تازہ ترین

مزید خبرں

12 ستمبر 2018 (00 : 01 AM)   
(      )

ہاتھیوں کے باقیات کا تحفظ   اقدامات کیلئے کمیٹی تشکیل 

سری نگر//گورنر انتظامیہ نے 30؍ اگست 2000میںگالندر پانپور میں ملے ہاتھیوں کے باقیات کے تحفظ کے لئے اقدامات کرنے کے سلسلے میں ایک کمیٹی کی تشکیل کو منظوری دی ہے۔ ایک حکمنامے کے مطابق مذکورہ کمیٹی کی سربراہی ڈائریکٹر آرکائیوز کریں گے جبکہ اس میں پروفیسر جی ایم بٹ ، اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد اجمل شاہ ،سابق جیالوجسٹس عبدالمجید بٹ ممبران ہوں گے اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر مشتاق احمد بیگ کمیٹی کو معاونت فراہم کریں گے۔کمیٹی کو ملے باقیات کا تحفظ کرنے اور ان پر تحقیق کرنے کی ذمہ داری ہوگی ۔کمیٹی 15؍اکتوبر 2018 تک اپنی سفارشات پیش کرے گی۔
 

محکمہ اطلاعات کے آڈیو۔ ویژیول اور سٹوڈیو کا افتتاح 

جدید بنیادی ڈھانچے کا قیام قابل ستائش :وجے کمار

سرینگر //گورنرکے مشیر کے وجے کمار نے محکمہ اطلاعات و رابطہ عامہ کے میڈیا کمپلیکس میں آڈیو ویژیول یونٹ اور سٹوڈیو کا افتتاح کیا۔آڈیو ویژیول یونٹ اور ریکارڈنگ سٹوڈیو کو محکمہ تعمیرات عامہ نے1.30  کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا ہے۔سیکرٹری اطلاعات سرمد حفیظ، ناظم اطلاعات طارق احمد زرگر، سپیشل سیکرٹری اطلاعات نریندر سنگھ بالی، جوائنٹ ڈائریکٹر اطلاعات( ہیڈ کوارٹر) ساجد یحییٰ نقاش، جوائنٹ ڈائریکٹر اطلاعات کشمیرحمد اشرف حقاق، ڈپٹی ڈائریکٹر اے وی، راکیش دوبے اور محکمہ اطلاعات کے کئی دیگر افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔محکمہ کے آڈیو ویژیول یونٹ میں تعمیر کیا گیا سٹوڈیو جدید سہولیات سے لیس ہے اور اس میں اعلیٰ معیار کے آلات نصب کئے گئے ہیں۔اس سہولت کا افتتاح کرنے کے بعد کے وجے کمار نے سٹوڈیو کا معائنہ کیا ۔ اس دوران انہیں اس کے کام کاج کے بارے میں جانکاری دی گئی۔انہوں نے سٹوڈیو کے انچارج کے ساتھ بھی بات چیت کی اور کیمرہ اڈیٹنگ مشینوں اور دیگر آلات کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔مشیرموصوف نے جدید سہولیات قائم کرنے کے لئے ڈی آئی پی آر کو مبار ک باد دی اور ان سہولیات کو مناسب ڈھنگ سے بروئے کار لانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہیں بتایا گیا کہ سٹوڈیو کی بدولت محکمہ سرکار کی ترقیاتی سرگرمیوں کو اجاگر کرنے کے لئے خصوصی ٹی وی پروگرام تیار کرسکتا ہے۔مشیر موصوف نے میڈیا کمپلیکس میں سینٹرل میڈیا سینٹر ، آڈیٹوریم اور کانفرنس ہال کا بھی دورہ کیا اور میڈیا کمپلیکس میں بنیادی ڈھانچے کی ستائش کی ۔ناظم اطلاعات طارق احمد زرگر نے مشیر کو بتایا کہ ڈی آئی پی آر مختلف محکموں کو کرایہ پر  یہ سہولیات بہم کراتا ہے تا کہ وہ اپنے پروگرام اور دیگرسرگرمیاں یہاں منعقد کرسکیں۔انہوں نے کہا کہ آڈیٹوریم میں ثقافتی اور دانشورانہ سرگرمیاں بھی انجام پاتی ہیں۔اس موقعہ پر مزید بتایا گیا کہ آڈیٹوریم میں220 نشستوں جبکہ کانفرنس ہال میں50 نشستوں کی گنجائش ہے۔دریں اثنا مشیر نے سیکرٹری اطلاعات کے ہمراہ کمپلیکس میں میڈیا سینٹر کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے وہاں عملے کے ساتھ بات چیت کی اور سینٹرل میڈیا سینٹر کے کام کاج کا جائیزہ لیا۔بعد میں مشیر نے وہاں موجود صحافیوں کے ساتھ بھی بات چیت کی اور پیشہ وارانہ فرائض انجام دیتے وقت انہیں درپیش مسائل کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔پریذیڈنٹ پریس کلب شجاع الحق نے بھی مشیر موصوف کے ساتھ ملاقات کی اور پریس کلب میں التواء میں پڑے کاموں کو مکمل کرنے اور اسے مکمل طو رسے چالو کرنے کے لئے لازمی اقدامات کو اجاگر کیا۔سیکرٹری اطلاعات نے مشیر کو جانکاری دی کہ جموں وکشمیر بنک سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ پریس کلب میں بنیادی ڈھانچے کو بڑھاوا دینے کے لئے سی ایس آر اقداما کے تحت کچھ مالی معاونت فراہم کرے۔
 
