تازہ ترین

مرکز میں بی جے پی حکومت آنے پر باہرہوگا ایک ایک درانداز : امت شاہ

11 اکتوبر 2018 (00 : 01 AM)   
(      )

گوالیار//بھارتیہ جنتا پارٹی صدر امت شاہ نے کانگریس اور ترنمول کانگریس پر بنگلہ دیشی دراندازوں کو اپنا'ووٹ بینک' بنانے کا الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ سال 2019 میں مرکز میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت بننے پر تمام دراندازوں کو ملک سے باہر کیا جائے گا۔  شاہ کل دیر شام یہاں بھارتیہ جنتا یوا مورچہ کی طرف سے منعقد'یووا سمیلن' سے خطاب کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ 2022 میں آزادی کی 75 ویں سالگرہ پر ایسا کوئی غریب گھر نہیں ہوگا، جس میں چولہا نہ ہو. ہر غریب کے لئے ٹوائلٹ ہوگا۔ درانداز ملک سے باہر ہوں گے ۔انہوں نے الزام لگایا کہ اس سے پہلے دراندازوں کو کانگریس سے لے کر ممتا بنرجی کی قیادت والی ترنمول کانگریس حکومت ووٹ بینک سمجھتی تھی۔ دراندازوں کے معاملہ پر پارلیمنٹ میں بھی ان کی حکومت کے نمائندوں نے رونا رویا، لیکن وزیر اعظم نریندر مودی نے آسام میں این آر سی کے بعد دراندازوں کو شناخت کرکے باہر کرنے کا راستہ مضبوط کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ 2019 میں مسٹر مودی کی قیادت میں بی جے پی حکومت اقتدار میں آنے پر تمام دراندازوں کو باہر نکالا جائے گا۔ کانگریس پر حملہ کرتے ہوئے شاہ نے کہا کہ پارٹی میں جمہوریت نہیں ہے ، ایسی پارٹی ملک میں جمہوریت کی حفاظت کس طرح کر سکتی ہے ، وہ ملک کی ترقی نہیں کر سکتی، وہ تو صرف اپنی کرسی بچانے میں لگی رہتی ہے ۔ مدھیہ پردیش کے تناظر میں انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں شیوراج سنگھ چوہان حکومت کے 14 سال اور مرکز کی نریندر مودی حکومت کے ساڑھے چار سال کی مدت گزشتہ حکومتوں کی مدت پر بھاری ہے ۔ ان حکومتوں سے ترقی کی رفتار بڑھی ہے ۔ دیہات میں 24 گھنٹے بجلی، غریبوں کو گیس کے چولہے ، بغیر گھر والوں کو مکان دینے کے منصوبوں پر عمل ہوا ہے ۔انہوں نے کہا کہ 1975 میں اس وقت کی وزیر اعظم اندرا گاندھی نے ایمرجنسی لگائی، اس کے بعد 1977 میں ہوئے انتخابات میں نوجوانوں نے بڑی تبدیلی کرکے جمہوریت کو مضبوط کرنے کا مینڈیٹ دیا۔انہوں نے بی جے پی کی دیگر پارٹیوں سے موازنہ کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی میں جمہوریت زندہ ہے ، دیگر پارٹیوں میں خاندان کے رکن پارٹی سربراہ ہیں۔ امت شاہ پروگرام کے بعد سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی کی بھتیجی کی رہائش گاہ پر پہنچے ۔ اس کے ساتھ ہی راج ماتا وجے راجے سندھیا کی چھتری اور رانی لکشمی کی سمادھی پر پہنچ کر گلپوشی کی۔یواین آئی