تازہ ترین

مزید خبرں

9 نومبر 2018 (00 : 01 AM)   
(      )

ممبر اسمبلی گاندربل

 چیف سیکریٹری سے ملاقی

جموں//ایم ایل اے گاندربل شیخ اشفاق جبار انے چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم کے ساتھ ملاقات کر کے ریاست میں حالیہ برفباری سے پیدا شدہ صورتحال پر ان کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔ ایم ایل اے موصوف نے میوہ صنعت اور میوہ فصلوںکو پہنچے نقصان کے بارے میں چیف سیکرٹری کو جانکاری دیتے ہوئے اس سلسلے میں سروے کرنے کی مانگ کی۔ اُنہوں نے اپنے مطالبات کی فہرست بھی پیش کی۔ 
 

اونتی پورہ شاہراہ متعدد ناجائز تعمیرات منہدم 

انہدامی مہم جاری رکھنے کا ترقیاتی کمشنر پلوامہ کا اعلان

پلوامہ//ضلع انتظامیہ پلوامہ نے ناجائز تعمیرات وتجاوزات کے خلاف جاری مہم کے دوران اونتی پورہ میں سرینگر جموں شاہراہ پر کھڑی کی گئی ناجائز تعمیرات کو منہدم کیا۔تحصیلداراونتی پورہ کی قیادت میں انہدامی ٹیم نے غیر قانونی تعمیرات کے انہدامی کیلئے ایک خصوصی کارروائی عمل میں لائی۔ترقیاتی کمشنر نے کہا کہ ناجائز تعمیرات وتجاوزات پر روک لگانے کے لئے انتظامیہ کو پوری طرح متحرک ہونے کی ہدایت دی گئی ہے اور  صدفیصد خاتمے کے لئے خصوصی ٹاسک فورس کی ٹیموںکو بھی تشکیل دیا ہے جنہیں روزانہ کی بنیادوں پر ڈپٹی کمشنر کے دفتر میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
 

آغا حسن سے مولانا طاری ملاقی

سرینگر//ڈیمو کریٹک فریڈم پارٹی کے سیکریٹری جنرل مولانا محمد عبد اللہ طاری نے بڈگام میں انجمن شرعی شیعان کے سربراہ سیدآغا حسن کے ساتھ ملاقات کی۔ سیدآغا حسن کے نام بھارت کی تحقیقاتی ایجنسی این اے آئی نے حال ہی میں سمن جاری کیا تھا۔مولانا طاری نے آغا حسن کی خیر و عافیت دریافت کی اور اُن کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔مولانا طاری نے جاری تحریک آزادی میں سید آغا حسن کے رول کی سراہنا کی اور محبوس فریڈم پارٹی سربراہ شبیر شاہ کے ساتھ اُن کے دیرینہ تعلق کو قابل تحسین قرار دیا۔دریں اثناء فریڈم پارٹی نے جنوبی کشمیر کے شوپیان ضلع میں حال ہی میں مارے گئے عسکریت پسندوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
 

