تازہ ترین

مزید خبرں

12 ستمبر 2018 (00 : 01 AM)   
(      )

وجے کمارآج  عوامی شکایات سُنیں گے

سرینگر//گور نر کے مشیر کے۔ وجے کمار12 ستمبر کو صُبح9 بجکر45 منٹ سے10 بجکر45 منٹ تک گورنر گریوینس سیل واقع چرچ لین سرینگر میں عوامی شکایات سُنیں گے۔
 

 حضرت مرزا اکمل الدین بیگ خان بدخشیؒ کا عرس

درگاہِ اکملیہ حول میں اختتامی تقریب پر مجالس آراستہ

سرینگر// عرس مبارک حضرت شیخ الاسلام مولانا مرزا اکمل الدین بیگ خان بدخشیؒ کا 308ویں سالانہ عرس مبارک کی اختتامی تقریب کل وادی میں نہایت عقیدت واحترام کے ساتھ منائی گئی۔ سب سے بڑی تقریب اُن کے قدیم درگاہ درگاہِ اکملیہ حول میں منعقد ہوئی جہاں نماز فجر کے بعد روح پرور مولود خوانی کی مجلس آراستہ ہوئی اور ایام عرس کے دوران ختمات المعظمات، درود ازکار اور تحلیلات و قرآن خوانی کی مجالس بھی منعقد ہوئی۔ مولانا ریاض احمد ہمدانی نے نئے ہجری سال ۱۴۴۰ کی آمد ، مقدس اور بابرکت محرم الحرام کی فضیلت کے ساتھ ساتھ حضرت مرزا اکمل الدین بدخشیؒ کے تاریخ ساز اسلامی کارناموں ، علمی روحانی کمالات پر واعظ فرمایا ۔بقعہ عالیہ کے سجادہ نشین ڈاکٹر الحاج مقتدر کالمی نے بابرکت مجالس ختمات المعظمات اور مولود خوانی کے حسب قدیم پیشوائی کی اور مولود خوانی کی پیشوائی الحاج میر بشارت احمد قادری نے کی۔ بقعہ عالیہ کے امام و خطیب مولانا خورشید احمد قانون گو نے حضرت مرزا اکمل الدین کی سیرت بیان کی۔
 

کنٹنجنٹ پیڈ ورکرس کا پریس کالونی میںاحتجاج

مستقلی کا مطالبہ ،20ستمبرسے بھوک ہڑتال کی دھمکی

سٹی رپورٹر
 
سرینگر// محکمہ تعلیم میںمشروط ادائیگی کے تحت کام کرنے والے ملازمین(کنٹنجنٹ پیڈ ورکرس) نے مستقلی کے مطالبے کو لیکر پرتاپ پارک میں احتجاج کیا اور دھمکی دی کہ اگر20ستمبر تک انکے مطالبات کو پورا نہیں کیا گیا تو وہ بھوک ہڑتال شروع کریں گے۔احتجاجی مظاہرین نے ہاتھوں میں تختیاں اور بینئر اٹھا رکھے تھے،جن پر  انہیں مستقل کرنے کی تحریر درج کی گئی تھی۔احتجاجیوں نے سرکار مخالف نعرہ بازی کرتے ہوئے پریس کالونی کا رخ کیا اوردھرنا دیا۔ 
 

 عوامی مجلس عمل سے جڑی کئی شخصیات کا انتقال

میر واعظ کا اظہار تعزیت

سرینگر// عوامی مجلس عمل کے سربراہ و حریت (ع)چیرمین مولوی محمد عمر فاروق نے مجلس عمل تنظیم، تحریک اور میرواعظ خاندان سے جڑے کئی اہم شخصیات کے انتقال پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کرتے ہوئے جملہ مرحومین کی مغفرت اور جنت نشینی کیلئے دعا کی ہے۔ میرواعظ نے غلام قادر خان سکونت کادی کدل،الحاج خلیل محمد کرپال ساکنہ مغل محلہ رعناواری اور نوجوان قلمکار اعجاز طالب کے چچا غلام رسول بیگ سکونت حول سرینگر کی وفات حسرت آیات پر دکھ اور صدمے کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کے اہل خانہ اور سوگواروں کے ساتھ تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے ۔اس دوران تنظیم کے مختلف وفود نے کادی کدل ، رعناواری اور حول جاکر مرحومین کے لواحقین کے ساتھ تعزیت پرسی کی۔
 
 

 انجمن علمائے احناف کا اظہار تعزیت

سرینگر// انجمن علمائے احناف نے غلام محمد الائی ساکن زاڈی مسجد صفا کدل کے انتقال پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اہل خانہ کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا،جبکہ مرحوم کے حق میں دعائے مغفرت کی۔علمائے احناف  کے سربراہ مولانا اخضر حسین نے مرحوم غلام محمد الائی کو ایک سماجی،فلاحی و مذہبی کارکن قرار دیتے ہوئے کہا کہ مرحوم ان کاموں میں پیش پیش رہتے تھے۔انہوں نے کہا کہ غلام محمدالائی کے انتقال سے ایک خلا پیداہوا ہے،جس کو پورا کرنا محال ہی ہے۔