وجے کمار نے ادہم پور میں ترقیاتی منظرنامے کا جائیزہ لیا

پروجیکٹوں کی تکمیل کو وقت پر یقینی بنانے کی حکام کو ہدایت

22 ستمبر 2018 (00 : 01 AM)   
(      )

ارکان قانون سازیہ کوعوامی مسائل حل کرانے کایقین دلایا

اودہم پور//گورنر کے مشیرکے۔ وجے کمار نے ضلع ادہم پور میں بڑے ترقیاتی پروجیکٹوں، فلیگ شِپ سکیموں کی عمل آوری کی پیش رفت کا جائیزہ لیا۔انہوں نے مختلف محکموں کے ضلع افسروں کی ایک میٹنگ بھی طلب کی اور ضلع میں جاری ترقیاتی پروجیکٹوں پرہورہے کام کی رفتار کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔میٹنگ میں ضلع ترقیاتی کمشنر نے ضلع میں مختلف ترقیاتی پروجیکٹوں اور فلیگ شِپ سکیموں کی حصولیابی کا تفصیلی خاکہ پیش کیا جن میں بجلی، صحت، جنگلات، کھیل کود، تعلیم اور زراعت کے شعبیٔ شامل ہیں۔میٹنگ کے دوران ضلع ترقیاتی کمشنر نے مشیر موصوف کو ضلع میں تمام جاری پروجیکٹوں کی موجودہ صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی جن میں دیوکا پروجیکٹ، سبھاش سٹیڈیم کی تعمیر، ای او سی عمارت، سالڈ ویسٹ منیجمنٹ پلانٹ، سنگور میں تفریحی پارک، چنینی۔ چمپاری پُل، جی این ایم سکول،ضلع ہسپتال کے50 بستروں والے ایم سی ایچ شعبۂ، نرسنگ کالج اور چنینی کے چمپاری علاقہ میں کولڈ سٹوریج عمارت کی تعمیر شامل ہیں۔مشیر موصوف نے افسروں کے ساتھ پروجیکٹوں کی موجودہ صورتحال کے بارے میں تفصیلی جانکاری حاصل کی۔انہوں نے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ تمام کاموں کی نگرانی کریں اور ان کی تکمیل کو مقررہ مدت کے اندر یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ یہ پروجیکٹ عوامی اہمیت کے حامل ہیں جن کی تکمیل سے عوام کو استفادہ حاصل ہوگا۔محکمہ صحت کی کارکردگی کاجائیزہ لیتے ہوئے مشیر موصوف نے کہا کہ ہسپتالوں میں ڈاکٹروں اور نیم طبی عملے کی کمی کو دور کرنے کے لئے جلد اقدامات اُٹھائے جائیں گے۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے میٹنگ میں بتایا کہ گذشتہ برس کے دوران ضلع میں پانچ کھیل کے میدان تعمیر کئے گئے جبکہ موجودہ سال کے دوران85 کھیل کے میدانوں کی تعمیر کی تجویز ہے۔سبھاش سٹیڈیم پر جاری کام کو جلد مکمل کرنے کے لئے مشیر موصوف نے ایگزیکٹو انجینئر تعمیرات عامہ کو ہدایت دی کہ وہ ایک ہفتے کے اندر سی بی آر آئی رُڑکی سے آرکیٹیکچرل ڈیزائین کی منظوری حاصل کریں۔مانڈ میں سالڈ ویسٹ منیجمنٹ پلانٹ کا حوالہ دیتے ہوئے مشیر موصوف نے متعلقین کو ہدایت دی کہ وہ اس پروجیکٹ میں حائل رکاوٹوں کو دُور کرتے ہوئے پروجیکٹ کی تکمیل کو یقینی بنائیں۔انہوں نے محکمہ جنگلات کو ہدایت دی کہ وہ علاقہ خاص طور سے قومی شاہراہ کے دونوں اطراف شجرکاری مہم کو تیز کریں۔مشیر موصوف نے متعلقہ افسروں کو ہدایت دی کہ وہ ضلع کے دور دراز علاقوں میں رہنے والے لوگوں کی بہبودی کے لئے حکومت کی جانب سے جاری سکیموں کی عمل آوری کو یقینی بنانے کے لئے متواتر فیلڈ دورے کیا کریں۔انہوں نے افسروں سے کہا کہ ترقیاتی کاموں اور فلیگ شِپ سکیموں کی وقت پر تکمیل کے لئے فنڈز کے منصفانہ استعمال کو یقینی بنائیں۔دورے کے دوران ارکان قانون سازیہ پون کمار گپتا اور دینا ناتھ بھگت مشیر موصوف سے ملاقی ہوئے اور انہیں اپنے اپنے حلقہ انتخاب سے متعلق مطالبات پیش کئے۔مشیر موصوف نے انہیں یقین دلایا کہ حکومت اُن کے جائیز مطالبات کا جلد ازالہ کرے گی۔بعد میں ضلع اودہمپور کے دور دراز علاقوں سے آئے ہوئے متعدد عوامی وفود مشیر موصوف کے ساتھ ملاقی ہوئے اور انہیں اپنے اپنے علاقوں سے متعلق درپیش مسائل کے بارے میں جانکاری دی۔وجے کمار نے وفود کو غور سے سُنا اور انہیں یقین دلایا کہ اُن کے جائیز مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔صوبائی کمشنر جموں سنجیو ورما، آئی جی پی جموں ڈاکٹر ایس ڈی سنگھ، ضلع ترقیاتی کمشنر اودہمپور رویندر کمار، ڈی آئی جی اودہمپور۔ ریاسی رینج بھیم سین ٹوٹی، ایس ایس پی اودہم پور رئیس احمد بٹ، اے ڈی ڈی سی ارویندر شرما، اے ڈی سی گوربندر جیت سنگھ، سی پی او راجیو بھوشن، اے سی آر سونو پرگال، اے سی ڈی نور عالم کے علاوہ دیگر افسران بھی میٹنگ میں موجود تھے۔
 

تازہ ترین