تازہ ترین

ابوظبی ٹیسٹ کے دوسرے روز پاکستان نے 3 وکٹوں پر 139 رنز بنالئے

4 دسمبر 2018 (07 : 11 PM)   
(      )

نیو ڈسک
ابوظبی//پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان جاری فیصلہ کن ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز پاکستان نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 139 رنز بنالیے، اظہر علی نے شاندار نصف سنچری اسکور کی۔تفصیلات کے مطابق پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تیسرے اور فیصلہ کن ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 139 رنز بنالیے ہیں جبکہ نیوزی لینڈ کی سبقت ختم کرنے کے لیے مزید 135 رنز درکار ہیں۔نیوزی لینڈ کے 274 رنز کے جواب میں پاکستان نے اپنی اننگز شروع کی تو پہلے ہی اوور میں محمد حفیظ بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے، دوسرے وکٹ امام الحق کی گری جو 9 رنز بنا کر سلپ میں کیچ دے بیٹھے۔اس کے بعد اظہر علی اور حارث سہیل نے ٹیم کو سہارا دیا تاہم حارث سہیل بھی ٹم ساؤتھی کی گیند پر 34 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔دوسرے روز کا کھیل ختم ہوا تو اظہر علی 62 اور اسد شفیق 26 رنز پر کریز پر موجود تھے۔نیوزی لینڈ کی جانب سے تینوں وکٹیں فاسٹ بولر نے حاصل کی، ٹرینٹ بولٹ نے دو اور ٹم ساؤتھی نے ایک وکٹ حاصل کی۔اس سے قبل آج ابوظہبی ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز نیوزی لینڈ نے 229 رنز 7 کھلاڑی آؤٹ سے اپنی اننگز کا آغاز تو صرف 45 رنز کے اضافے کے بعد پوری ٹیم 274 رنز پرآؤٹ ہوگئی۔قومی کرکٹ ٹیم کے نوجوان باؤلر بلال آصف نے نیوزی لینڈ کے خلاف شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 وکٹیں حاصل کیں، یاسر شاہ نے 3 جبکہ حسن علی اور شاہین آفریدی نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔یاد رہے کہ گزشتہ روز پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان جاری فیصلہ کن ٹیسٹ میچ کے پہلے روز نیوزی لینڈ نے 7 وکٹوں پر 229 رنز بنائے تھے۔