 مساجدومدارس اورمالی وسائل

گورنر کے بیان پر جمعیت اہلحدیث سیخ پا

سرینگر//جمعیت اہلحدیث نے ’مساجدومدارس اورمالی وسائل ‘سے متعلق ریاستی گورنرکے بیان کویکسرمستردکرتے ہوئے یہ واضح کیاہے کہ وہ تبلیغ دین اورمسئلہ کشمیرسے متعلق اپنے موقف سے کبھی دستبردارنہیں ہوگی ۔جمعیت اہلحدیث جموںوکشمیر کے صدر پروفیسر غلا م محمد بٹ المدنی نے ایک اعلیٰ سطحی تنظیمی میٹنگ کے دوران کہاکہ  کچھ روز پہلے چند اخبارات میںشائع شدہ ریاست جموںوکشمیر کے گورنر کا بیان جو اُنہوں نے جمعیت اہلحدیث جموںوکشمیر کے مدارس و مساجد اور مالی وسائل وغیرہ کے بارے میں دیا ،وہ سنی سنائی کہانی کانتیجہ ہے ۔انہوں نے گورنر کے اس بیان پر حیرانگی وشدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ان تمام الزامات کو سختی سے مسترد کردیا اور اس کو ذہنی اختراع اور سنی سنائی کہانی کا شاخسانہ قرار دیا۔انہوں نے واضح کیا کہ جمعیت ہمیشہ امن کی قائل رہی ہے اورکسی بھی غیر قانونی کاموں میںملوث نہیں رہی ہے البتہ اس نے ہمیشہ خون خرابہ مار دھاڈ قتل وغارتگری کی مذمت کی ہے اور واشگاف الفاظ میںاعلان کیا کہ مسئلہ کشمیر کا حل صرف اور صرف سہ فریقی بات چیت میںہے ۔پروفیسر غلا م محمد بٹ المدنی نے یہ بھی واضح کیاکہ جمعیت کا منہج قرآن وسنت ہے اور وہ اس سے دستبردار نہیں ہوگی نہ ہی کسی دھونس ودبائو کبھی قبول کرے گی۔بیان کے مطابق ناظم اعلیٰ جمعیت اہلحدیث ڈاکٹر عبداللطیف الکندی نے کہا ہے کہ ریاست جموں وکشمیر برسہا برس سے مختلف قوتوں کے بیچ وجہ نزاع بنی ہوئی ہے اور اس سلسلے میںاقوام متحدہ سے لے کر شملہ اور دلی سے لے کر اسلام آباد تک سینکڑوں نشستیں ، ہزار ہا ریلیاں یہاں تک کہ تین جنگوں تک کی نوبت آچکی ہے اور یہ خطہ ہمیشہ آگ وآہن اور بارود کی زد میںرہا ہے اور ہر طرف سے اس مسئلے سے جڑے طبقات کے بیچ بات چیت کے ذریعے مسئلے کے حل کیلئے آوازیں اُٹھتی ر ہیں اور جمعیت اہل حدیث جموں وکشمیر بھی اسی کی متمنی ہے کہ برصغیر امن وسکون کاگہوارہ بن جائے اور یہاں کے لوگ تعلیم ، معیشت اور صحت جیسی بنیادی ضروریات پر توجہ مرکوز کرسکیں ،مگر بدقسمتی سے اصل معاملات کو ایڈریس کرنے کی بجائے دھونس دبائو کی پالیسی اپنائی گئی اور الزام تراشیوں ، بدگمانیوں کو بنیاد بنا کر جنت جہنم کے مسلمہ عقائد کو اپنے تمسخر کا نشانہ بنایا جاتا ہے اور مساجد ومدارس کے تقدس کو پامال کرکے مسلمانوں کے درمیان تفرقہ ڈالنے کی منصوبہ بند سازشیںکی جاتی ہیں ،جس کی جمعیت اہلحدیث بھر پور مذمت کرتے ہوئے، اصل حقیقت پر دھیان دینے کا مشورہ دیتی ہے ۔
 

ربیع الاول کی آمد پر ڈاکٹر فاروق کی مبارکباد 

سرینگر//نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور نائب صدر عمر عبداللہ نے ربیع الاول کے بابرکت اور فضیلت والے مہینے کی آمد پر عالم اسلام خصوصاً وادی کے مسلمانوں کو مبارکباد پیش کی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ربیع الاول کو بابرکت اور فضیلت والا مہینے کی حیثیت میں عطا کیا ہے اور اِسی مہینے کی بارہویں تاریخ کو پیغمبر آخر زمانﷺ کی ولادت باسعادت ہوئی ہے۔ ڈاکٹر فاروق نے اُمید ظاہر کی کہ اللہ تعالیٰ یہ مہینہ عالم اسلام کی سربلندی، عالم انسانیت کی بقا اور عالم اسلام میں پائیدار امن کا ضامن ثابت ہو۔ اُنہوں نے ڈویژنل انتظامیہ سے اپیل کی کہ وہ ایام عید میلادالنبیﷺ کے دوران اور تقریب سعید میلاد النبیﷺ پر حضرت بل اور دیگر بقعہ جات میں زائرین کیلئے تمام سہولیات میسر رکھیں۔ 
 

