تازہ ترین

مزید خبرں

7 دسمبر 2018 (00 : 01 AM)   
(      )

 ’ ہاوسنگ فار آل سکیم ‘کی عمل آوری کیلئے کمیٹی تشکیل 

جموں//گورنر اِنتظامیہ نے ریاست میں’’ ہاوسنگ فار آل ‘‘۔ اربن ( ایچ ایف اے ۔ یو) مشن کی نگرانی اور عمل آوری کے لئے صوبائی / ضلع سطح کی کمیٹی کی تشکیل کو منظوری دی۔جنرل ایڈمنسٹریٹیو ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے جاری کئے گئے ایک حکمنامے کے مطابق صوبائی سطح کی کمیٹی ( جموں / کشمیر) کے چیئرمین متعلقہ صوبائی کمشنر ہوں گے جبکہ کمشنر جے ایم سی / ایس ایم سی ، ڈائریکٹر اربن لوکل باڈیز جموں / کشمیر ، سی ای او ، چیف ایگزیکٹیو آفیسر ،جموں اربن ڈیولپمنٹ ایجنسی /چیف ایگزیکٹیو آفیسر،کشمیر اربن ڈیولپمنٹ ایجنسی اس کمیٹی کے ممبران ہوں گے ۔ اسی طرح ایم ڈی جے اینڈ کے ہاوسنگ بورڈ اس کمیٹی کے ممبر سیکرٹری ہوں گے ۔جی اے ڈی کے حکمنامے میں مزید کہا گیا ہے کہ ضلع سطح کمیٹی کے چیئرمین متعلقہ ضلع ترقیاتی کمشنر ہوں گے جبکہ اے سی آر ، سی ای او /ایگزیکٹیو آفیسر ، پروجیکٹ افسر متعلقہ ڈسٹرکٹ اربن ڈیولپمنٹ ایجنسی ، سٹی لیول ٹیکنیکل سیل اس کمیٹی کے ممبران ہوں گے ۔ اسی طرح ڈپٹی جنرل منیجر جے اینڈ کے ہاوسنگ بورڈ اس کمیٹی کے ممبر سیکرٹری ہوں گے ۔
 

گورنر کی ساہتیہ اکاڈمی ایوارڈ یافتگان کو تہنیت

جموں//گورنر ستیہ پال ملک نے سال 2018ء کا سالانہ ساہتیہ اکادمی ایوارڈ جیتنے کے لئے اندرجیت کیسر اور مشتاق احمد مشتاق کو مبارک باد دی ہے۔اندر جیت کیسر کو یہ ایوارڈ اُن کی ڈوگری ناول ’’ بیگراتھ ‘‘ جبکہ مشتاق احمد مشتاق کو کشمیری زبان میں اُن کے افسانوی مجموعے ’’ آکھ‘‘ کے لئے دیا گیا ہے۔گورنر نے اِن شخصیات کو مبارک باد دیتے ہوئے اُن کے لئے نیک خواہشات کا اِظہار کیا ہے۔
 

بی بی وِیاس کا عوامی دربار آج

جموں//گورنر کے صلاح کار بی بی وِیاس 7؍ دسمبر 2018ء جمعہ کو کنووکیشن سینٹر کنال روڑ جموں میں صبح 10بجے سے دوپہر 1بجے تک عوامی مطالبات سنیں گے ۔جن وفود نے ڈپٹی کمشنر جموں کے دفتر میں اندراج کرایا ہے ، وہ مذکورہ تاریخ پر صلاح کار سے مل سکتے ہیں۔
 

بورڈ کی تشکیل نو کو منظور ی KVIB 

جموں//گورنر اِنتظامیہ نے جموں اینڈ کشمیر کھادی اینڈ ولیج انڈسٹریز بورڈ کے آف ڈائریکٹرس کی تشکیل نو اور وائس چیئرپرسن اور دیگر ممبران کی تعیناتی کو منظوری دی ہے ۔پرنسپل سیکرٹری صنعت و حرفت شیلندر کمار کی طرف سے جاری ایک حکمنامے کے مطابق ڈائرکٹر حنا شفیع بٹ بورڈ کی نائب چیئرپرسن ہوں گی جبکہ سنجیو کمار من موترا ، امتیاز احمد ، راجیش گپتا ، فاروق امین ، رویندر سنگھ ، غلام محی الدین ، منشی مظفر حسین ، مشتاق احمد قریشی اور راجیش کمار بخشی اس کے ممبران ہوں گے۔
 

