تازہ ترین

ایس ایس اے اساتذہ کی بھوک ہڑتال 10ویں روز میں داخل

راج بھون کی طرف مشعل بردار مارچ، پولیس نے ناکام بنادیا، قیوم وانی سمیت کئی حراست میں

12 ستمبر 2018 (00 : 01 AM)   
(      )

اشفاق سعید
سرینگر// ایس ایس اے اساتذہ کی بھوک ہڑتال منگل کو 10ویں روزمیں داخل ہوئی جبکہ منگل کی شام مدرسین نے موم بتیاںجلا کرراج بھون تک احتجاجی مارچ کی کوشش کی جس دوران پولیس نے قیوم وانی سمیت متعددلیڈران کی گرفتاری عمل میں لائی۔ مشعل بردار ریلی جب پرتاب پارک سے پولیس سٹیشن کوٹھی باغ کے نزدیک پہنچی تو وہاں پہلے سے ہی متحرک پولیس کی بھاری نفری نے انہیں روک دیا اور آگے کی طرف پیش قدمی کرنے کی اجازت نہیں د ی تاہم اساتذہ لگاتار نعرہ بازی کرتے رہے ۔احتجاج میں شدت آنے کے بعد پولیس نے قیوام وانی سمیت متعدد اساتذہ کی گرفتاری عمل میں لا کر انہیں کوٹھی باغ پولیس سٹیشن میں بند کر دیا۔گرفتاری سے قبل ایجیک صدر قیوم وانی نے نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سرکار ایس ایس اے اور رمسا ما اساتذہ ،ماسٹروں اور ہیڈماسٹروں کو 7ویں پے کمیشن اور اُن کی تنخوائوں کو ڈی لنک کرنے کے جائز مطالبات کو حل کرنے خاموش تماشاہی بنی ہوئی ہے ۔انہوں نے کہاکہ اگر اُن کے مطالبات کو جلد از جلد حل نہ کیا گیا تو وہ جموں پریس کلب اور شیر کشمیر پارک سے راج بھون تک 16ستمبر یعنی اتوارکو بڑے پیمانے پر احتجاج کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ اس احتجاج کو ہم نے اتوار کے روز کرنے کا فیصلہ اس لئے لیا ہے تاکہ سکولوں میں بچوں کی تعلیم متاثر نہ ہو اور تمام اساتذہ اس بڑے پیمانے کے احتجاج میں شمولت اختیار کر سکیں ۔عبدالقیوم وانی نے کہا کہ مطالبات پورے ہونے تک بھوک ہڑتال جاری رہے گی۔ایجیک سربراہ نے کہا ہم عوام کے خادم ہیں سرکار کے نوکر نہیں ہیں ۔انہوں نے بتایاہم نے بچوں کے مستقبل کو مد نظر رکھتے ہوئے تاحال باری باری صرف 10 فیصد اساتذہ بھوک ہڑتال میں شرکت کر رہے ہیں جبکہ90فیصد عملہ سکولوں میں درس و تدریس کی کام میں مصروف ہے ۔