بیرون ریاست طالب علموں کی ہراسانی کی مذمت 

سرینگر//مسلم لیگ نے بیرون ریاست کشمیری طالب علموں کو مختلف تعلیمی اداروں میں ہراساں کرنے کو ان کے تابناک مستقبل کو جان بوجھ کر تاریک بنانے کی ایک گہری سازش سے تعبیر کرتے ہوئے مذمت کی ہے۔لیگ ترجمان سجاد ایوبی نے بیان میں کہا ہے کہ بھارت کے تعلیمی اداروں میں جس طرح کشمیری طالب علموں کو مختلف حیلے بہانے تراش کر ہراساں اور پریشان کیا جارہا ہے ،وہ نہ صرف تشویشناک معاملہ ہے بلکہ اس کی وجہ سے ان کے والدین اور عزیز و اقارب پریشانی سے دوچار ہوتے ہیں۔
 
 

آزادی سے کم قربانیوں کا کچھ نعم البدل نہیں: بلال صدیقی

سرینگر//تحریک مزاحمت کے چیئرمین بلال احمد صدیقی نے کہا ہے کہ رواں جدوجہد میں دی جارہی قربانیاں انمول ہیں اور آزادی سے کم ان قربانیوں کا کچھ نعم البدل نہیںہے ۔ ایک بیان کے مطابق بلال صدیقی ، شیخ مصعب، ریاض احمد اور محمد رفیق پر مشتمل وفد نے اپر گلاب باغ سوپور، براٹھ کلاں سوپور اور خانپورہ بارہمولہ جا کر حالیہ ایام میں فورسز کے ساتھ معرکہ آرائیوں کے دوران مارے گئے نصیر احمد تیلی، میر منہاج محی الدین اور عاقل احمد صوفی کے لواحقین سے تعزیر پرسی کی اور پُرسا دیا۔ بلال صدیقی نے جدوجہد میں مصروف جیالوں کو تحریک آزادی کا حقیقی ہیرو قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں انمول ہیں جنھیں دنیا کی کوئی بھی دولت خرید نہیں سکتی اور نا ہی آزادی سے کم ان قربانیوں کا کچھ نعم البدل ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ’ ہمیں انفرادی اور اجتماعی سطح پر اس بات کے حوالے سے سنجیدگی کا ثبوت فراہم کرنا ہوگا کہ ہمارا کوئی عمل ان قربانیوں کے تقدس کی توہین کا باعث نہ بنے‘۔
 

ریاست میں عرس حضرت امام حسنؓ عقیدت و احترام سے منایاگیا

سرینگر// ریاست کے طول ارض میں سیدنا حضرت امام حسن مجتبیٰ ؓ کا عرس مبارک (یوم شہادت) عقیدت واحترام کے ساتھ منایا گیا ۔ اس سلسلے میں مختلف مساجدوں ، زیارت گاہوں ، خانقاہوں میں تقریبات ہوئے ۔ مختلف مقامات پر منعقدہ مجالس میں علمائے کرام نے حضرت امام حسنؓ کی سیرت طیبہ،علم اور روحانی کمالات پر روشنی ڈالی۔جمعیت ہمدانیہ کے سربراہ میر واعظ مولانا ہمدانی نے پیغام میں کہا کہ حضرت امام حسنؓؓؓ خاندان رسالتﷺ کے چشم وچراغ سے بڑھکر آغوش نبوتﷺ میں پروردہ ہوئے ، عبادت میں ایک لاثانی رتبہ اﷲ نے عطا کیا تھا۔انہوں نے کہاکہ تاقیامت مسلمانوں کے دلوں میں اہلبیت رسول ﷺ کی محبت ، عزت زندہ رہے گی اور اہلبیت رسول ﷺ کی محبت ، عزت واحترام مسلمانوں کی ایمان کی نشانی ہے۔ آستان عالیہ علم صاحب نرورہ ،خانقاہِ معلی، زیارت مرزا اکمل الدین بدخشی، آستان شاہ کلندر لار اور آستان عالیہ حضرت شیخ محمد ابراہیم (المعروف کاکا صاحب ) جمالٹہ میں بھی مجالس منعقد ہوئی ۔ جہاں درود ازکار ، ختمات المعظمات کی مجلس آراستہ ہوئی اور تبروکات کی نشاندہی کی گئی ۔
 

