تازہ ترین

کشمیر اور لداخ میں سخت سردیوں کا سامنا

موسم خشک،شبانہ درجہ حرارت مسلسل گھٹ رہا ہے

6 دسمبر 2018 (00 : 01 AM)   
(      )

 سرینگر //کشمیر وادی اور خطہ لداخ میں کم سے کم درجہ حرارت میں گراوٹ کا تسلسل جاری ہے۔منگل اور بدھ کی درمیانی رات کو بھی سرینگر میں کم سے کم درجہ حرات منفی 3.0ڈگری سیلشیس تک گرگیا جبکہ اس سے قبل  شہر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی3.2ڈگری سیلشیس تھا ۔دسمبر کی آمد کے ساتھ ہی درجہ حرارت میں مسلسل گراوٹ آرہی ہے اور اس وجہ سے جہاں وادی کے لوگ ٹھنڈ کی وجہ سے ٹھٹھر رہے ہیں وہیں خطہ لداخ کے لیہہ کرگل اور دراس میں لوگ صبح اور شام گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کر رہے ہیں ۔محکمہ موسمیات کے ترجمان کے مطابق کرگل قصبہ میں یہ درجہ حرارت منفی10.9ڈگری سیلشیس ریکارڈ کیا گیاجبکہ گرگل کے دراس قصبہ میں درجہ حرارت منفی14ڈگری سیلشیس تک گرگیا،لہیہ میں رات کا درجہ حرارت منفی10.6ڈگری ریکارڈ کیا گیا ۔محکمہ موسمیات نے کشمیر خطہ میں درجہ حرارت کے حوالے سے بتایا کہ سیاحتی مقام پہلگام میں رات کا کم سے کم درجہ حرارت منفی5.1ڈگری سیلشیس، سیاحتی مقام گلمرگ میں منفی4.0ڈگری ،قاضی گنڈ منفی 2.6ڈگری سلسیش ،کپواڑہ 3.0اور کرناگ منفی 1.9ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ادھر مطلع ابر وآلود اور گہری دھند رہنے سے حد نگاہ کم ہونے کے سبب دارالحکومت سرینگر سمیت اہم شاہراہوں پر ٹریفک کی آمد ورفت میں خلل پڑا۔صبح اور شام کے اوقات گہری دھند میں دارلحکومت سرینگر کی اہم ترین سڑکوں کے ساتھ سرینگر ۔جموں شاہراہ ،سرینگر ۔مظفر آباد شاہراہ دیگر کی کئی اہم سڑکوں پر ٹریفک کی آمدورفت میں خلل پڑا جبکہ ڈرائیوروں کو صبح کے اوقات ہیڈ لائٹس کا استعمال کرنا پڑا ۔