مزید خبرں

14 ستمبر 2018 (00 : 01 AM)   
(      )

بلدیاتی اداروں کیلئے 18 کروڑ روپے واگذار

سرینگر//شہری علاقوں میں ترقیاتی کاموں  کو بڑھاوا دینے کے سلسلے میں گورنر انتظامیہ نے ایک خصوصی حکمنامے کے تحت ریاست کے 80 بلدیاتی اداروں کیلئے اضافی 18 کروڑ روپے کی رقم واگذار کی ۔ ایک سرکاری ترجمان کے مطابق یہ خصوصی گرانٹ جموں اور سرینگر کے میونسپل کارپوریشنوں ، 6 میونسپل کونسلوں اور 72 میونسپل کمیٹیوں کے حق میں واگذار کی گئیں ۔ 
 

چک ریشی پورہ میں

جنگلاتی زمین پر سکول کی تعمیرکو روک لیا گیا

عازم جان
 
بانڈی پورہ//بانڈی پورہ کے چک ریشی پورہ میں جنگلاتی زمین پرسکولی عمارت تعمیرکرنے کا نوٹس لیتے ہوئے انتظامیہ نے کام روک دیاہے ۔اس سلسلے میں تحصیلدار بانڈی پورہ مبشر حسین نازکی اور رینج آفیسر کھویہامہ محمد مقبول لون نے فارسٹ عملہ کے ہمراہ کام پر موقعہ پر ہی روک لگادی بلکہ سازو سامان بھی ضبط کیا ۔تحصیلدار نے کہا کہ عدالت عالیہ کے حکمنامے کے مطابق جنگلاتی اراضی پر کوئی چیز تعمیرکرنے پر پابندی عائد ہے۔دریں اثناء ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر بانڈی پورہ محمد قاسم وانی نے کہا کہ انتظامیہ نے اس ضمن میںاجازت نہیں دی ہے۔
 

نگین کلب میں جسمانی طور خاص افراد کیلئے تقریب

سرینگر//جے ڈبلیوپروڈکشن کا ارائیز ہونڈائی کے اشتراک سے نگین کلب میںبلند حوصلہ کے نام سے ایک میگا تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔ اس تقریب کا بنیادی مقصد سماج میں جسمانی طورخاص افراد کے ہنر کو حوصلہ فراہم کرنا اور ان کے چہروں پر مسکراہٹ لانا تھا۔ اس تقریب میں پہلے سیشن کے دوران سو میٹر وہیل چیئر ریس کو ڈاکٹر اعجاز عشائی نے جھنڈی دکھا کر روانہ کیا اور مصوری مقابلہ ہوا جس میں پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے افراد کو انعامات سے نوازا گیا جبکہ دوسرے سیشن کے دوران محمد شفیع سوپور نے صوفی قوالی پیش کی۔ 
 

علمدار نرسنگ کالج کی سالانہ تقریب

سرینگر//علمدار میموریل نرسنگ کالج چرار شریف کا سالانہ دن اسلامک یونیورسٹی اونتی پورہ میں منایا گیا ۔ تقریب پر اسلامک یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر مشتاق احمد صدیقی بطور مہمان خصوصی شامل ہوئے جبکہ مادر مہربان نرسنگ سائنس اور ریسرچ کالج اور سکمز نرسنگ انسچوٹ کی ڈاکٹر محمودہ ریگو نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب میںپرنسپل گورنمنٹ نرسنگ کالج سرینگرسید منطقی مموریل کالج کے عملہ ، اسلامک یونیورسٹی کے عملہ ،پرنسپلAMCONMT کالج حسینہ وانی اور دیگر مہمانوں نے شرکت کی۔ تقریب کے دوران گزشتہ سال بہترین کارگردگی کرنے والے طلاب میں انعامات تقسیم کئے گئے۔ تقریب کے دوران کالج میگزین کی رسم رونمائی بھی وائس چانسلر کے ہاتھوں انجام دی گئی۔ 
 

