تازہ ترین

مزید خبریں

12 جنوری 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

کارکنان کی لوک جن شکتی پارٹی میں شمولیت کادعویٰ 

جموں //مختلف سیاسی پارٹیوں کے کارکنوں نے لوک جن شکتی پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی ۔اس سلسلہ میں پارٹی ہیڈ کوارٹر جموں میں پارٹی کے ریاستی صدر روی ٹیکو کی قیادت میں ایک پروگرام کا اہتمام کیا گیا جس میں پارٹی کے متعدد اراکین نے بھی شرکت کی ۔شمولیت اختیارکرنے والوں کا استقبال کر تے ہوئے پارٹی کے ریاستی صدر نے امید ظاہر کی کہ اس عمل سے پارٹی زمینی سطح پر مضبوط ہوگی ۔انہوںنے کہاکہ لوک جن شکتی پارٹی ریاستی عوام کو درپیش مسائل کو حل کر نے اور ان کو سہولیات فراہم کر نے کیلئے پارٹی کو مزید مستحکم کرنے کی کوشش میں ہے ۔انہوں نے پارٹی کارکنوں سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ دیگر سیاسی پارٹیوں کی مفاد پرست سیاست کے بارے میں لوگوں کوبیدار کرنے کے علا وہ پارٹی کی مضبوطی کیلئے اپنا رول ادا کریں ۔اس پروگرام میں ورن تلواڑ ،کیلاش ورما ،بھو پیندر سنگھ ،ہرپریت سنگھ ،وکی گپتا ودیگران بھی موجود تھے ۔
 

 ’عام آدمی پارٹی میں شمولیت کادعویٰ 

ادہم پور //اسمبلی حلقہ رام نگر کی پنچایت جندرانی میں متعدد افراد نے عام آدمی پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی ۔اس سلسلہ میںپارٹی کے اسمبلی حلقہ انچارج سروم چند کھجوریہ کی قیادت میں ایک پروگرام کا اہتمام کیا گیا جس کے دوران نئی شمولیت اختیار کرنے والوں کا پارٹی میں استقبال کیا گیا ۔اس موقعہ پر پارٹی کے ضلع انچارج ورن بھگت ،جنرل سیکریٹری رمن شرما ودیگران بھی موجود تھے ۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے پارٹی لیڈران نے کہاکہ ریاست جموں وکشمیر میں ’عام آدمی پارٹی ‘مضبوطی کی جانب گامزن ہے ۔انہوں نے پارٹی کارکنوں سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ پارٹی کی مضبوطی کیلئے کام کریں ۔پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والوں میں چرن داس ،رام کرشن ،درشن کمار ،سنیل شرما ،رومیش کمار ،کرتار چند ودیگران شامل ہیں ۔
 
 

مویشی اسمگلنگ کی کوشش ناکام 

۔13مویشی بازیاب ،کیس درج 

سانبہ //ضلع سانبہ میں پولیس نے مویشی اسمگلنگ کیخلاف کارروائی جاری رکھتے ہوئے 13مویشیوں کو بازیاب کروالیا ۔پولیس ذرائع کے مطابق پولیس پوسٹ سپوال کی طرف سے قومی شاہراہ پر لگائے گئے ایک ناکے کے دوران ایک ٹرک زیر نمبر JK08A-7813 کو روک کر تلاشی لی گئی جس کے دوران 11مویشیوں کو بازیاب کروالیا گیا ۔پولیس نے مذکورہ ٹرک کو ضبط کر تے ہوئے ایک مقدمہ زیر ایف آئی آر نمبر 8/2019درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں ۔اسی طرح کی ایک اور کارروائی کے دوران پولیس پوسٹ گگوال کی ایک ٹیم کی طرف سے تپیال میں لگائے گئے ناکے کے دوران ایک ٹاٹا موبائل زیر نمبر JK02BU-0387 کی تلاشی کے دوران 2مویشیوں کو باز یاب کروالیا گیا ۔اس سلسلہ میں پولیس نے ایک ملزم جس کی پہچان ہنس راج کے طو ر پر ہوئی ہے ،کو گرفتار کر کے ایک مقدمہ زیر ایف آئی آر نمبر 02/2019 درج کر تے ہوئے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں ۔
 
