تازہ ترین

ووجے کمار کا دورہ شہر ، انتخابی وارڈوں میں انتظامات کا جائیزہ لیا

داچھی گام نیشنل وائلڈ لائف پارک کا معائنہ

11 اکتوبر 2018 (00 : 01 AM)   
(      )

 سرینگر// گورنر کے مشیر کے وجے کمار نے کل علی الصبح سرینگر شہر کے مختلف حصوں کا دورہ کیا اور سرینگر میونسپل کارپوریشن کے دوسرے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات 18 سے 37 وارڈوں میں کئے گئے انتظامات کا جائیزہ لیا ۔ڈی جی پی جے اینڈ کے دلباغ سنگھ اور آئی جی پی کشمیر ایس پی پانی دورے کے دوران مشیر کے ہمراہ تھے ۔  بعد میں مشیر موصوف نے پولیس کنٹرول روم سرینگر میں اعلیٰ پولیس افسران کی ایک میٹنگ کی صدارت کی اور انتخابات کے سلسلے میں کئے گئے سلامتی انتظامات کا تفصیلی جائیزہ لیا ۔ آئی جی پی کشمیر نے ایس ایم سی کے تحت آنے والے دوسرے مرحلے کے انتخابی علاقوں کیلئے عمل میں لائے گئے انتظامات کے بارے میں مشیر موصوف کو جانکاری دی ۔مشیر موصوف نے افسروں پر زور دیا کہ وہ آپسی تال میل کے ساتھ ان انتخابات کو پُر امن اور احسن طریقے پر انجام دیں ۔ دریں اثناء وِجے کمار نے کل محکمہ جنگلات اور اس سے منسلک شعبوں کی کارکردگی میں بہتری لانے اور محکمہ میں استحکا م لانے پر زور دیا۔ اُنہوں نے کہا کہ ریاست بھر میں جنگلات اور جنگلی جانوروں کا تحفظ یقینی بنانے کے لئے مشترکہ کوششیں کرنے کی اہم ضرورت ہے۔مشیر موصوف نے ان باتوں کا اظہار کل یہاں داچھی گام نیشنل وائلڈ لائف پارک کے دورے کے دوران محکمہ جنگلات اور اُس سے منسلک شعبوں کے اعلیٰ افسران کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقعہ پر محکمہ میں فارسٹس ریکارڈ کی ڈیجیٹائزیشن ، ماحول دوست کا فروغ ، فارسٹ کارپوریشن کا از سر نو تشکیل ، ریاست میں جنگلی جانوروں کی تحفظ کے لئے اقدامات میں بہتری لانے ، فارسٹ کور میں اضافہ کرنے ، جنگلاتی اراضی سے تجاوزات ہٹانے و دیگر معاملات پر غور و خوض کیا گیا۔کے۔ وِجے کمار نے محکمہ میں عوامی خدمات میں بہتری لانے پر زور دیتے ہوئے متعلقہ افسروں کو ہدایت دی کہ وہ مختلف سطحوں پر محکمہ کی کارکردگی میں بہتری لانے کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کریں۔