 

سرینگر میں ڈی آر آئی کے چھاپے 

ڈرامائی کارروائی میں 10کروڑ روپے مالیت کی ہیروئن ضبط 

سرینگر//ڈائریکٹوریٹ آف ریونیو انٹیلی جنس ’ڈی آر آئی‘ نے سرینگر میں ایک ڈرامائی کارروائی کے دوران اعلیٰ معیار کی 2 کلو گرام ہیروئن ضبط کی گئی جسکی بین الاقوامی بازار میں قیمت10کروڑ روپے بتائی جارہی ہے ۔مذکورہ ادارے نے یہ کارروائی 9ستمبر کو ایک مصدقہ اطلاع ملنے پر عمل میں لائی ۔ ڈائریکٹوریٹ آف ریونیو انٹیلی جنس ’ڈی آر آئی‘نے سرینگر میں10 کروڑ روپے مالیت کی ہیروئن ضبط کرنے کا دعویٰ کیا ۔ ڈی آر آئی کی طرف سے جاری کئے گئے ایک بیان میں کہا گیا ڈی آر آئی کے عہدیداروں نے9 ستمبر کو مصدقہ اطلاع کی بناء پر سرینگر میں مختلف جگہوں پر چھاپے مارے جس دوران اعلیٰ معیار کی 2کلو گرام ہیروئن ضبط کی گئی،جسکی بین الاقوامی بازار میں قیمت10کروڑ روپے بتائی جارہی ہے۔بیان میں کہا گیا کہ ضبط شدہ ہیروئن ایک رہائشی مکان کے کچن میں چائول کی بوری کے پیچھے چھائی گئی تھی۔ بیان کے مطابق ہیروئن اسمگلنگ گروہ کے سرغنہ کو گرفتار کرنے کے لئے تلاشی مہم شروع کی گئی ہے جبکہ ڈی آر آئی کی جانب سے لائن آف کنٹرول سے ملحقہ دیہات میں تلاشیاں لی جارہی ہیں۔بیان میں کہا گیا ’ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ ضبط شدہ ہیروئن سرحد پار (پاکستان) سے یہاں لائی گئی ہے۔ شبہ ہے کہ اسے (ہیروئن کو) ایل او سی کے راستے کشمیر اسمگل کیا گیا ہے‘۔
 