 

لعل بہادر شاستری کی برسی پر خراج عقیدت 

جموں //جموں وکشمیر فریڈم فائیٹر ایسوسی ایشن کی جانب سے سابقہ وزیر اعظم لعل بہادر شاستری کی برسی پر ان کو خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔اس سلسلہ میں امپھالا میں ایک پروگرام کا اہتمام کیا گیا جس میںایسوسی ایشن کے چیئر مین وید گنڈوترہ اور نائب چیئر مین راجیو مہاجن ودیگراراکین نے ملک کے سابقہ وزیر اعظم کی حالات زندگی اور ملک کی تعمیر و ترقی میں ان کے رول پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی ۔مقررین نے کہاکہ 1965کی جنگ میں مرحوم لیڈر نے دشمن کو معقول پالیسی کیساتھ جوا ب دیا ۔انہوں نے نوجوان نسل سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ مرحوم لیڈر کے فلسفے اور نقش و قدم پر چل کر ملک کی ترقی میں اپنا رول ادا کریں ۔راجیو مہاجن نے کہاکہ سابقہ وزیر اعظم نے ’جے جوان جے کسان ‘کا نعرہ بلند کر کے ملک کی سلامتی میں اہم رول ادا کرنے والے کسانوں اور فوجیوں کویکجا کرنے میں اہم رول ادا کیا ۔خراج عقیدت پیش کر نے والوں میں آر سی پوری ،کرنیال چند ،تیج رام ڈوگرہ ،راجندر سنگھ ودیگران بھی موجود تھے ۔
 
 

ہفتہ وار عوامی دربار 

وجے کمار نے جموں میں مسائل سنے 

جموں//گورنر کے مشیر کے۔ وجے کمار نے جے کے گورنرس گریوینس سیل کے تحت یہاں کنونشن سینٹر میں کئی عوامی وفود اور افراد کے ساتھ ملاقات کی جنہوں نے اس موقعہ پر اپنے اپنے مسائل اور مطالبات کو اجاگر کیا۔عوامی دربا رکے دوران 30 وفود اور42 افراد نے مشیر موصوف کے ساتھ ملاقات کی اور معیاد بند مدت کے دوران اپنے مسائل کو حل کرنے کا مطالبہ کیا۔ مشیر موصوف کے ساتھ جن وفود نے ملاقات کی اور اپنے مسائل کو اُجاگر کیا اُن میںاودھے والا کا وفد، این آئی ایس کے تربیت یافتہ کوچز کا وفد، زرعی محکمہ کے ملازمین کی یونین، آل جے اینڈ کے کنٹنجنٹ پیڈ ایجوکیشن ایمپلائیز یونین، ایس ڈی آر ایف میں بھرتی عمل میں شامل ہونے والے اُمیدوار، ووکیشن انسٹرکٹروں کا وفد، آل جے اینڈ کے وی ایل ڈبلیوز ایسوسی ایشن، پنج گرائیں نگروٹہ کا وفد، جموں اینڈ کشمیر ایگری کلچر ٹیکنوکریٹ ایسوسی ایشن، نیشنل یوتھ کارپس، چنور فارم لینڈ اورنز کا وفد، ولیج ڈیولیمنٹ کمیٹی کوٹھی منوتریاں ریاسی کا وفد، ایگری کلچر ڈیولپمنٹ افسروں کا و فد اور آر ڈی ڈی کے ملٹی پروز ورکروں کا وفد شامل ہیں۔علاوہ ازیں40 افراد نے بھی عوامی دربار میںشرکت کر کے صحت، تعلیم، سڑک رابطوں اور دیگر سیکٹروں کئیمسائل کو مشیر موصوف کی نوٹس میں لایا۔مشیر نے وفود اور افراد کے مسائل غور سے سُنے اور انہیں یقین دلایا کہ ان پر ترجیحی بنیادوں پر کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔
 

