شہری نے کہاکہ ’اب ہمارے صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے اور متعلقہ محکمہ کی نوٹس میں معاملہ لایاگیا تاہم کوئی کارروائی نہیں کی گئی‘۔ انہوںنے کہاکہ ہم سڑکوں پر نکلنے کیلئے مجبور ہیں اور گورنر اور متعلقہ محکمہ سے پھر اپیل کی جاتی ہے کہ پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے ورنہ بڑے پیمانے پر مظاہرے کئے جائینگے۔ پی ایچ ای سوپور کے اے ای ای نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ علاقہ میں پانی کی قلت ہے اور اس سے قبل بھی معاملہ کو محکمہ کی نوٹس میں لایاگیا اور معاملہ کو بہت جلد حل کیاجائیگا۔ انہوںنے کہاکہ عوام کو فی الحال صاف پانی ٹینکروں کے ذریعہ فراہم کیاجائیگا۔