پنچائیتوں کو نیلامی کے اختیار فراہم 

سرینگر//ریاستی سرکار نے مقامی سیلف گورنمنٹ باڈیز کو پنچائتی املاک جیسے پیڑ پودے ، پارکنگ کیلئے اراضی ، چراگاہیں اور پنچائت تالابوں سے مچھلیوں کی نیلامی کے اختیار فراہم کئے ہیں ۔ یہ اختیار پنچائتی راج قوانین 1996 کے رول 59 میں ترمیم کے ذریعے فراہم کئے گئے ہیں ۔ محکمہ کے ترجمان کے مطابق پنچائیتوں کو اب ایک لاکھ روپے تک مالیت کے املاک کی نیلامی ، بلاک ڈیولپمنٹ کمیٹیوں کو ڈھائی لاکھ اور ضلع پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ بورڈ کو پانچ لاک روپے مالیت کے املاک کی نیلامی کا اختیار ہو گا ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ نیلامی سے حاصل شدہ رقومات کو متعلقہ پنچائیتوں کے حدِ اختیار والے علاقوں کی ترقی کیلئے استعمال میں لایا جائے گا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنچائیتوں کو مزید اختیارات دینے کیلئے اور کئی سارے اقدامات بھی کئے جائیں گے ۔ 
 
 

جے کے بنک چئیر مین اور سی ای او کی پوزیشن 

 تقسیم کرنے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں:ریاستی سرکار

سرینگر//ریاستی سرکار نے جموں کشمیر بنک کے چئیر مین اور سی ای او کی پوزیشن کو تقسیم کرنے کی رپورٹوں کو خارج کیا ہے ۔ ایک سرکاری ترجمان نے بتایا کہ ایسا کوئی بھی منصوبہ سرکار کے زیر غور نہیں ہے اور جموں کشمیر بنک سے متعلق امور کے تمام فیصلہ جات بنک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی طرف سے ریزرو بنک آف انڈیا کے فریم ورک کے تحت لئے جاتے ہیں ۔ 
 

انسانی حقو ق پامالیوں سے متعلق

اقوام متحدہ کی سرزنش خوش آئیند:حریت(گ)

سرینگر// حریت (گ) نے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کونسل کی سربراہ Michelle Bachelet کی بھارت کو کشمیر میں حقوق انسانی کی پامالیوں کے معاملات پر متذکرہ کونسل کی جانب سے شائع شدہ رپورٹ پر نتیجہ خیز پیش رفت نہ کرنے پر برہمی کا اظہار کرنے کے عمل کو خوش آئند قرار دیا ہے ۔بیان میں کہا گیا کہ چونکہ اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر مسئلہ کشمیر سب سے زیادہ قدیم مسئلہ کے طور پر موجود ہے لہٰذا اس حوالے سے یہاں کے عوام کے تئیں اقوام متحدہ کو اپنی ذمہ داریاں نبھانے سے انکار نہیں کیا جاسکتا۔بیان میں کہا گیا کہ کشمیری عوام سے طاقت اور فوجی جمائو کے بل پر جینے کا حق چھین لیا گیا ہے اور حق و صداقت پر مبنی تحریک حق خودارادیت جس کو پوری دنیا کے ساتھ ساتھ اقوام متحدہ نے بھی تسلیم کیا ہے سے یہاں کے عوام کو محروم کرنے اور انہیں اپنے جائز جدوجہد سے باز رکھنے کیلئے طاقت کا بے تحاشہ استعمال کیا جارہا ہے ۔بیان میں کہاگیا کہ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کونسل کی سربراہ کی جانب سے کشمیر میں حقوق انسانی کی پامالیوں کے حوالے سے بیان اس بات کا عکاس ہے کہ بھارت کشمیر میں خطرناک حد تک حقوق انسانی کی پامالیوں میں نہ صرف ملوث ہے بلکہ آئے روز یہاں کے عوام کو پر امن احتجاج کی صورت میں جس ظلم و جبر کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے وہ نہ صرف انتہائی تشوشناک بلکہ عالمی برادری کیلئے چشم کشا ہے ۔بیان میں گلورہ ہندوارہ میں ایک عسکری معرکے کے دوران جان بحق ہوئے لیاقت احمد لون اور فرقان کو  شاندار الفاظ میں خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایک بلند نصب العین کیلئے دی جارہی قربانیاں اس بات کی متقاضی ہے کہ ان قربانیوںکو ثمر آور بنانے کیلئے مزاحمتی قیادت اور قوم فکر و عمل کی یکسوئی کے ساتھ مشن کو تکمیل کے مرحلے تک لیجانے کیلئے اپنی پر امن جدوجہد جاری رکھیں۔اس دوران مسلم لیگ نے اقوام متحدہ کے نو منتخب انسانی حقوق سربراہ برائے حقوق انسانی مائیکل بیچ لیٹ کی طرف سے کشمیر سے متعلق اجاگر کی گئیں انسانی حقوق کی پامالیوں کے بارے میں شائع شدہ رپورٹ پر نتیجہ خیز اقدامات نہ اٹھانے پر اپنی فکرمندی اور کشمیری عوام کی عزت اور انصاف کے حقوق کی بحالی کے لئے دئے گئے بیان کو خوش آئیندہ اور مثبت سوچ کی طرف پیش رفت قرار دیا ہے۔ 
 
