تازہ ترین

مزید خبرں

7 دسمبر 2018 (00 : 01 AM)   
(      )

 ساہتیہ اکاڈمی ایوارڈ جیتنے والوں کو گورنر کی مبارک باد 

جموں //گورنر ستیہ پال ملک نے سال 2018ء کا سالانہ ساہتیہ اکادمی ایوارڈ جیتنے کے لئے اندرجیت کیسر اور مشتاق احمد مشتاق کو مبارک باد دی ہے۔اندر جیت کیسر کو یہ ایوارڈ اُن کی ڈوگری ناول ’’ بیگراتھ ‘‘ جبکہ مشتاق احمد مشتاق کو کشمیری زبان میں اُن کے افسانوی مجموعے ’’ آکھ‘‘ کے لئے دیا گیا ہے۔گورنر نے اِن شخصیات کو مبارک باد دیتے ہوئے اُن کے لئے نیک خواہشات کا اِظہار کیا ہے۔
 

جے کے ای ڈی آئی سٹیرنگ کمیٹی میٹنگ  

261 نئے کارخانہ داروں کے کیسوں کو منظوری 

سرینگر//کمشنر سیکرٹری محنت و روز گار سوربھ بھگت نے یہاں جے کے ای ڈی آئی کی سٹیرنگ کمیٹی میٹنگ کی صدارت کی جس میں نئے کار خانہ داروں کے 261 کیسوں کو منظوری دی گئی ۔ یہ میٹنگ سیڈ کیپٹل فنڈ سکیم ( ایس سی ایف ایس ) کی 118 ویں اور یوتھ سٹارٹ اپ لون سکیم ( وائی ایس ایل ایس) کی 62 ویں میٹنگ تھی جس میں ڈائریکٹر ایمپلایمنٹ سُمن بھگت ، وائس پرذیڈنٹ اے اینڈ اے پی ڈویژن جے اینڈ کے بنک لمٹیڈ سید شفاعت حسین ،  چیف فیکلٹی جے کے ای ڈی آئی ڈاکٹر مجید منظور خان ، کشمیر صوبہ سے تعلق رکھنے والے جے کے ای ڈی آئی کے ڈسٹرکٹ نوڈل افسران ، محکمہ روز گار کے افسران اور منسلک محکموں کے سیکٹورل ماہرین موجود تھے ۔ میٹنگ میں سیڈ کیپٹل فنڈ سکیم کے تحت 402 کیسوں میں سے 235 کو منظوری دی گئی جبکہ یوتھ سٹارٹ اپ لون سکیم کے تحت 26 کیسوں کو منظوری دی گئی ۔ سٹیرنگ کمیٹی کی میٹنگ دوبارہ جموں صوبے میں 18 دسمبر 2018 کو منعقد ہو گی ۔ 
 
 

یقین دہانی غیر واضح، فیصلہ واپس لیاجائے 

سوشیو اکنامک کارڈنیشن کمیٹی کی طرف سے خدشات کااظہار

سرینگر//ریاستی گورنر کی طرف سے جموںوکشمیر بنک سے متعلق یقین دہانی کو غیر واضح قرار دیتے ہوئے سو شیو اکنامک کارڈنیشن کمیٹی نے کہا ہے کہ گورنر کو اگر ریاستی عام کے جذبات کی کچھ عزت ہے تو انہیں فوری طور پر بنک سے متعلق انتظامی کونسل کے فیصلے کو واپس لینا چاہے۔بیان کے مطابق مختلف تجارتی،وکارباوی انجمنوں اور سیول سوسائٹی  پر مشتمل مشترکہ اتحاد سوشیو اکنامک کارڈی نیشن کمیٹی کی میٹنگ کے دوران ممبران نے  بنک سے متعلق گورنر کے غیر واضح  بیان اور ادرے دل سے لیا ہوئے فیصلے کو مسترد کیا۔انہوں نے کہا کہ اس یقین دہانے سے ماہرین اور تاجروں کے خدشات میں کوئی بھی کمی نہیں آئی ہے۔ ممبران نے کہا کہ بنک کو پبلک سیکٹر انڈٹینگ کے زمرے میں ڈالنے سے دور رس خدشات نظر آرہے ہیں،جبکہ بنک بھی سرکار کے تابع میں رہ کر اپنی خود مختاری کی ساخت کھو دی گی۔ممبران نے سوالیہ انداز میں کہا کہ اگر بنک کو پی ایس یو زمرے میں ڈالنے کے کوئی بھی قانونی و آئینی مفادات نہیں ہے تو اس کا اعلان کیوں کیا گیا۔ممبران نے بنک کو مرکزی ویجی لنس کمیشن کے دائرے میں لانے کو بھی مکمل طور پر غیر آئینی قرار دیا،جبکہ ریاست اور اس کے اداروں کی خصوصی حیثت کے منافی بھی قرار دیا۔
 