پلوامہ میں مشتبہ چور کی شناخت کیلئے تعاون طلب 

سرینگر//پلوامہ پولیس نے نقب زنی میں ملوث مشتبہ چور کی شناخت کیلئے عوام الناس سے تعاون کی اپیل کی ہے۔  اس سلسلے میں پولیس نے ایک تصویر بھی جاری کی ہے۔ اگر کسی کو بھی اس مشتبہ چور کے بارے میں کوئی علمیت ہو تو وہ پلوامہ پولیس کے ان فون نمبرات 9070123536, 9796124694, 01933241280, 01933241221پر رابط قائم کرسکتا ہے۔ پولیس کنٹرول روم کے ٹول فری نمبر 100پر بھی جانکاری فراہم کی جاسکتی ہے۔
 

تحریک حریت پارٹی کارکن کی گرفتاری پر برہم

سرینگر// تحریک حریت نے تنظیم کے کارکن گلزار احمد لون ولد امیر الدین لون ساکن اشٹینگو کو گرفتار کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جموں کشمیر میں عملاً امن وقانون کی کوئی چیز موجود نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہاں فوج اور پولیس کا راج ہے اوروہ جس کو چاہیں قتل کردیتے ہیں یا فرضی اور من گھڑت الزامات کے تحت پابند سلاسل بنادیتے ہیں۔ایک بیان میںتحریک حریت نے کہا ہے کہ گلزار احمد لون ایک سیاسی کارکن ہے اور اپنی تمام تر سرگرمیاں سیاسی طور ہی انجام دیتا ہے، مگر یہاں کی مقامی پولیس سیاسی کارکنوں کو فرضی الزامات کے تحت گرفتار کرکے اپنے آقاؤں کی خوشنودی حاصل کرنے کی دوڑ میں لگی ہے اور یہ سب کچھ بھول جاتے ہیں کہ ہم جن لوگوں کو ظلم وجبر کا نشانہ بناتے ہیں ہمیں ان ہی میں اپنی زندگی کے ایام گزارنے ہیں ۔بیان کے مطابق کل جب یہ لوگ اپنی نوکریوں سے سبکدوش ہوجائیں گے تو یہ کس طرح اپنا چہرہ دکھائیں گے۔ تحریک حریت نے کہا کہ مہذب سماج میں سیاسی کارکنوں کا سیاسی طور پر مقابلہ کیا جاتا ہے لیکن یہاں سب کچھ اس کے برعکس ہوتا ہے۔
 

 سالویشن مومنٹ کے 2کارکن گرفتار

سرینگر//سالویشن مومنٹ نے پارٹی سے وابستہ امتیاز احمد اور عبدالرشید کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس نے دونوں کوآج اس وقت عدالت کے احاطے میں گرفتار کیا جب وہ 2010میں ایک کیس کی شنوائی کے سلسلے میں عدالت میں موجود تھے ۔بیان کے مطابق دونوں اراکین کو پولیس نے گرفتار کرلیا اور فوری طور سرینگر سینٹرل جیل منتقل کیا ۔
 

ظہور وٹالی کی رہائی کا خیر مقدم

سرینگر//لبریشن فرنٹ (آر )نے تہار جیل میں قید معروف تاجر ظہور احمد وٹالی کی عدالتی احکامات کے تحت رہائی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ امید ہے کہ جو دیگر قائدین این آئی اے اورای ڈی نے گرفتار کئے ہیں ،ان کی رہائی کے لئے بھی جلد اقدامات کئے جائیں گے ۔اپنے ایک بیان میں پارٹی سرپرست اعلیٰ بیرسٹر عبدالمجید ترمبو اور جنرل سیکریٹری وجاہت بشیر قریشی نے کہا کہ وٹالی اور ان کے ساتھ بند دیگر قائدین کے خلافاین آئی اے یاای ڈی کوئی ثبوت پیش کرنے میں ناکام رہی ہے ۔ادھرسالویشن مومنٹ چیئرمین ظفر اکبر بٹ نے ظہور وٹالی کی ضمانت پر رہائی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے دیگر محبوسین کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔
 