 

شمشاد احمد بانڈی پورہ ٹریڈرس فیڈریشن کے صدر منتخب 

بانڈی پورہ/عازم جان /بانڈی پورہ ٹریڈرس فیڈریشن کے انتخاب میں شمشاد احمد عرف لالہ صدراور خالد حسین بٹ جنرل سیکریٹری منتخب ہوئے۔انتخاب الیکشن بورڈ چیئرمین حاجی عطاء اللہ بٹ کی نگرانی میں عمل میں لایا گیا جبکہ سینئر ایڈوکیٹ ریاض احمد پرزائڈنگ آفیسر تھے ۔ تحصیلدار بانڈی پورہ مبشر حسین نازکی اورنائب تحصیلدار کے علاوہ پولیس افسران نے بھی الیکشن کی نگرانی کی۔
 

 اننت ناگ میں طوفانی ہوائوں سے نقصان

سرینگر//جنوبی ضلع اننت ناگ کے کئی علاقوں میں سوموار کی شام اس وقت خوف و ہراس کی لہر پھیل گئی جب تیز بارشوں کے ساتھ طوفانی ہوائوں کا سلسلہ شروع ہوا جس کے نتیجے میں بھاری پیمانے پر تباہی مچ گئی۔تیز آندھی کی وجہ سے فصلوں اور میوہ باغات کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا جبکہ کئی علاقوں میںمکانوں کے چھت اْڑگئے اور بجلی کا نظام درہم برہم ہو کر رہ گیا۔ ضلع کے میر تانتر ، حاجی دانتر اور منواڑ کے علاوہ دیگر کئی علاقوں میں تیر آندھی کا سلسلہ کافی دیر تک جاری رہا ۔ 
 

 بانڈی پورہ میں محکمہ صحت کی صورتحال ابتر:ایڈوکیٹ نظیر ملک

سرینگر//نیشنل کانفرنس کے شمالی زون سیکریٹری ایڈوکیٹ نظیر احمد ملک نے ضلع بانڈی پورہ میں محکمہ صحت کی ابتر حالت اور ضلع اسپتال کی  حالت پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بانڈی پورہ کا ضلع اسپتال میںلوگوں کو طرح طرح کی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔انہوںنے کہا کہ موجودہ اسپتال میں معمولی طبی جانچ کی سہولیات بھی میسر نہیں ہیں ۔ڈاکٹروں کی تعداد بھی بیماروں کی نسبت نہایت کم ہے ۔ایڈوکیٹ ملک نے کہا کہ اب مجبوراً لوگ علاج ومعالجے کے لئے سرینگر کا رخ کرتے ہیں ۔انہوںنے گورنر انتظامیہ سے اپیل کی کہ وہ ضلع میں محکمہ صحت کی بگڑتی حالت کو ٹھیک کرنے کے لئے ٹھوس اقدام کریںاور نئے اسپتال کی تعمیر میں سرعت لائیں۔ 
 