گریز کانوجوان  پہاڑی سے گرکر لقمہ اجل

عازم جان
بانڈی پورہ//گریز میں ایک نوجوان پہاڑی سے پاوں پھسلنے کی وجہ سے گر کر لقمہ اجل بن گیا ۔بتایا جاتا ہے کہ چک نالہ گریز میں نزیر احمد مپنو کچھ ساتھیوں کے ہمراہ جڑی بوٹیاں جمع کررہا تھا اس دوران اچانک پاوں پھسل کرچک نالے میں گرگیا۔ پولیس کے مطابق چک نالہ سے اس کی لاش برآمد کر کے لواحقین کے حوالے کر دی گئی ہے
 
 

شوپیان میں 8دسمبر کو لوک عدالت

شوپیان//چیرمین ڈسٹرکٹ لیگل سروسز اتھارٹی شوپیان کے مطابق ضلع کورٹ کمپلیکس شوپیان میں 8دسمبر 2018کو ایک قومی لوک عدالت کا انعقاد کیا جارہا ہے جس میں جرائم،خاندانی تنازعات ،ایم اے سی ٹی معاملات،معاوضے کی ادائیگی ا ورجائیداد تنازعات کے علاوہ دیگر تنازعات باہمی افہام وتفہیم سے نمٹائے جائیں گے۔
 

جوینائل جسٹس سسٹم 

جموں میں 2 پناہ گاہیں تعمیر کرنے کا اعلان

جموں//محکمہ سماجی بہبود کی طرف سے 6کنال اراضی پر کرسچن کالونی اور شہیدی چوک جموں میں لڑکوں اور لڑکیوں کے لئے جوینائیل جسٹس سسٹم کے تحت دو علاحدہ پناہ گاہ ’’شیلٹر ہوم‘‘ تعمیر کئے جائیں گے۔ یہ فیصلہ سماجی بہبود محکمہ کے سیکرٹری ڈاکٹر فاروق احمد لون کی صدارت میں منعقدہ ایک میٹنگ میں لیا گیا۔ میٹنگ میں مشن ڈائریکٹر آئی سی ڈی ایس / آئی سی پی ایس ، ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر جموں اور دیگر افسران نے شرکت کی۔میٹنگ میں مشن ڈائریکٹر آئی سی پی ایس کو ان شیلٹر ہومز کی تعمیر کے سلسلے میں ڈی پی آر تیار کرنے کی ہدایت دی گئی ۔ان میں داخل بچوں کو کپڑے ، پینے کا صاف پانی ، تعلیم ، ووکیشنل تربیت دیگر تفریحی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ریاستی سرکار نے پہلے ہی 22اضلاع میں چائیلڈ ویلفیئر کمیٹیاں تشکیل دی ہیں۔
 
 

الطاف اندرابی نے فرنٹ 

چیئرمین کی عیادت کی

سرینگر// محازآزادی کے صدر سید الطاف اندرابی نے پارٹی کے دیگر قائدین کے ہمراہ صورہ ہسپتال میںزیر علاج لبریشن فرنٹ چیئرمین محمد یاسین ملک کی عیادت کی جبکہ سرپرست اعلیٰ محمد اعظم انقلابی نے فون پر فرنٹ چیئرمین کی مزاج پرسی کی اورجلد صحتیابی کے لئے دعا کی۔ 
 

