تازہ ترین

سوائن فلو:منہ اور ناک ڈھانپنے کی صلاح

12 جنوری 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

 سرینگر//سوائن فلو سے7 اموات اور69مریضوں کے مثبت ٹیسٹ رپورٹ سامنے آنے کے بعدڈاکٹرس ایسوسی ایشن نے لوگوں کو اس وبائی بیماری سے بچنے کیلئے احتیاط برتنے کامشورہ دیا ہے ۔ڈاکٹرس ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر نثارالحسن نے ایک بیان میں کہا کہ احتیاطی تدابیر سے اس زکام کو پھیلنے سے روکا جاسکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ کھانسنے اورچھینکنے کے دوران منہ اور ناک کو ڈھک لینے اور ہاتھوں کو صابن سے دھونے سے آپ اپنے آپ اور دوسروں کوصحت منداور ٹھیک رکھ سکتے ہیں ۔ڈاکٹر نثار نے کہا کہ لوگوں کو چاہیے کہ وہ میلے کچیلے ہاتھوں سے آنکھوں،ناک اور منہ کو چھونے سے پرہیزکریں ۔انہوں نے کہا کہ اگر آپ کو زکام ہوگیا تو گھر میں24گھنٹے بیٹھیں،جب تک آپ زکام کی علامات سے نجات پائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ماسک لگانے سے زکام کاجرثومہ  مریض سے دوسرے کوپھیلنے سے رُکے گااور اگر تیماردار بھی ماسک لگائے ہو تو وہ بھی انفیکشن سے بچ جائے گا۔ڈاکٹر نثار نے کہا کہ لوگوں کو وافرپانی پینا چاہیے اور سبزیوں اورمیوے بھی کثرت سے کھانے چاہیے ۔ سوائن فلوجسے خنزیری زکام یاH1N1بھی کہتے ہیں،ایک متعدی مرض ہے جونظام تنفس کو متاثر کرتا ہے اور یہ فرد سے فرد کوسانس لینے کے دوران لگ سکتا ہے۔اس کی علامات میں بخار،کھانسی،گلے کی سوزش،بہتی ناک اور جسم میںدردشامل ہیں ۔ انہوں نے آگاہ کیا کہ بزرگوں ،پانچ بر س سے کم عمر کے بچوں ،حاملہ خواتین اور صحت کے کسی مسئلہ سے دوچار لوگوں کو اس بیماری کے خطرناک صورت اختیار کرنے کااندیشہ ہوتا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ فلو کا ٹیکہ لگوانے سے اس بیماری سے بچا جاسکتا ہے اور اب بھی یہ ٹیکہ لگایا جاسکتا ہے ۔اگر آپ کو زکام کی زد میں آنے کاخطرہ رہتا ہے توفوراًعلامات ظاہر ہوتے ہی ڈاکٹر سے رجوع کریں ۔