تازہ ترین

عوامی رجحان چشم کُشا

بھارت حقیقت تسلیم کرے:مزاحمتی قیادت

9 اکتوبر 2018 (00 : 01 AM)   
(      )

نیوز ڈیسک
   سرینگر //مشترکہ مزاحمتی قیادت سید علی گیلانی ، میرواعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک نے  بلدیاتی انتخابات کے آغاز پر عوامی رحجان کو بھارت کیلئے چشم کشاء قرار دیا ہے۔ قائدین نے کہا کہ ان انتخابات کے انعقاد سے نہ صرف جمہوریت کے تمام اصولوں کو مضحکہ خیز طور پر روندا گیا ، درحقیقت ان انتخابات کا مقصد حکومت ہندوستان کی جانب سے جابرانہ طور پر قبضے کو دوام بخشنا ہے۔قیادت نے توقع ظاہر کی آئندہ مراحل پر بھی عوام ان  انتخابات سے لاتعلقی اور بے رخی کا بھر پور مظاہرہ کرکے خون سے سینچی ہوئی رواں تحریک حق خود ارادیت کے حصول تک اس کی آبیاری جاری رکھے گی۔ بیان میں بھارتی وزیر داخلہ شری راجناتھ سنگھ کا کشمیر سے متعلق دئے گئے حالیہ بیان میں کشمیر پر ہندوستانی جابرانہ قبضہ کی سوچ اور ہندوستانی حکمرانوں کے کشمیر سے متعلق آمرانہ طرز عمل اور استعماری طرز فکر قرار دیا ہے۔ قیادت نے کہا کہ جموں کشمیر بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ ایک ایسا دیرینہ تنازعہ ہے جو 1947 سے اقوام متحدہ کے ایجنڈا پر موجود ہے اور جب تک ان قرارداوں کے مطابق عوام کو حق خود ارادیت کے ذریعے اپناسیاسی مستقبل طے کرنے کا موقعہ فراہم نہ کیا جائے تب تک خطے میں امن و سلامتی کا قیام ناممکن ہے۔