 اقوام متحدہ ہیومن رائٹس کونسل 

سربراہ کا بیان حوصلہ افزاء:نیشنل فرنٹ

سرینگر//نیشنل فرنٹ نے اقوام متحدہ ہیومن رائٹس کونسل سربراہ مائیکل بیچلیٹ کے اُس بیان کی سراہنا کی ہے جس میں بیچلیٹ نے بھارت کو کشمیر سے متعلق انسانی حقوق کی حالیہ رپورٹ پر کوئی کارروائی نہ کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔موصولہ بیان میں نیشنل فرنٹ کے نائب چیئر مین الطاف حسین وانی نے کہا ہے کہ آزادی پسند کشمیریوں کی قربانیاں رنگ لانے لگی ہیں کیونکہ عالمی سطح پر اب کشمیر کی سنگین صورتحال کے بارے میں خاموشی ٹوٹنے لگی ہے اور اقوام متحدہ کے ہیومن رائٹس کونسل جیسے ادارے نے بھی کشمیر میں ہورہی حقوق کی پامالیوں کا سنجیدہ نوٹس لینے کا آغاز کرکے بھارت پر سوالات اٹھانے کا آغاز کیا ہے۔انہوں نے انسانی حقوق کی پامالیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اقوام متحدہ ہیومن رائٹس کونسل کو یاد دلایا کہ کشمیر حقوق البشر کی پامالیوں کا مرکز بن گیا ہے کیونکہ یہاں موجود بھارتی فورسز کو آرمڈ فورسز سپیشل پاؤرس ایکٹ (افسپا) جیسے قانون کی پشت پناہی حاصل ہے جس کے تحت وہ جواب دہی سے مبرا ہیں۔انہوںنے بین الاقوامی اداروں سے اپیل کی کہ وہ مداخلت کرکے بھارتی فورسز کے ہاتھوں ایک پوری قوم کو مٹ جانے سے بچائیں۔
 

 کرگل میںمحرم انتظامات کا جائزہ لیاگیا

کرگل//ڈپٹی کمشنر کرگل وکاس کُنڈل نے حُسینی پارک کا دورہ کر کے محرم الحرام کے سلسلے میں انتظامیہ کی جانب سے کئے گئے انتظامات کا جائیزہ لیا۔ایم ایل اے اصغر علی کربلائی اور ضلع انتظامیہ کے دیگر افسران اُن کے ہمراہ تھے۔دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے انتظامات پر اطمینان ظاہر کرتے ہوئے تمام متعلقہ محکموں کے افسروں کو لگن اور قریبی تال میل کے ساتھ کام کرنے کی ہدایت دی ۔
 

 

عدالتی احاطے میں ملاقات پر پابندی

گیلانی برہم،عدالتوں سے نوٹس لینے کا مطالبہ

سرینگر//حریت (گ)چیرمین سید علی گیلانی نے ڈسٹرکٹ کوٹ کولگام کے سامنے مختلف جیلوں سے تاریخ پیشی پر آئے ہوئے محبوسین کو ان کے رشتہ داروں کے ساتھ ملاقات پر عائد کردہ پابندی کو ایک ظالمانہ کارروائی قرار دیا۔گیلانی نے کہاکہ اس بات کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ جب پولیس انتظامیہ کسی مجاز عدالت کے احاطے میں قیدیوں کے ساتھ اسطرح کا سلوک روا رکھے تو جیل خانوں کے اندر ایسے قیدیوں کے ساتھ ظلم وجبر کی کیا انتہا ہوسکتی ہے۔ حریت رہنما نے عدالتوں کی کرسیوں پر بیٹھے ہوئے جج صاحبان کو قیدیوں کے ساتھ بے رحمانہ سلوک کا خاموش تماشائی بننے کے بجائے انصاف سے کام لینے کی اُمید کرتے ہوئے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تغافل انصاف پسندی کے عمل کے برخلاف عمل ہے۔
 