بلدیاتی و پنچائتی انتخابات

مین اسٹریم جماعتیں مرکز کی یقین دہانی تک بائیکاٹ کریں:وکیل

سرینگر// جموں وکشمیر بچاؤ تحریک کے صدر عبدالغنی وکیل نے کہا ہے کہ ریاست میںہر طرف غیر یقینی صورتحال ہے اور عوامی مسائل بڑھتے جارہے ہیں ۔انہوں نے گورنرپر زور دیا کہ وہ انتظامیہ کو جواب دہ بنانے کی طرف توجہ دیں تاکہ عوام راحت کا سانس لے سکے۔وکیل پارٹی کی ورکنگ کمیٹی سے خطاب کررہے تھے ۔موصولہ بیان کے مطابق تلسی باغ سرینگر میںتنظیم کا ایک اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت پارٹی صدر عبدالغنی وکیل نے کی ۔انہوں نے میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام مین سٹریم جماعتیں تب تک بلدیاتی اور پنچائتی انتخابات کا بائیکاٹ کریں جب تک نہ مرکزی سرکار 35Aکے تحفظ کی یقین دہانی کرے۔میٹنگ میں بلدیاتی اور پنچائتی انتخابات کے حوالے سے ڈاکٹر فاروق عبداللہ کے بیان پر غور وخوض کیا گیا اور کہا گیا کہ اگر ڈاکٹر فاروق اپنے انتخاب کے حوالے سے بیان پر کاربند رہے تو بالکل قابل تعریف ہے لیکن خدشہ ضرور ہے کہ فاروق عبداللہ کسی بھی وقت اپنے بیان سے انحراف کر سکتے ہیں جس کی عکاسی ان کے پچھلے ریکارڈ سے ہورہا ہے۔
 
 

ویل ناگہ بل پہلگام بنیادی سہولیات سے محروم

ترال/سید اعجاز/ ویل ناگہ بل پہلگام کا علاقہ ترقی کے جدید دور میںبنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ ادھر گوجر بکروال کانفرنس نے علاقے کا دورہ کر کے لوگوں کے مشکلات کا جائزہ لیا ہے ۔جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے مٹن تحصیل کی ایک دور افتادہ گوجر بستی جہاں 400سے زیادہ کنبے رہائش پزیر ہیں،ترقی کے اس جدید دور میں بہتر پینے کے پانی کی سہولیات کے علاوہ بجلی کی ایک جھلک کے لئے ترس رہے ہیں ،جس کی وجہ سے علاقے کی آبادی کو دور جدید میں بھی سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔جموں کشمیر گوجر بکروال کانفرنس کے جنرل سیکرٹری محمد یاسین پسوال نے سوموار کو علاقے کا دورہ کر کے لوگوںکودرپیش مشکلات کا جائزہ لینے کے بعد نمائندے کو بتایا کہ علاقے میںلوگوں کو سڑک ،پینے کے پانی ،رابطہ سڑک اور بجلی کی عدم دستیابی کی وجہ سے سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہیں۔انہوں متعلقہ محکموں سے اپیل کی کہ وہ اس علاقے میں عوام کودرپیش مشکلات کاازالہ کرنے کیلئے فوری اقدام اُٹھائیں۔
 