جموں وکشمیر سیمنٹس ملازمین 4ماہ کی تنخواہوں سے محروم 

سرینگر//  جموںو کشمیر سیمنٹس ملازمین نے التواء میں پڑی تنخواہوں کو واگزار کرنے کا مطالبہ کیاہے۔ جموںو کشمیر سیمنٹس ایسو سی ایشن کے صدر عبدالمجید کاکہنا ہے کہ گزشتہ4ماہ سے ملازمین کی تنخواہ واجب الادا ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ انہوں نے جموں کشمیر سیمنٹس کے اعلیٰ افسران سے بھی رابطہ قائم کیا تاہم انکی فریاد کی ان سنی کی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ13برسوں سے انکا سی پی فنڈ بھی300روپے کے حساب سے تنخواہ سے کاٹا جارہا ہے تاہم اس رقم کو بھی سی پی فنڈ کھاتے میں جمع نہیں کیا گیا۔
 

گورنمنٹ ہائر سکینڈی سکول بٹہ مالو کیلئے

 لیبارٹری اور ماڈل کنڈر گارٹن سنٹر کا اعلان 

سرینگر//ڈائیٹ سرینگر اور چیف ایجوکیشن دفتر سرینگر کے اشتراک سے گورنمنٹ ہائر سکینڈری سکول بٹہ مالو میں یاد گار دن تقریب کا اہتمام ہوا ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ناظمِ تعلیم نے کہا کہ طلاب کو ریاست کی ثقافت و تمدن سے ہم آہنگ کیا جانا چاہئیے تا کہ وہ ریاست کے تابناک ماضی کے بارے میں جانکاری حاصل کر سکیں ۔ انہوں نے ہر سکول میں ایکو کلب کے قیام کی ضرورت اجاگر کی ۔ اس موقعہ پر محکمہ سکولی تعلیم نے سکول میں لیبارٹری اور ماڈل کنڈر گارٹن سنٹر کے قیام کا اعلان کیا ۔ بعد میں رنگا رنگ تمدنی پروگرام پیش کرنے پر طلبا کو نقد انعامات بھی دئیے گئے ۔ 
 

شوپیاں میں چنائو فہرستوں کی سپیشل سمری رویژن کا جائزہ 

شوپیان//اے ڈی سی شوپیان نے منی سیکریٹریٹ آرہامہ میںمنعقدہ آفیسران کی ایک میٹنگ میں ضلع شوپیان میں چنائو فہرستوں کی سپیشل سمری رویژن کا جائزہ لیا۔میٹنگ کے دوران چنائو فہرستوں،دعوے اور اعتراضات داخل کرنے اور ناموں کے اخراج کے علاوہ اصلاح اور درستی کے عمل پر تفصیلی تبادلہ کیال کیا گیا۔
 

ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ نے عوامی مطالبات سُنے

بانڈی پورہ//ضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ نے بانڈی پورہ کے سونہ واری حلقے کے اُڑینہ علاقے میںعوام کے ساتھ بات چیت کے دوران اُن کی شکایات اورمعاملات کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔ترقیاتی کمشنر نے عوامی وفود اورلوگوں کے مطالبات بغور سُنے،انہو ں نے کئی معاملات کے تعلق سے ترجیحی بنیادوں پر ہی آفیسران کو ہدایت دیں ۔
 

اننت ناگ میں آر ای جی پی جی کے مناسبت سے سیمنار

 ولیج انڈسٹریز اورمائیکرو انڈسٹریل سیکٹر کو فروغ دینے پر زور

اننت ناگ//جے اینڈ کے کھادی اینڈ ولیج انڈسٹریز بورڈ اننت ناگ نے زونل آفس جموں وکشمیر بنک بخشی آباد میں آر ای جی پی سکیم کے تحت ایک سیمنا رکا اہتمام کیا۔اس موقعہ پر اے ڈی ڈی سی اننت ناگ مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے موجودتھے۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے مہمان خصوصیِ نے کہا کہ ولیج مائیکرو انڈسٹریل سیکٹر پروڈکش،زرعی اورباغبانی پیداواروں کی پروسیسنگ اینڈ پکیجنگ سے جہاں اس صنعت سے وابستہ شعبوں کو فروغ حاصل ہوتا ہے وہیں روزگار کے وسائل بھی پیدا ہوتے ہیں۔انہوںنے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ ولیج انڈسٹریز اورمائیکرو انڈسٹریل سیکٹر کو جدید طریقہ کار سے فروغ دیا جائے۔تقریب میں کے وی آئی بی کے ماہرین،ڈی آئی سی اننت ناگ کے آفیسران اورمختلف بنکوں کے سربراہان نے شرکت کی اورشرکأ کو مختلف نوعیت کے قرضہ جات،سکیموں اور پروگراموں کے بارے میں جانکاری فراہم کی جن سے اُن کے معاشی حالات میں بہتری یقینی بن سکتی ہے۔
 