ملک میں فرقہ پرستوں کو روکنا اشد ضروری : اصلاحی کمیٹی 

جموں //ملک میں فرقہ پرستوں کو اگر روکا نہ گیا تو موجودہ حالات خطر ناک صورتحال اختیار کر سکتے ہیں ۔تمام سیاسی پارٹیوں کو چاہیے کہ وہ یکجا ہو کر فرقہ پرست طاقتوں کا سامنا کریں ۔ان خیالات کا اظہار گو جر بکروال اصلاحی کمیٹی کے جنرل سیکرٹری چوہدری اختر حسین نے یہاں جاری ایک بیان میں کیا ۔انہوں نے کہاکہ ملک کو آزاد کروانے میں ہندو اور مسلمانوں نے مل کر قربانیاں دی تھیں لیکن کانگریس کی ناکامی کی وجہ سے فرقہ پرست سوچ رکھنے والے اقتدار پر قابض ہو گئے ہیں اور اب عوام کو مذہبی بنیادوں پر تقسیم کرنے کا کام شروع کر دیا گیا ہے ۔انہوں نے مزیدکہاکہ چند سرمایہ داروں کے ہاتھوں ملک کو معاشی طور پر غلام بنا دیا گیا ہے اور سماج کے پسماندہ طبقہ کی آواز کو دبایا جا رہاہے جس کی وجہ سے ملک میں عوام تمام بنیادی سہولیات سے محروم ہو چکے ہیں ۔انہوں نے مزیدکہاکہ اگر 1947کی طرز پر اپوزیشن یکجا نہیں ہو ئی تو پھر جنونی طاقتیں ملک کو خانہ جنگی کی جانب لے جائینگی ۔چوہدری اخترحسین نے کہا کہ ملک میں اس قت اگر مہا گٹھ بندھن نے کوئی ٹھوس پالیسی مرتب نہ کی تو جمہوریت اور سکولر ازم کو خطرہ لائق ہو جائے گا کیونکہ ملک کو تقسیم کرنے والی فرقہ پرست طاقتیں اس وقت دوبارہ سے اقتدار حاصل کر نے کیلئے گمراہ کن جھوٹ اور کئی چالیں چل رہی ہیں ۔انہوں نے کہاکہ ایک سازش کے تحت کمسن بچوں کو نشانہ بنایا جا رہاہے جبکہ آر ایس ایس کی ہدایت پر کشمیریوں کی آواز کو دبایا جارہاہے ۔انہوں نے تمام سکولر پارٹیوں نے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وقت آگیا ہے کہ یکجا ہو کر ملک کو جنگی صورتحال اختیار کرنے سے روکنے کے علا وہ فرقہ پرستوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے ۔
 

 مکانات و شہری ترقی محکموں کے کام کاج کا جائیزہ لیا گیا

جموں//گورنر کے صلاح کار کیول کمار شرما نے جموں میں ایک میٹنگ میں مکانات و شہری ترقی محکموں کے کام کاج کا جائزہ لیاجس کے دوران انہوں نے جموں ڈیولپمنٹ اتھارٹی ،جموں میونسپل کارپوریشن اور مکانات و شہری ترقی محکمہ کے پلاٹوں کی الاٹمنٹ کے عمل میں شفافیت لانے کی ہدایت دی تاکہ کوئی بھی غیر قانونی تعمیرات نہ ہونے پائیں۔میٹنگ میں محکمہ کے فائنانشل کمشنر کے بی اگروال ، کمشنر جے ایم سی ، وی سی جے ڈی اے ، سیکرٹری مکانات و شہری ترقی ، منیجنگ ڈائریکٹر جے کے ہاوسنگ بورڈ ، چیف ٹاون پلانر جموں اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ محکمہ کی طرف سے دو رہائشی کالونیوں پر تعمیراتی کام بہت جلد شروع کیا جائے گاجن کے لئے اراضی کی نشاندہی کی گئی ہے۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ کٹھوعہ میں محکمہ کے 40 پلاٹ ابھی فروخت کئے جانے باقی ہیں۔میٹنگ میں رہائشی کالونیوں کے رکھ رکھائو ،کرایہ وصول کرنے اور پلاٹ الاٹ کرنے جیسے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔صلاح کار نے جموں ڈیولپمنٹ اتھارٹی ،جموں میونسپل کارپوریشن اور مکانات و شہری ترقی محکمہ کو اِن کالونیوں کے رکھ رکھائو یقینی بنانے اور محکمہ کے اثاثوں سے حاصل ہونے والی آمدن کا تخمینہ لگانے اور اسے متعلقہ ایجنسیوں میں تقسیم کرنے پر زور دیا ۔میٹنگ میں مزید بتایا گیا کہ سرکاری محکموں کی طرف سے قائم کی گئی رہائشی کالونیوں میں کسی بھی جگہ کو تجارتی مقاصد کے طور استعمال میں لانے کی حد بندی نہیں کی گئی اور ریاست میں اس طرح کی کوئی سکیم زیر غور نہیں ہے ۔صلاح کار کو بتایا گیا کہ ریاست میں ماضی میں اس حوالے سے ایک آڈیننس پاس کیا گیا تھا جو پھر مبذول ہوگیا اور مبذول شدہ غیر مؤثر پالیسی کی تشکیل نو کی ضرورت ہے۔
 

