تازہ ترین

ریاست کے تشخص کے ساتھ چھیڑچھاڑقابل قبول نہیں:اعجازجان

6 دسمبر 2018 (00 : 01 AM)   
(      )

پونچھ//نیشنل کانفرنس پونچھ اکائی نے  صوبائی صدریوتھ نیشنل کانفرنس اعجاز احمد جان کی رہا ئش گاہ  پر مرحوم شیخ محمد عبداللہ کے 113ویں یوم پیدائش پر ایک تقریب منعقد کی گئی جس میں پارٹی کے زعماء نے شیخ محمد عبداللہ کی سیاسی و سماجی خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے انھیں خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم نے ریاست کی عوام کے حقوق کے لئے اس دور کی حکومت اور شخصی راج کی اینٹ سے اینٹ بجادی تھی۔ نیشنل کانفرنس یوتھ کے صوبائی صدراعجاز ااحمد جان نے سابق وزیر اعلیٰ مرحوم شیخ محمد عبداللہ کی خدمات کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ زرعی اصلاحات سمیت ریاست کی تعمیر و ترقی کے لئے مرحوم نے بیش بہا خدمات انجام دیں۔اْنہوں نے کہا کہ مرحوم شیخ محمد عبداللہ کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین عمل یہ ہوگا کہ ریاستی عوام کی بہبود اور ریاست میں امن ، بھائی چارے ، رواداری اور تعمیر و ترقی کے جذبے کو اپنایا جائے۔انہوں نے کہا کی مرحوم کی وطن پرستی قابل تعریف تھی۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم کی قربانیوں کی بدولت ریاست جموں و کشمیر کا اپنا انفرادی وجود ہے۔ انہوں نے مرکزی سرکار کو متنبہ کیا کہ وہ دفعہ 370 اور 35 اے کے ساتھ بالکل چھیڑچھاڑ نہ کریں۔انہوں نے کہا کہ اگر ان قوانین کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی گئی تو ریاست جموں و کشمیر کے حالات بد سے بدتر ہو جائیں گے جس کی ساری ذمہ داری مرکزی سرکار پر عائد ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریاست جموں و کشمیر کے عوام اس وقت کسمپرسی کا شکار ہے جس کی سب سے بڑی وجہ ریاست میں بھارتیہ جنتا پارٹی اور پی ٹی پی کی مخلوط سرکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکار نے عوام کا جینا حرام کردیا۔ انہوں نے کہاکہ اس وقت ریاست کے حالات بدترین حالات ہیں جس کی تمام تر ذمہ داری سابقہ سرکار پر عائد ہوتی ہے۔ تقریب کے دوران نیشنل کانفرنس کے ضلع صدد باغ حسین راٹھور، یوتھ صوبائی نائب صدر شفیق سن بابا، بلاک صرد سردار سرجن سنگھ ، کملجیت سنگھ، نیشو گپتا،راجو ٹھاکر، عبدالجبار اور دیگر ان نے بھی مرحوم شیخ محمد عبداللہ کو خراج عقیدت پیش کیا۔