ایشین میل کے معاون مدیر کے برادر نسبتی فوت 

سرینگر//روزنامہ ایشین میل کے معاون مدیرعبدالمجید خان نوشہری کے برادر نسبتی محمدامین بٹ ساکن سرائے پائین لالچوک سرینگر مختصر علالت کے بعد انتقال کرگئے ۔موصوف کی وفات پر سماجی ،سیاسی و صحافتی تنظیموں نے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے تعزیت کااظہار کرتے ہوئے مرحوم کی جنت نشینی کی دعا کی ہے۔ ایڈیٹرس فورم ،فروغ اردو کونسل نوشہرہ سرینگر ،جمعیت الحدیث سرینگرنے تعزیت کااظہار کیا ہے۔ 
 
 

گورنر کے مشیروں سے وفود ملاقی

جموں//ممبر پارلیمنٹ راجیہ سبھا شمشیر سنگھ منہاس نے سول سیکرٹریٹ جموں میں گورنر کے صلاح کار کیول کمار شرما کے ساتھ ملاقات کر کے مختلف ترقیاتی امور پر اُن سے تبادلہ خیال کیا۔صلاح کار نے عوامی بہبود سے متعلق اُبھارے گئے معاملات پر ضروری کارروائی کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ ادھرگلچین سنگھ چاڈگ کی قیادت میں ڈوگرہ صدر سبھا کے ایک وفد نے جموں میں گورنر کے صلاح کار بی بی وِیاس سے ملاقات کر کے نمبرداروں ، سابق فوجی اہلکاروں اور مبارک منڈی کمپلیکس کی بحالی سے متعلق معاملات پر اُن سے تبادلہ خیال کیا۔وفد نے نمبرداروں کے مشاہرے میں اضافہ کرنے ، ایس آر او 363 کی ترمیم ، نمبرداروں کو شناختی کارڈ فراہم کرنے ، کنڈی کے کسانوں کے لئے خصوصی آبپاشی سکیم شروع کرنے ، مرہیال میں پینے کے پانی کی دستیابی اور کسانوں کے لئے زرعی پالیسی تشکیل دینے سمیت سابق فوجی اہلکاروں کی بہبود اور مبارک منڈی کمپلیکس کے بحالیاتی کام میں سرعت لانے کی مانگ کی ۔صلاح کار نے وفد کی جائز مانگوں پر بروقت کارروائی کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
 

معروف اردو افسانہ نگار آنند لہر فوت

ابرار چوہدری 
 
جموں//معروف اردو افسانہ نگار شام سندر آنند لہر طویل علالت کے بعد جمعرات کوانتقال کر گئے ۔ درجنوں کتابوں کے مصنف اوربہت سے اعزازحاصل کرچکے آنند لہر  پچھلے کچھ عرصہ سے فالج کے مرض میں مبتلا تھے ۔ان کی آخری رسومات بعد دو پہر 3بجے جوگی گیٹ شمشان گھاٹ میں ادا کی گئیں ، اس موقعہ پرتمام مکاتیب فکر سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں افراد موجود تھے۔ آنند لہر 2جولائی 1951کو پونچھ میں پیدا ہوئے اور اردو مضامین کے ساتھ گریجویشن کرنے کے بعد ایل ایل بی کر کے وکالت کا پیشہ اختیار کیا۔ جموں یونیورسٹی ، چودھری چرن سنگھ یونیورسٹی میرٹھ، دہلی یونیورسٹی و حیدرآباد یونیورسٹی میں ان کے متعدد افسانوی مجموعوں پر ایم فل کی گئی ہے تو گورو نانک دیو یونیورسٹی امرتسر میں ’آنند لہر فن اور حیات‘ کے موضوع پر پی ایچ ڈی کی سند دی گئی ہے ۔ آنند لہر نے ’نروان‘مختصر ڈرامے،طویل ڈرامہ ’تپسوی کون‘ ، ناول ’سرحدوں کے بیچ، مجھ سے کہا ہوتا،یہی سچ ہے ، نامدیو‘۔ افسانوی مجموعے ’سرحد کے اُس پار، انحراف، بٹوارہ، کورٹ مارشل، بٹوارہ، سریشٹا نے بھی یہی لکھا ہے ، سرحد‘ وغیرہ تحریر کئے جنہیں نہ صرف جموں کشمیر بلکہ ہندو پاک میں پذیرائی حاصل ہوئی۔ آنند لہر کو 1997میں راجستھان اردو اکیڈمی ایوارڈ اور اتر پردیش اردو اکیڈمی ایوارڈ سے نوازہ گیا۔ امریکن بایو گرافیکل انسٹی چیوٹ کی طرف سے مین آف دی ائیر ایوارڈ، میرا کیڈمی لکھنؤ، پراچین کلا کیندر چندی گڑھ ایوارڈ دیا گیا۔ 2003میں افسانوی مجموعہ ’سرحد کے اُس پار‘ کو اتر پردیش اردو فورم اعزاز ملا۔ جموں کشمیر اردو فورم، ادیان اکیڈمی اڑیسہ، لالہ جگت نارائن جالندھر، نمی ڈوگری سنستھا جموں،2008میں صدر جمہوریہ کی طرف سے ڈرامہ بٹوارہ کو 50ہزار روپے کا انعام دیا گیا۔ جموں کشمیر رائٹرز فورم اعزاز 2010، 2006میں اتر پردیش اردو اکادمی اعزاز (سرحدیں) کے لئے، چودھری چرن سنگھ یونیورسٹی میرٹھ کے شعبہ اردو اور جموں یونیورسٹی پروفیشنل اردو کورس اعزاز دیا گیا تھا۔ 
 