نیشنل واٹر ایوارڈ س ۔2018 

 مرکزی وزارت برائے آبی وسائل کے اہتمام سے اندراجات شروع

نئی دلّی//ملک میں آبی وسائل کو محفوظ رکھنے کی اہمیت کے مد نظر ، مرکزی وزارت برائے آبی وسائل ، ریور ڈیولپمنٹ اور گنگا ریجووینیشن نے تمام شراکت داروں کی حوصلہ افزائی کے لئے نیشنل واٹر ایوارڈس قائم کئے ہیں۔نیشنل واٹر ایوارڈس 2018کے لئے اندراجات 13زمروں کے لئے طلب کی گئی ہے۔ان میں بیسٹ سٹیٹ ، بیسٹ ڈسٹرکٹ ، بیسٹ ولیج پنچایت ، بیسٹ میونسپل کارپوریشن ، بیسٹ ریسرچ / انوویشن / پانی کی تحفظ کے لئے نئی تکنیک کو اپنانے ، بیسٹ ٹی وی شو، بیسٹ اخبار، بیسٹ سکول ، بیسٹ ادارہ جنہوں نے پانی کے استعمال کے لئے کامیاب کیمپ منعقد کئے ہوں، بیسٹ ریذیڈنٹ ویلفیئر ایسو سی ایشن ، بہتر مذہبی،تفریحی اور سیاحتی طور پر پانی کے بہتر استعمال سے متعلق انجمنیں اور بہتر صنعتی ادارے جنہوں نے پانی کے تحفظ کو یقینی بنایا ہو شامل ہیں۔بیسٹ سٹیٹ او ر بیسٹ ڈسٹرکٹ ایوارڈوں کے علاوہ متعلقین کو 2لاکھ روپے ، ڈیڑھ لاکھ روپے اور ایک لاکھ روپے بطور پہلا ، دوسرا اور تیسرا نقد انعام دیا جائے گا۔مزید معلومات حاصل کرنے کے لئے متعلقین http://mowr.gov.in/national-water-awards2018 اور cgwb.gov.inپر رابطہ قائم کرسکتے ہیں۔درخواست دہندگان اپنی اندراجات بذریعہ MyGov(mygov.in) پورٹل پر بھی اَپ لوڈ کرسکتے ہیں۔
 
 

پی سی آئی ممبر سی کے نائیک کی ناظم اطلاعات سے ملاقات

ایکریڈیٹیڈ صحافیوں کیلئے ہیلتھ انشورنس سکیم کا اطلاق مستحسن اقدام قرار

سرینگر//پریس کونسل آف انڈیا کے ممبر چھایا کانتا نائیک نے یہاں ناظم اطلاعات طارق احمد زرگر کے ساتھ ملاقات کر کے ریاست جموں وکشمیرکے صحافتی منظر نامے پر اُن کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔ناظم اطلاعات نے سی کے نائیک کو محکمہ کی مجموعی کارکردگی کے بارے میں تفصیلی جانکاری دیتے ہوئے حکومت کی جانب سے جموں وکشمیر میں کام کر رہے صحافیوں اور صحافتی اداروں کی بہتری کے لئے اُٹھائے جارہے اقدامات کے بارے میں بھی بتایا۔انہوں نے ممبر موصوف کو بتایا کہ حکومت نے ایکریڈیٹیڈ صحافیوں کو ہیلتھ انشورنس کے دائر ے میں لانے کا اعلان کیا ہے۔اس سکیم کے تحت صحافی اور اس کے اہل خانہ کو سالانہ6 لاکھ روپے کے ہیلتھ انشورنس کے دائرے میں لایا جائے گا۔اہل خانہ میں نوزائید بچے اور بُزرگ والدین بھی شامل ہوں گے۔سی کے نائیک نے حکومت کے اس فیصلے کی سراہنا کی ۔
 

تازہ ترین