وانگت میں کتے نے4افراد کو کاٹ کھایا

کنگن/ غلام نبی رینہ// وانگت کنگن میں آوارہ کتے نے 3خواتین سمیت 4 افراد کو کاٹ کھایا ۔وانگت میں اس وقت خوف و دہشت کا ماحول پیدا ہو گیا جب ایک آوارہ کتے نے راہ چلتی شمیمہ بیگم ،مسرت بانو ، سلیمہ بیگم اور عبدلرشید شیخ پر حملہ کرکے انہیں زخمی کیا۔ زخمیوں کو فوری طور پر علاج و معالجہ کے لئے ٹرامہ ہسپتال کنگن منتقل کیا گیا جہاں سے انہیں علاج و معالجہ کے بعد رخصت کیا گیا ۔مقامی لوگوں کاکہنا ہے کہ کنگن اور اس کے مضافاتی علاقوں میں آوارہ کتوں کی تعداد میں دن بہ دن اضافہ ہورہا ہے جس کے باعث ان علاقوں میں میں رہنے والے لوگ خاص کر خواتین، بزرگ اور طلاب صبح اور شام کے وقت گھر سے باہر نکلنے میں خوف محسوس کررہے ہیں ۔ مقامی آبادی نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ علاقے میں آوارہ کتوں کو ٹھکانے لگانے کے لئے فوری طور اقدامات کئے جائیں۔
 

چیف سیکریٹری کا شاہد اقبال کے ساتھ اظہار تعزیت 

جموں//چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم نے ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری کے والد حاجی سلام الدین چودھری کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری اور سوگوار کنبے کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے چیف سیکرٹری  نے مرحوم کی روح کے ابدی سکون کے لئے دعا کی ہے۔
 

منی سیکریٹریٹ بانڈی پورہ میں تعزیتی اجلاس

عازم جان 
بانڈی پورہ //منی سیکریٹریٹ بانڈی پورہ میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ظہیر احمد میر کی صدارت میں تعزیتی اجلاس منعقد کیا گیا جس میں تمام ضلع افسران اور ملازمین نے شرکت کی ۔ اجلاس میں ضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ ڈاکٹر شاہد اقبال چوہدری کے والد کے انتقال پر ان کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیاگیا۔ اے ڈی سی بانڈی پورہ ظہور احمد میر نے مرحوم کو شاندار الفاظ خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ادھر ٹریڈریس فیڈریش کے صدر شمشاد احمد ماگرے نے بانڈی پورہ ٹریڈ کی جانب سے بھی تعزیت کااظہار کرتے ہوئے ہوئے کہا کہ وہ بھی اس غم میں برابر کے شریک ہیں۔
 

جموںمیں کشمیری پنڈت کے قتل کا معاملہ

خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی جائے:پنڈت کارڈی نیشن کمیٹی

جموں //آل پارٹی مہاجرین کار ڈی نیشن کمیٹی  نے دلیپ لینگر کے قتل کی شد ید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے واقعہ میں ملوث ملزمان کیخلاف سخت کاروائی کی مانگ کی ۔یہاں جاری بیان میںچیئر مین ونود پنڈت اور تنظیم کے قومی ترجمان کنگ کے بھارتی نے مذکورہ واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ کی تحقیقات کیلئے خصوصی تحقیقاتی ٹیم کو تشکیل دیا جائے تاکہ واقعہ میں ملوث افرادکی پہچان کر کے ان کو سزا ددی جاسکے ۔یاد رہے دلیپ لینگر کو گزشتہ شب نامعلوم فراد ان کی بیٹی کی شادی کے دوران کے کے ریزورٹس کے پاس حملہ کر کے قتل کر دیا تھا ۔تنظیم نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ لواحقین کو ریلیف دی جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جا ئے کہ آئندہ ایسے واقعات پیش نہ آئیں ۔انہوں نے ریاستی گور نر ستیہ پال ملک سے اپیل کی کہ وہ ذاتی مداخلت کر کے خصوصی تحقیقاتی ٹیم کا اعلان کریں تاکہ ملوثین کو قانون کے مطابق سزا دی جاسکے۔ 
 

