تازہ ترین

پاکستانی زیر انتظام کشمیر میں ریلی

12 اکتوبر 2018 (00 : 01 AM)   
(      )

چناری//پاکستانی زیر انتظام آزاد کشمیر میں چناری میں وادی کشمیر میں بھارتی ظلم و جبر کے خلاف پاسبان حریت جموں وکشمیر کے اہتمام سے ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں شرکاء نے پلے کارڈ اور بینر اُٹھا رکھے شرکا نے ریلی میں بھارت مخالف اور آزادی کے حق میں نعرے بازی کی۔مقررین نے کہا کہ بھارت ظلم و جبر کے ذریعے خطے میں بدامنی کو ہوا دے کر جموں وکشمیر کے عوام کے حقوق پامال کررہا ہے۔ انہوں نے عالمی برادری سے مداخلت کرنے کی اپیل کی تاکہ بھارت کو ظلم و جور ڈھانے سے روکا جائے۔ مقررین نے کہاکہ جموں کشمیر کے عوام نے فورسز کے پہرے میں جاری بلدیاتی اور میونسپل انتخابات کو مسترد کردیا ہے اور جعلی انتخابات استصواب رائے کا متبادل نہیں ہوسکتے۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ حریت قائدین کی بلا جواز گرفتاریاں اور نظر بندیاں قابل مذمت اور بھارتی بوکھلاہٹ کا نتیجہ ہیں۔ مقررین نے کہا کہ جموں کشمیر میں کالے قوانین کے نفاذ کی وجہ سے نہتے عوام کے حقوق پامال ہو رہے ہیں۔ ہزاروں بے گناہ کشمیری بھارتی جیلوں قید ہیں۔تقریر کرنے والوںمیں  چیئرمین پاسبان حریت جموں کشمیر عزیر احمد غزالی، وائس چیئرمین انٹرنیشنل فورم فارجسٹس اینڈ ہیومن رائٹس مشتاق الاسلام، پی پی رہنما شوکت جاوید میر، پرنسپل ریڈفاونڈیشن کالج راجہ محمد ندیم، منصور عالم قریشی، مرزا آصف، عثمان علی ہاشم قابل ذکر ہے۔