۔40457شکایات کا نپٹارہ

جموں//ریاست میں 20جون سے گورنر رول کے نفاذ سے اب تک گریوینس سیل کو41716شکایات موصول ہوئیں جن میں سے40457  شکایات کو نمٹا یا گیا جبکہ 877 شکایات اس وقت زیر عمل ہیں۔اس طرح گورنر کی ہدایات پر گورنر کے تینوں مشیر سرینگر اور جموں میں شیڈول کے مطابق عوامی درباروں کا انعقاد کر کے وفود اور افراد کے مسائل کے بارے میں جانکاری حاصل کر کے انہیں متعلقہ محکموں کو نمٹارے کے لئے ریفر کرتے ہیں۔
 

عوامی خدمات کے نظام میں بہتری لانے پر زوردیا 

افسروں کیلئے آئی ٹی پر مبنی تربیتوں کاسلسلہ اختتام پذیر 

جموں//گورنر کے مشیر کے وجے کمار نے سرکاری دفاتر کی طرف سے دستیاب کئے جا رہے عوامی خدمات کے نظام میں مزید بہتری لانے کی ضرورت پر زوردیا ہے ۔ مشیر موصوف آج یہاں افسروں کو پروجیکٹ منیجمنٹ کے تحت دئیے جا رہے تربیتی پروگرام کے اختتام پر اسناد کی تقسیم کاری کے بعد خطاب کررہے تھے ۔ اس تربیتی پروگرم کا انعقاد آئی ٹی محکمے نے نیشنل انسٹی چیوٹ آف سمارٹ گورننس کے اشتراک سے کیا تھا ۔ مشیر موصوف نے تربیتی پروگرام کے شرکاء کو مبارک باد دی ۔ اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری آئی ٹی سوغات بسواس نے کہا کہ تربیتی پروگرام کا بنیادی مقصد یہ تھا کہ سرکاری محکموں کے افسران کو اپنے اپنے محکموں میں ای گورننس پروجیکٹوں کے رکھ رکھاؤ کے بارے میں جانکاری دی جا سکے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ تربیتی پروگرام کا یہ سلسلہ چھ برس کے وقفے کے بعد شروع کیا گیا ہے اور اس کے دائرے میں سرکاری محکموں کے مختلف افسروں کو لایا جا رہا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب تک ایڈیشنل ڈپٹی کمشنروں ، ڈائریکٹروں اور مختلف انتظامی محکموں کے اعلیٰ افسروں سمیت 180 افسروں کو تربیت دی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ لداخ خطے کے 60 افسروں کو اب تک تربیت دی جا چکی ہے اور تربیتی پروگراموں کا یہ سلسلہ جاری رکھا جائے گا تا کہ وہ اپنے فرایض مزید بہتری کے ساتھ انجام دے سکیں ۔ مشیر نے اس موقعہ پر شرکاء میں اسناد بجی تقسیم کیں ۔ تربیتی پروگرام میں شریک ہونے والے متعدد محکموں کے افسروں نے اس موقعہ پر اپنے تجربات اور نکتہ نظر پیش کیا اور کہا کہ ان تربیتی پروگراموں سے انہیں کافی فایدہ ملا ہے انہوں نے مزید کہا کہ وہ تربیت کے دوران حاصل کرنے والے تجربات کو عملانے کی کوشش کریں گے ۔ 
 