برفباری سے باغبانی شعبے کو نقصان

ترقیاتی کمشنر کولگام کامتاثرہ میوہ باغات کا دورہ

کولگام //ضلع ترقیاتی کمشنر کولگام ڈاکٹر شمیم احمد وانی نے کل کولگام میںنور آباد علاقے کاد ورہ کرکے وہاں حالیہ برفباری سے میوہ باغات کو ہوئے نقصان کا جائز ہ لیا۔انہوںنے باغبانی شعبے کے آفیسران کو میوہ باغات کو ہوئے نقصان کے بارے میں جائزہ لینے کی ہدایت دی تاکہ متاثرین کو معقول معاوضہ فراہم کیا جاسکے۔ انہوںنے اس مقصد کے لئے باغبانی شعبے کے آفیسران کے علاوہ پٹواریوں اور گرداوروں کی خدمات حاصل کرنے اوراس سلسلے میں رپورٹ تیار کرنے کی ہدایت دی جس کی بنیاد پر میوہ اگانے والوںکو معاوضہ فراہم کیا جائے گا۔ترقیاتی کمشنر کے ہمراہ اے سی آر،ایس ڈی ایم نور آباد، تحصیلدار ڈی ایچ پورہ اور چیف ہارٹیکلچر آفیسر کے علاوہ دیگر متعلقہ آفیسران بھی تھے۔معائنے کے دوران کئی عوامی وفود اورفروٹ گروورس کے نمائندوںنے بھی ترقیاتی کمشنر کے ساتھ ملاقات کی اور انہیں میوہ باغات کو ہوئے نقصان کے بارے میں جانکاری دینے کے علاوہ اُن کے کے سی سی قرضے معاف کروانے کا مطالبہ کیا۔
 

متاثرین کو معاوضہ دیا جائے:مبارک گل

سرینگر // جموں وکشمیر رورل ڈیولپمنٹ سوسائٹی کور گروپ کی ایک میٹنگ مبارک گل کی صدارت میں منعقد ہوئی۔ میٹنگ سے چیئرمین شمالی کشمیر خواجہ محمد شفیع، صوبائی چیئرمین محمد مقبول میر، وائس چیئرمین محمد اشرف خان، جنرل سیکریٹری محمدامین ٹکہ اور کور گروپ کے اراکین نے خطاب کیا۔ میٹنگ میں مبارک گل نے گورنر انتظامیہ پر زوردیا کہ وہ فوری طور پر حالیہ برفباری اور بارشوں سے جو میوہ باغات کو نقصان ہوا ہے، اس کا تخمینہ لگاکر مالکان باغات کو معاوضہ دیا جائے اور انتظامیہ کو متحرک کیا جائے تاکہ ان سردیوں کے ایام میں لوگوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے اور دوردراز اور پہاڑی علاقوں میں راشن ڈیپو پر چاول، آٹا اور تیل خاکی کو پہنچایاجائے۔ 
 

کوکر ناگ کا گمشدہ نوجوان کولگام سے بازیاب

سرینگر//7اگست 2018کو عبدالغنی ڈار ولد غلام حسن ساکنہ بندو کوکر ناگ نے پولیس اسٹیشن میں تحریری طورپر شکایت درج کی کہ اُس کا بیٹا محمد عمران اچانک لاپتہ ہو گیا اور کافی تلاش کے باوجود بھی اُس کا کئی پر اتہ پتہ نہیں چل سکا۔ پولیس نے گمشدگی کی رپورٹ درج کرکے لاپتہ لڑکے کو تلاش کرنے کیلئے کارروائی شروع کی۔ چنانچہ سخت کوششوں کے بعد گمشدہ لڑکے کو کولگام سے باز یاب کرکے قانونی لوازمات پورے کرنے کے بعد والدین کے سپرد کیا گیا ۔
 