اسلامک یونیورسٹی میں خصوصی پروگرام

اونتی پورہ//سائن اینڈ ایجوکیشن آوٹ ریچ پروگرام کے تحت اسلامک یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے جے اینڈ کے سائنٹسٹس گروپ کے اشتراک  سے یونیورسٹی کیمپس میں ’’کیرئرزاِن سائنس اینڈ ٹیکنالوجی انجینئرنگ میتھمیٹکس -پلاننگ سائنٹفک جیئرنی‘ خصوصی پروگرام منعقد کیا۔اس موقعہ پر نیو میکسکویونیورسٹی یو ایس اے کے نیوروسائنٹسٹ ڈاکٹرسیدمبارک حسین ،اوہیوسٹیٹ یونیورسٹی کے ڈاکٹر زاہد قمری، انڈین انسٹیچیوٹ آف سائنس بنگلورکے ریاض احمد شاہ ،اورانشاء رسول آف پوستیک یونیورسٹی جنوبی کوریا نے طلباء اور فیکلٹی ممبران سے اپنے ذاتی اورتحقیقی تجربے بیان کئے اور اس کے بعد اِن سے دوبدوتبادلہ خیال کیا۔پروگرام میں  اسلامک یونیورسٹی  اوردیگر یونیورسٹیوںکے ڈینز،مختلف شعبوں کے سربراہ،فیکلٹی،ریسرچ اسکالروں،مختلف شعبوں کے ملازمین نے شرکت کی۔ اس موقعہ پر یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر مشتاق احمد صدیقی جو پروگرام میں مہمان خصوصی بھی تھے،یونیورسٹی کی طرف سے سائنس اورٹیکنالوجی کو عام کرنے کیلئے کی جارہی کاوشوں کاخلاصہ پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ سائنس اینڈٹیکنالوجی میں لاتعداد مواقع اور اسکوپ ہے اور وقت کاتقاضا ہے کہ عالمی پیمانے پر مسائل کاحل ڈھونڈنے کیلئے معیاری تحقیق کو اپنایا جائے۔ پروگرام میں اسلامک یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے ڈین سکول آف سائنسز نے کہا کہ مستقبل میں بھی ایسے پروگراموں کاانعقاد کیا جائے گا۔
 

جیو فونز کیلئے واٹس ایپ کا نیا ورژن شروع

سرینگر//واٹس ایپ نے جیو فونز کیلئے پرائیویٹ مسیجزکانیاورژن بنایا ہے جوکیاوس اوپریٹنگ سسٹم پر چلتا ہے۔واٹس ایپ کے وائس پریذیڈنٹ کرس ڈئینیلز نے کہا کہ اب ہندوستان میں لاکھوں لوگ جیون فونز پر واٹس ایپ کی پرائیویٹ مسیجزکااستعمال کرسکیں گے۔نئے ایپ کے ذریعے لوگ مسیجزکو ریکارڈ کرکے صوتی پیغام کے ذریعے کی پیڈ پر صرف چند اشاروں میں بھیج سکیں گے۔اس کی شروعات کیلئے صارفین کو صرف اپنے فون نمبرکی توثیق کرانا ہوگی اوراُس کے بعد وہ دیگر صارفین کے ساتھ انفرادی طور یا گروپس میں پیغامات کا تبادلہ کرسکتے ہیں۔ڈائریکٹر ریلائنس جیوانفوکوم لمیٹڈ آکاش امبانی نے کہا کہ ہم نے سوموارسے تمام جیو فونز پر یہ ایپ مہیا کیا ہے  اور جیو اس کیلئے فیس بک اور واٹس اپ ٹیم کا اس کیلئے مشکور ہے۔کمپنی نے کہا کہ 20ستمبر سے یہ جیوکے ایپ سٹور پر دستیاب ہوگا۔لوگ ایپ سٹور سے جیو فون اور جیو فون 2کیلئے یہ ایپ ڈائون لوڈ کرسکتے ہیں ۔ 
 

ڈی پی ایس بڈگام میں سالانہ انٹرا سکول ڈیبیٹ منعقد

بڈگام //ڈی پی ایس بڈگام میں منگل کو سالانہ انٹر اسکول ڈیبیٹ منعقد ہوئی۔اس میں وادی کے معروف اسکولوں نے شرکت کرکے تقاریر میں اپنی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔اس موقعہ پرپرنسپل جی ڈی گوئنکا پی جے جانسن مہمان خصوصی تھے جبکہ پیرزادہ ممتاز(جنرل سیکڑیٹری چائلڈ نیچراینڈ ریلیف)،زیڈ اے بانڈے(او ایس ڈی ناظم تعلیم) اورتصدق رشیدایگزیکیٹیو ایڈیٹر کے این ایس ججزکے طور موجود تھے۔ڈیبیٹ میں سبھی مقرروں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سامعین کی دادحاصل کی۔ڈیبیٹ میں برن ہال اسکول نے اول پوزیشن حاصل کی جبکہ کے وی ایس نے دوسری اور جی ڈی گوینکا نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