تازہ ترین

کانگریس وبھاجپا جمہوریت کے دشمن

این سی اپنے بل پر الیکشن لڑیگی:رانا

6 دسمبر 2018 (00 : 01 AM)   
(      )

نیوز ڈیسک
 جموں// نیشنل کانفرنس صوبائی صدر دیوندر سنگھ رانا نے کہا ہے کہ کانگریس اور بی جے پی ریاست میں جمہوریت کیلئے ویلین کارول ادا کررہی ہیں ۔انہوں نے کہاکہ نیشنل کانفرنس آئندہ انتخابات کسی جماعت کے ساتھ مل کر نہیںبلکہ اپنے بل بوتے پر لڑے گی اور اپنے دم پر مضبوط سرکار بنائے گی ۔شیخ محمد عبداللہ کے 113ویں یوم پیدائش کے موقعہ پر شیر کشمیر بھون میںایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رانا نے کہاکہ کانگریس نے 1953سے 1984تک ریاست میں منتخبہ حکومتوں کو گرانے کی سازشیں رچیں اور جمہوری نظام کو نقصان پہنچایاجبکہ بھاجپا کا حالیہ دوہرا معیار بھی جموں وکشمیر کی جمہوری تاریخ کا ایک سیاہ باب بن گیاہے ۔انہوں نے کہاکہ نیشنل کانفرنس آئندہ اسمبلی انتخابات کے لئے پوری طرح تیار ہے اور ریاست میں اپنے دم پر مضبوط سرکاربنائے گی جو جموں و کشمیر کی عوام کے فلاح وبہبود کے لئے کام کرے گی ۔ انہوں نے تقریب کے حاشئے میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا’’نیشنل کانفرنس انتخابات کے لئے پوری طرح تیا ر ہے ، ہم نہ کانگریس کے ساتھ نہ ہی کسی دوسری جماعت کے ساتھ مل کر انتخابات لڑیں گے ،ہم اپنے دم پر ہی انتخابات میں حصہ لیں گے‘‘۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا ’’ بھارتیہ جنتا پارٹی کے کچھ لوگ اسمبلی نشستوں کو ریزرو کرنے کے لئے ریاستی گورنر پر روز ڈال رہے ہیں ،بی جے پی نے ان اسمبلی نشستوں کو ریزرو کرنے کی سفارش کی ہے جن پر بی جے پی جیت حاصل نہیں کرسکتی‘‘۔انہوں نے کہا ’’گورنر صاحب قابل آدمی ہیں جیسے انہوں نے پیپلز کانفرنس کے سربراہ سجاد لون کی قیادت میں بننے والی سرکار کو نہیں بننے دیاوہ ( گورنر ) آئندہ بھی اسی طرح غیر جانبداری کے ساتھ کا م کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ گورنر نے بذت خود کہا تھا کہ دہلی( مرکزی سرکار) چاہتی تھی کہ سجاد لو ن کو وزیر علیٰ بنایا جائے اس لئے انہوں نے(گورنر) ریاستی اسمبلی کو تحلیل کیا ،ہمیں اُمید ہے کہ آئندہ بھی گورنر صاحب غیر جانبدارانہ طریقے سے کام کریں گے۔گورنر کا غیر جانبدارانہ رول ہی جموں وکشمیر کی بہتری کے لئے اچھا ہوگا ‘‘۔