گوم احمد پورہ میںضلعی حُسینی مشاعرے کا انعقاد

سرینگر// اکیڈیمی آف آرٹ کلچر اینڈ لینگویجز کے اہتمام اور دایرئہ حُسینی لشکرِ مُقتدی خدمت گار کمیٹی امام باڑہ زینبؑ دارالمصطفی خمینی آباد گوم احمد پورہ کے اشتراک سے امام باڑہ زینبؑ میں ضلعی حُسینی مشاعرے کا انعقادکیا گیا۔ مشاعرے کی صدارت نامور ادیب اور شاعر  سعد الدین سعدی نے کی جبکہ محمد یوسف مشہور اورفیاض تلگامی بھی ایوانِ صدارت میں موجود تھے۔مشاعرے میں ضلع بھر سے آئے ہوئے مقتدر شعراء حضرات نے شرکت کی ۔ مشاعرے میں جن شعراء نے امام عالی مقام علیہ السلام کے تئیں اپنا خراج پیش کیا اُن میں فیاض تلگامی، سعد الدین سعدی، تنہا نظامی، محمد یوسف مشہور، شہناز رشید، شیر علی مشغول، رنجور تلگامی، فاروق رفیع آبادی، شبیر احمد شبیر، رشید کانسپوری، یوصف صمیم، غلام محمد گونی، شبنم تلگامی، شبنم گلزار، ریاض پروانہ، عابد اشرف،غلام حسن درویش، فاروق واگوری، سید سرور ہاشمی، امین اشرف، ممتاز گوپھ بلی، ہلال کشمیری، رشید روشن، نثار گلزر، نور الدین ہوش، شیخ محمد عباس ، شہزاد منظورقابلِ ذکر ہیں۔ مجلس کے آخر پر ذاکرِ حُسین تصدق حُسین نے مرثیہ خوانی پیش کی۔
 

’کربلا کے اقدار‘،کشمیر یونیورسٹی میں سمینار 

سرینگر//کشمیر یونیورسٹی میں کل ‘Values of Karbala’کے موضوع پر یک روزہ سمینار منعقد ہوا جس میںمختلف شعبوں میں زیر تعلیم یونیورسٹی طلاب ،سکالروں اور فیکلٹی ممبران نے  شرکت کی۔جسٹس (ر) بشیر کرمانی اور سید لیاقت موسوی اس موقعہ پر مہمان خصوصی تھے ۔وائس چانسلر پروفیسر طلعت احمد نے اس متبرک سیمینار کے انعقاد پر سٹوڈنٹس ویلفیر شعبہ کی سراہنا کی اور کہا کہ 2014کے بعد یونیورسٹی میں اس قسم کا سمینار منعقد کرنا قابل فخر ہے ۔
 