کرتار پور رہداری کی طرزشاردا پیٹھ کو بھی کھولا جائے: شیو شاردا کمیٹی

 یواین آئی
 
جموں// شیو شارداکمیٹی کے سربراہ رویندر پنڈتا نے کرتار پور راہداری کی طرز پرشارداپیٹھ راہداری کھولنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان زیر قبضہ کشمیر نیلم وادی میں واقع شاردا پیٹھ ایک قدیم مذہبی مقام ہے جس کے ساتھ کشمیری پنڈتوں کے مذہبی جذبات منسلک ہیں ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ شاردا پیٹھ راہداری کویاترا کے لئے کھول دینا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ ’ جوہم شاردا پیٹھ کا مند ر دیکھ رہے ،دراصل یہ ایک بدھسٹ یونیورسٹی مندر ہے ۔مہارجہ اشوک کے عہد میں یہ ایک بدھیسٹ یونیورسٹی ہو ا کرتی تھی اور شاردا کوئی چھوٹی جگہ نہیں تھی ،کمبوڈیا سے لے کر ایران تک پورے ملک کو شاردا دیش کہا جاتا تھا ۔بدھیسٹ یونیورسٹی ہونے کی وجہ سے بدھ مت مسلط ہوگئی اور سناتن دھرم حاشیے پر چلا گیا ۔اس دوران کیرلا کے ایک شنکرا چاریہ نے اس بدھسٹ یونیورسٹی سے اچاریہ کی ڈگری حاصل کر کے آدی شنکراچاریہ کہلائے ۔شنکراچاریہ نے ہی شاردا میں از سرنو سناتن دھرم کو قایم کیا اور شاردا ماتا کے مندر کی ستھاپنا کی ۔اس لئے شارداپیٹھ ایک قدیم مذہبی مقام ہے ‘۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے مہاراجہ رنبیر سنگھ کے عہد میں شاردا یاترا شروع ہوئی تھی اور 1947  تک یاترا جاری رہی ۔ ملک تقسیم ہونے بعد یاترا بند ہوگئی ۔انہوں نے کہاکہ شیوشارداکمیٹی شاردایاترا بحال کرنے کے خاطر گزشتہ کئی سالوں سے جدو جہد کررہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہمارا دونوں ملکوں کی حکومتوں مطالبہ ہے کہ شارداپیٹھ کوبھی کھول دیا جائے تاکہ جموں و کشمیر کے ہندوں شاردا ماتا کے درشن کر سکیں ۔
 

ادہم پور جیل کے اسیروں میں خواندگی مہم 

ادہم پور //بالغ خواندگی سنٹر سنٹرل جیل ا دہم پور میں رجسٹر یش شدہ قیدیوں کو سرٹیفکیٹ دینے کیلئے ایک پروگرام کا اہتمام کیا گیا ۔ڈائر یکٹر جنرل آف پولیس دلباغ سنگھ کی ہدایت پر منعقد کئے گئے اس پروگرام میں سپر ناٹینڈنٹ جیل ادہم پور ہریش کوتوال اور چیف ایجوکیشن آفیسر بھی موجود تھے ۔قیدیوں کیلئے مذکورہ سرٹیفکیٹ تحریر امتحانات کے نتائج کے بعد تیار کئے گئے جبکہ اس عمل کیلئے محکمہ ایجوکیشن کے سٹاف کو میں تعینات کیا گیا تھا ۔
 

