تازہ ترین

شاہ اسرار الدین بغدادیؒ کے عرس کی سالانہ تقریبات

9 نومبر 2018 (52 : 02 AM)   
(      )

نیو ڈسک
کشتوار/سالانہ عرس مبارک تاج الاولیاء حضرت شاہ سید اسرارالدین ولی قادری بغدادیؒ کی تقریبات نہایت تزک و احتشام اور عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جارہی ہیں۔سب سے بڑی تقریب انکے آستانہ عالیہ دربار اسراریہ کشتوار شریف میں10 نومبر کو منعقد ہوگی جس کی سربراہی سجادہ نشین قبلہ پیر ریاض احمد زید مجدہٗ فرمائیں گے۔ انجمن اہلسنت و جماعت جموں و کشمیر و غوثیہ عربی کالج ٹرسٹ قاضی گنڈ کے سربراہِ اعلیٰ پیر طریقت قبلہ میر سید محمد شفیع اندرابی مدظلہٗ العالی نے خانوادۂ رسول ؐ کے اِن حسینی ، فریدی پھول کی دینی خدمات اور روحانی برکات کے حوالے سے گلہائے عقیدت پیش کرتے ہوئے فرمایا کہ مبلغ اعظم شیخ الاسلام اعلٰحضرت سید شاہ محمد فرید الدین قادری بغدادی ؒ اور انکے پر کمال ذی وقار اولاد اطہار نے عظمت اسلام کو نکھار کر پرچم اسلام کو سربلند کیا۔ حق و صداقت کو حیات نو بخشی، گمراہوں کی رہبری کی اور انہیں نہ صرف انسانیت سے با خبر کیا بلکہ معرفت الٰہی سے ان کے قلوب کو جلا بخشی۔ آپ کی نگاہ کیمیا اثر نے گناہ گاروں کو نیکو کار بنایا۔ لاکھوں گم گشتگان راہ کو منزل مراد سے ہمکنار فرمایا۔ سرکش راجاؤں مہاراجاؤں کو قدموں میں جھکایا اور اعلیٰ اقدار سے انہیں روشناس کرایا۔خطہ چناب میں کشتواڑ کو مرکز عقیدت بنا کر بغداد ثانی کا مقام بخشا۔آپ نے شریعت کو درخت اور طریقت کو اس کا ثمر(پھل) جان کر دین حق کی آبیاری فرمائی۔ خطہ میں آپ کے احسانات ناقابل فراموش ہیں۔آپ کے دربار فیض آثار(دربار فریدیہ، دربار اسراریہ) سے آج بھی رشدو ہدایت جاری و ساری ہے۔موجودہ پر آشوب دور میں آپ کی تعلیمات و ارشادات پر عمل کرنے کی سخت ضرورت ہے ۔ تصفیہ قلب اور تزکیہ نفس کیلئے ہر وقت مرشد کامل کی ضرورت مسلّمہ ہے۔ تاریخ گواہ ہے کہ مرد مؤمن کی تربیت اور نگاہ ولایت سے ہی حق شناسی اور حق طلبی کی شمع روشن ہوکر صراط مستقیم پر چلنا نصیب ہوتا ہے۔
 

تازہ ترین