اکاؤٹنٹ جنرلز ،کربلائی اور جسٹس ہانجورہ گورنر سے ملاقی 

جموں//سشیل کمار ٹھاکر اکاؤٹنٹ جنرل ( آڈٹ ) اور شورجو چٹرجی اکاؤٹنٹ جنرل ( اکاؤنٹس اینڈ انٹائیٹلمنٹس ) نے راج بھون میں گورنر ستیہ پال ملک کے ساتھ ملاقات کی ۔ انہوں نے گورنر کو ریاستی حکومت کے کام کاج کے اُن شعبوں کے بارے میں جانکاری دی جنہیں پچھلے کچھ عرصے کے دوران آڈٹ کیا گیا تا کہ انتظامی نظام میں شفافیت اور جوابدہی لانے کیلئے پالیسی اور قوانین کے فریم ورک کو بڑھاوا دیا جا سکے ۔ گورنر نے ریاست کے حکمرانی کے نظام میں شفافیت اور مالی نظم و ضبط برقرار رکھنے کی ضرورت پر زوردیا ۔ دریں اثناء سابق ایم ایل اے حاجی اصغر علی کربلائی نے گورنر سے ملاقات کرکے ان کا لداخ خطے کیلئے کلسٹر یونیورسٹی منظور کرانے کیلئے شکریہ ادا کیا ۔ اصغر علی کربلائی نے کرگل ضلع کے ترقیاتی منظر نامے سے جڑے معاملات سے بھی گورنر کو روشناس کرایا ۔ گورنر نے اُن پر زور دیا کہ وہ عوامی بہبودی کے کام جاری رکھیں ۔ اس دوران جسٹس ( ریٹائرڈ ) ایم کے ہانجورہ جنہیں جموں کشمیر سٹیٹ لاء کمیشن کے چیئر پرسن کے طور پر تعینات کیا گیا ہے ،نے شام کو گورنر کے ساتھ ملاقات کی ۔ اس دوران انہوں نے جوڈیشل نظام کے موثر کام کاج سے جُڑے معاملات پر تبادلہ خیال کیا ۔ اس موقعہ پر انہوں نے اس بات پر بھی تبادلہ خیال کیا کہ لاء کمیشن کو متاثرین تک منصفانہ اور بروقیت انصاف پہنچانے میں کس طرح بروئے کار لایا جا سکتا ہے ۔ 
 

نیشنل یوتھ ڈے کے سلسلے میں گورنر کا پیغام 

جموں//گورنر ستیہ پال ملک نے نیشنل یوتھ ڈے کے موقعہ پر عوام کو مبارکباد دی ہے ۔ یہ دن سوامی وویکا نند کے جنم دن کے طور پر بھی منایا جاتا ہے ۔ اپنے پیغام میں گورنر نے ریاست کے نوجوانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اُن فلاسفروں اور دانشوروں سے ترغیب حاصل کریں جنہوں نے سماج کی بہبود اور بقاء کیلئے انتھک کام کیا ۔ گورنر نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنی صلاحیتوں اور توانائی کو ایک صحیح سمت دے کر ایک مضبوط اور دیرپا قوم وجود میں لانے میں اپنا بھر پور رول ادا کریں ۔ 
 
 

  شاہ فیصل کے خلاف شیو سینا کا احتجاج 

جموں// سرکاری ملامت سے رضاکارانہ طور پر مستعفی ہونے والے کشمیری آئی اے ایس ٹاپر شاہ فیصل کے خلاف جمعہ کے روز شیو سینا نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ شیو سینا یونٹ جموں و کشمیر کے صدر اشوک گپتا کی قیادت میں سینکڑوں شیو سینا کارکنوں نے جموں میں ایک احتجاجی ریلی نکالی نکال کر شاہ فیصل کے خلاف زبردست نعرے بازی کی۔ احتجاجی کارکنوں نے ہاتھوں میں شاہ فیصل کی تصویریں اٹھا کر نعرے بازی کی ۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ جس ملک نے شاہ فیصل کو عزت و وقار دیا اور آئی اے ایس آفیسر بنایا، آج وہ اسی ملک کے لئے نازیبا الفاظ کا استعمال کر رہے ہیں، جس کو ملک کبھی برداشت نہیں کرے گا۔ شیو سینا کے ریاستی صدر اشوک گپتا نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا 'جس ملک نے شاہ فیصل کو سر آنکھوں پر بٹھایا، آج وہ اسی ملک کو گالیاں دے رہے ہیں‘۔ انہوں نے کہا 'شاہ فیصل کا سرکاری ملازمت سے مستعفی ہونا، ان کا ذاتی فیصلہ ہے لیکن ملک کو گالیاں دینا، ملک کی بے عزتی کرنا اور سیکورٹی فورسز کے حوصلے پست کرناملک کی عوام قطعی برداشت نہیں کر ے گی‘۔