تازہ ترین

شیخ محمد عبداللہ کے 113ویں یوم پیدایش پر تقریبات منعقد

نسیم باغ حضرت بل میں مرحوم کے مرقد پر گُلباری اور فاتحہ خوانی

6 دسمبر 2018 (00 : 01 AM)   
(      )

سرینگر//سابق وزیر اعلیٰ اور نیشنل کانفرنس کے بانی شیخ محمد عبداللہ کے 113ویں یوم پیدایش پر اُن کے مقبرہ واقع نسیم باغ حضرت بل میں سخت سردی کے باوجود کارکنان نیشنل کانفرنس ، مختلف سیاسی ، سماجی اور دینی جماعتوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ صبح صادق سے ہی مرحوم کے مرقد پر گُلباری اور فاتحہ خوانی کی گئی جبکہ صبح 9بجے سے قرآن خوانی کی مجلس آراستہ ہوئی جس میں مختلف ایمہ مسجد، نعت خوان اور علمائے کرام نے شرکت کی۔ پارٹی کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور نائب صدر عمر عبداللہ نے صبح 11بجے ہی مزار قائد پر آکر فاتحہ خوانی اور گلباری انجام دی۔ پارٹی جنرل سکریٹری علی محمد ساگر، معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفیٰ کمال اور صوبائی صدر ناصر اسلم وانی ، سینئر لیڈران عبدالرحیم راتھر، چودھری محمد رمضان، شریف الدین شارق، مبارک گل، محمد اکبر لون کے علاوہ تمام سرکردہ لیڈران، عہدیداران، ضلع اور بلاک صدور نے فاتحہ خوانی اور گُلباری میں شرکت کی ۔شیر کشمیر بھون جموں، پیرپنچال، چناب ، لیہہ ، کرگل اور ریاست کے دیگر صدر اور تحصیل مقامات پر شیخ محمد عبداللہ کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
 
 

ساگر کا اظہار تشکر

سرینگر// نیشنل کانفرنس کے جنرل سیکریٹری علی محمد ساگرنے ریاستی عوام خصوصاً اُن تمام لوگوں بالخصوص پارٹی سے وابستہ کارکنوں ، جنہوں نے سردی کے باوجود شیخ محمد عبداللہ کوخراج عقیدت پیش کرنے کیلئے اُن کے مرقد پر حاضری دینے کیلئے پارٹی عہدیداران اور کارکنوں خصوصاً عوام کا شکریہ ادا کیا۔  ساگر نے کہا کہ نیشنل کانفرنس ایک تحریک کا نام ہے اور ہمیشہ سے ریاست کی سالمیت ، فرقہ وارانہ اتحاد اور عوامی مفادات کو تحفظ دینے کیلئے کام کرتی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کا عوام تا قیامت شیر کشمیر کی عظیم اور پاک قربانیاں فراموش نہیں کرسکتے ہیں۔