پونچھ میںزیڈ ای اوکی ہزیمت آمیزحرکت

 سکولی ٹیچرکو ’کان پکڑکراُٹھک بیٹھک‘کرنے پرمجبور کیا

پونچھ//ایک اسکولی پرنسپل جس کوزونل ایجوکیشن آفیسرکااضافی چارج دیاگیاہے ،نے تمام ترقواعدوضوابط اوراصولوں کوبالائے طاق رکھتے ہوئے ایک سرکاری ٹیچرکو’کان پکڑکراُٹھک بیٹھک ‘کی سزادی ۔ اپنی نوعیت کایہ افسوسناک وشرمناک واقعہ صوبہ جموں کے سرحدی ضلع پونچھ کے بالاکوٹ علاقہ میں پیش آیا۔معلوم ہواکہ درمیانی عمرکاایک اسکول ٹیچررفیق احمدکسی وجہ سے ڈیوٹی سے غیرحاضررہا،اورجب وہ ڈیوٹی دینے کیلئے اسکول پہنچاتواس دوران گورنمنٹ ہائراسکنڈری اسکول دھارگلون کے پرنسپل،جن کے پاس زونل ایجوکیشن آفس بالاکوٹ کااضافی چارج بھی ہے ،اسکول میں نمودارہوئے ۔بتایاجاتاہے کہ حال میں ٹیچررفیق احمدکوگورنمنٹ مڈل اسکول بسونی سے کسی اوراسکول میں تعینات کیاگیاتھا،اورغالباًاس تبادلے سے ناخوش ہوکرہی مذکورہ ٹیچرکچھ روزتک ڈیوٹی پرحاضرنہیں ہوا۔پرنسپل یاقائمقام زیڈای ائوکی جانب سے درمیانی عمرکے باریش اسکولی ٹیچررفیق احمد کوسب کے سامنے کان پکڑکراُٹھک بیٹھک کی سزادئیے جانے کاویڈیوسوشل میڈیوپروائرل ہواہے ،جس میں دیکھاجاسکتاہے کہ کیسے ایک زیڈای ائونے ایک سرکاری اسکول کے ٹیچرکومبینہ طورڈیوٹی سے غیرحاضررہنے کی پاداش میں ’کان پکڑکراُٹھک بیٹھک‘کرنے کاحکم دیا،اورمذکورہ ٹیچراس شرمناک حکم کی تعمیل کرنے لگا۔یہ افسوسناک واقعہ جب چیف ایجوکیشن آفیسر پونچھ مشتاق احمدکی نوٹس میں لایاگیاتوانہوں نے فوری طورتحقیقاتی احکامات صادرکئے۔(کے این این)
 

ڈار گنائی گنڈ ترال 

 سڑک کی تعمیر ہنوز تشنہ تکمیل

ترال/سید اعجاز/ترال کے ڈار گنائی گنڈ علاقے میں اندورنی رابطہ سڑک رقومات کی فراہمی کے باوجودتعمیر نہیں کی گئی ہے جس کے نتیجے میں مقامی آبادی کو سخت مشکلات کا سامنا کرمنا پڑ رہا ہے ۔گائوں کے آبادی کی اندرونی سڑک تعمیر نہ کرنے کی وجہ سے مقامی آبادی کو طرح طرح کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔علاقے کے لوگوںنے بتایا سڑک کی عدم موجود کی وجہ سے مقامی آبادی جن میں خاص کر مریضوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا اور بعد میں سرکار اور انتظامیہ نے علاقے میں اہنگر محلہ ڈار گنائی گنڈ سے شیخ محلہ تک تقریباً ایک کلو میٹر لمبی سڑک کو تعمیر کرنے کے لئے باضابط طور رقومات بھی واگزار کر کے سڑک کو فوری طور تعمیر کرنے کے احکامات صادر کئے۔انہوں نے کہا کہ متعلقہ محکمہ نا معلوم وجوہات کی بنا ء پر سڑک کو تعمیر نہیں کر رہا ہے جس کے نتیجے میں سڑک کی تعمیر کے لئے واگزار رقومات کو لیپس ہونے کا خطرہ لاحق ہوا ہے ۔بی ڈی او آری پل نے بتایا کہ چند درختوںکو کاٹنے کی ضرورت ہے جس کے کاٹنے کا اختیار محکمہ مال کے پاس ہے اور اس کے بعد سڑک کی تعمیر کا کام شروع ہوگا۔
 