معروف ادیب و شاعر غلام نبی ناظر کی تیسری برسی 

کلچرل اکیڈیمی اور کشمیر یونیورسٹی کے اہتمام سے تقریب

سرینگر//اکیڈیمی آف آرٹ کلچر اینڈ لینگویجز نے شعبہ لسانیات یونیورسٹی آف کشمیر کے اشتراک سے لیکچر ہال شعبہ لسانیات میں معروف ادیب اور شاعر غلام نبی ناظر کی تیسری برسی پر خصوصی ادبی تقریب کا اہتمام کیا۔ تقریب کی صدارت نامور کشمیری قلمکار پروفیسر بشر بشیر نے کی جبکہ ایوانِ صدارت میں پروفیسر فاروق فیاض، شعبہ لسانیات کے سربراہ پروفیسر اعجاز محمد شیخ اور اکیڈیمی کے چیف ایڈیٹر انسائیکلوپیڈیا ظفر مظفر موجود تھے۔ مہمانوں کا استقبال کرتے ہوئے شعبہ لسانیات کے سربراہ پروفیسر اعجاز محمد شیخ نے غلام نبی ناظر کی شخصیت کے کچھ اہم پہلو بیان کئے اور اس بات پر فخر محسوس کیا کہ ’’یہ ہمارے لئے خوشی کا موقع ہے کہ ہم مرحوم غلام نبی ناظر کی برسی کے سلسلے میں یہ تقریب اپنے شعبے میں منعقد کرنے کا افتخار حاصل کررہے ہیں‘‘۔ اس موقعے پر پروفیسر فاروق فیاض نے غلام نبی ناظر کی ہمہ جہت شخصیت اور اُن کی ثقافت شناسی کے حوالے سے ایک جامع اور مُدلل توسیعی خطبہ پیش کیا جس میں انہوں نے اُن تمام حالات و واقعات کا بھی تذکرہ کیا جن میں غلام نبی ناظر نے اپنی شاعری کا آغاز کیا اور بعد میں تحقیق، تنقید ، ترجمہ اور دیگر ادبی اور علمی میدانوں میں کارہائے نمایاں انجام دیکر 40سے زیادہ کتابیں تصنیف کیں۔ صدارتی خطبے میں پروفیسر بشر بشیر نے مرحوم غلام نبی ناظر کی علمی شخصیت پر سیر حاصل بحث کی۔ اس دوران معروف شاعر ایوب صابر نے اپنے ظریفانہ انداز میں تقریب میں موجود حاضرین کو محظوظ کیا۔ تقریب کی نظامت کے فرائض اسسٹنٹ ایڈیٹر انسائیکلو میڈیا ڈاکٹر سید افتخار احمد نے انجام دئے۔