+2لیکچرر فورم کا وفد ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن سے ملاقی 

جموں//+2لیکچرر فورم کا ایک وفد ریاستی صدر کی قیادت میں ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن جموں سے ملاقی ہوا ۔وفد نے ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن کو لیکچر طبقہ کو درپیش مسائل اور مشکلات سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا ۔وفد نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ لیکچر زمرے میں آنے والے ملازمین کی ترقی ،انچارج ملازمین کو عہدوں پر مستقل کرنے اور مشکل زونوں میں اپنی تعیناتی کی مدت پوری کرنے والے ملازمین کو تبدیل نہ کئے جانے کی وجہ سے ان کو مشکلا ت کا سامنا ہے۔ڈائریکٹر موصوف نے وفد کے مسائل کو بغور سننے کے بعد یقین دلایا کہ ان کے جائیز مطالبات کو ترجیح بنیادوں پر حل کیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ محکمہ طلباء کو معیاری تعلیم پر پوری توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے جبکہ اس دوران ملازمین کو درپیش مسائل کو حل کرنے کیلئے پلان مرتب کرنے کے علا وہ محکمہ میں شفافیت اور احتساب کا خاص خیال رکھا جائے گا ۔
 

چیف الیکشن کمیشن کی سیاسی پارٹیوں کے نمائندوں سے میٹنگ 

جموں //چیف الیکشن کمیشن جموں وکشمیر نے مختلف سیاسی پارٹیوں کے نمائندوں کیساتھ میٹنگ منعقد کر کے ریاست میں ووٹر فہرستوں کے سلسلہ میں تبادلے خیال کیا ۔انہوں نے کہاکہ ووٹر فہرستوں میں غلط اندراج کو دروست کرنے اور دیگر اعتراضات کے سلسلہ میں12جنوری تک کا وقت رکھا گیا ہے جبکہ اس سلسلہ میں فائنل ووٹر فہرست 22جنوری کو شائع کی جائے گی ۔سیاسی پارٹیوں کے نمائندوں کو جانکاری فراہم کرتے ہوئے کہا گیا کہ 16دسمبر کو ریاست کے تمام پولنگ اسٹیشنوں پر اس سلسلہ میں کیمپوں کا اہتمام کیا جائے گا جہاں پر بوتھ سطحی آفیسران اندارج ودیگر غلطیوں کو ٹھیک کرئینگے ۔انہوں نے سیاسی نمائندوں سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ ہر ایک علا قہ میں بوتھ سطح پر ایجنٹوں کو تعینات رکھیں اور زمینی سطح پر عوام کو بیدار کرنے کیلئے بھی رول ادا کرئیں ۔مذکورہ وفد نے چیف الیکشن آفیسر سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ ریاست میں آبادی کے تناسب کو دیکھتے ہو مزید پولنگ اسٹیشنوں کو کھولا جائے جس پر الیکشن آفیسر نے کہا کہ گزشتہ دو برسوں سے 1281 نئے پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں جن کی کل تعداد 10035 پولنگ اسٹیشنوں سے 11316 تک پہنچ چکی ہے ۔
 
 

 افغان محلہ میں تعمیراتی کام کا آغاز 

جموں //سابقہ ممبراسمبلی جموں مشرق راجیش گپتا نے افغان محلہ وارڈ نمبر 10میں ٹائل اور پانی کی پائپ لائین لگانے کے کام کا افتتاح کیا ۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے راجیش گپتا نے کہاکہ عوام کی خدمت کرنا ان کی پارٹی کا اصل مشن ہے جبکہ اس سلسلہ میں اسمبلی حلقہ کی تعمیر وترقی کیلئے وہ گورنر انتظامیہ کیساتھ مل کر کام کرینگے ۔موصوف نے کہا کہ بھاجپا کے نو منتخب کونسلر زمینی سطح پر عوامی مسائل حل کروانے کیلئے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں ۔انہوں نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ مودی حکومت نے عوام کی ترقی کیلئے کئی اسکیموں کو شروع کیا ہو ا ہے جن کا وہ فائدہ اٹھا سکتے ہیں ۔افغان محلہ میں شروع ہوا پروجیکٹ 8لاکھ کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا ۔