 چنائو فہرستوں میں اندراج 

سوناواری حلقے کیلئے سپیشل سمری رویژن 

بانڈی پورہ//اے ڈی سی بانڈی پورہ ظہور احمد میر نے کل ایک میٹنگ میں بانڈی پورہ ضلع کے سونا واری حلقے کے لئے سپیشل سمری رویژن کاجائزہ لیا۔میٹنگ میں ڈپٹی ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر ، ایس ڈی ایم سمبل،سپر وائزر اور بلاک لیول آفیسران کے علاوہ ضلع آفیسران کے دوران اے ڈی سی نے ای آر اووز اور آئے ای آر اووز کو چنائو فہرستوں میں اہل رائے دہندگان کے اندراج کے عمل کے پیش رفت کی نگرانی کرنے پر زوردیا۔انہوں نے لوگوں میں جمہوری عمل سے متعلق بیداری کرنے کی بھی ہدایت دی۔چنائو فہرستوں میں اندراج کی فیصد کا جائزہ لینے کے دوران اے ڈی سی نے چنائو فہرستوں کو 15نومبر تک مکمل کرنے کی ہدایت دی۔انہوںنے الیکشن کمیشن آف انڈیا کے رہنماخطوط پر من وعن عمل کرنے کی بھی ہدایت دی۔اس دوران پولنگ عملے کو چنائو عمل سے متعلق تربیت بھی فراہم کی گئی ۔تربیتی عمل کے دوران اے ڈی سی نے تربیت حاصل کرنے والے پریزائیڈنگ آفیسران کے ساتھ چنائو عمل کے بارے میں تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
 
 

وِیاس آج جموں میں عوام سے ملیں گے 

جموں//گورنر کے مشیر بی بی وِیاس جموں میں عوام کی شکایات سننے کے لئے 9؍نومبر 2018ء کو صبح 11بجے سے کنونشن سینٹر کنال روڑ جموں میں موجود رہیں گے۔مشیر موصوف سے ملنے کے خواہشمند افراد اور وفود سے کہا گیا ہے کہ وہ اس مقصد کے لئے ڈپٹی کمشنر جموں کے دفترمیں رجسٹریشن کرائیں۔
 

گریز میں ناجائز تعمیرات کے خلاف مہم

گریز //ارشاد احمد/گریز سے ملحقہ علاقہ کھانڈیال میں ناجائز تجاوزات ہٹانے کے لئے محکمہ ریونیو نے کئی مقامات پرانہدامی کارروائی کی۔ضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ کی ہدایت پر گریزکے کھانڈیال اور اس کے گردو نواح میں ناجائز تجاوزات کے کئی ڈھانچے مہندم کردئے گئے۔نائب تحصیلدار بڑھ ون علی محمد کی نگرانی میں یہ کاروائی انجام دی گئی۔
 

 فرقہ وارانہ ہم آہنگی ، کشتواڑ کے لوگ قابل تعریف:بھیم سنگھ

سرینگر// پنتھرس پارٹی کے سرپرست اعلی پروفیسر بھیم سنگھ نے کشتواڑ کے لوگوں کی کشیدہ صورتحال میں بھائی چارہ ، اتحاد  اور امن قائم رکھنے کے لئے تعریف کی۔ انہوں نے گورنر ستیہ پال ملک پر کشتواڑ کے لوگوں کی آواز کا احترام کرنے کے لئے زور دیااور مطالبہ کیا کہ اس معاملہ کو تفتیش کے لئے جلداز جلد سی بی آئی کوحوالے کیا جائے جس سے قاتل بے نقاب ہوسکیں اور انہیں قانون کے مطابق سزا دی جاسکے۔
 

مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث 2 نوجوان

بڈگام پولیس کاشناخت کیلئے تعاون طلب 

سرینگر//بڈگام پولیس نے مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث 2مشتبہ نوجوانوںکو ڈھونڈ نکالنے کیلئے عوام سے تعاون طلب کیا ہے۔ تصاویر میں نظر آنے والے ان دو مشتبہ نوجوانوں کے بارے میں اگر کسی کو کوئی جانکاری ہو تو وہ پولیس پوسٹ ہمہامہ کے فون نمبرات 9797298156,7889509127,یا پھر پولیس اسٹیشن بڈگام کے فون نمبرات 7006294436,7889706286پر رابط قائم کرسکتا ہے۔ پولیس کنٹرول روم کے ٹول فری نمبر 100پر بھی رابط قائم کرسکتا ہے۔دونوں نوجوانوں کیخلافپولیس پوسٹ ہمہامہ میں مجرمانہ کیس درج ہیں۔