تازہ ترین

پاکستان جنگ کے لئے تیارـ: ترجمان

23 ستمبر 2018 (00 : 01 AM)   
(      )

نیوز ڈیسک
راولپنڈی //پاکستانی فوج نے بھارتی آرمی چیف کی دھمکی کاجواب دیتے ہوئے کہاہے کہ بھارتی فوجی سربراہ کا بیان غیر ذمہ دارانہ ہے، امن چاہتے ہیں لیکن امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے، جنگ اس وقت ہوتی ہے جب کوئی جنگ کے لئے تیار نہ ہو، ہم جنگ کے لئے تیار ہیں۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارت اپنے داخلی مسائل ہمارے کندھے پر رکھ کر حل کرنے کی کوشش نہ کرے، یہ خطے کے امن کے لئے خطرناک ہو گا۔آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے خبردار کیا کہ بھارت داخلی دباؤ میں آ کر کوئی ایسی حرکت نہ کرے جس کا نقصان خود اسے بھی ہو اور خطے کو بھی،امن چاہتے ہیں، لیکن امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ آصف غفور نے بھارتی الزامات کو بھی مسترد کردیا اور کہا کہ ہم کسی فوجی کی لاش کی بیحرمتی نہیں کرسکتے خواہ وہ دشمن ملک کا ہی ہو، پاکستان امن پسند ملک ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کی آج بھی پیشکش ہے کہ آپ آئیں اور مذاکرات کی میز پر بیٹھ کر بات کریں۔کشمیر میں آزادی کی تحریک چل رہی ہے اور وہاں تیسری نسل ہے جو قربانیاں دے رہی ہے۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے یہ بھی کہا کہ بھارتی حکومت کو کرپشن کے الزامات پر تنقید کا سامنا ہے لیکن بھارتی حکومت نے حالات کا رخ موڑنے کے لئے پاکستان دشمنی کا بیانیہ اپنایا ہے۔ترجمان پاک فوج کے مطابق  بھارت کہتا ہے کہ کشمیر میں عسکریت پسندی ہے لیکن وہ سیاسی تحریک ہے جسے دبا نہیں پارہے ہیں جب کہ بھارت میں اس کے علاوہ بھی آزادی کی تحریکیں چل رہی ہیں۔