تازہ ترین

ضلعی سطح پر شکایتی سیلوں کی تشکیل

11 ستمبر 2018 (00 : 01 AM)   
(      )

سری نگر//گورنر انتظامیہ نے ہر ضلع ہیڈ کوارٹر پر شکایتی سیلوں کے قیام کو منظوری دی ہے ۔ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے جاری ایک حکمنامے کے مطابق یہ سیل ایڈیشنل ضلع ترقیاتی کمشنر یا ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کی سربراہی میں کام کریں گے جن میں پانچ افراد پر مشتمل عملہ تعینات رہے گا۔حکمنامے کے مطابق شکایتی سیل میں آن لائن پورٹل ، بذریعہ ڈاک یا ذاتی طور شکایات درج کی جاسکتی ہے جس کے لئے ڈپٹی کمشنر ایک مخصوص ویب پیج قائم کرکے اسے مشتہر کریں گے۔حکمنامے کے مطابق شکایتی سیل فوری طور ہر ایک شکایت کا جائزہ لے کر پندرہ دنوں کے اندر ان کا ازالہ کریں گے۔عملے کی طرف سے تعاون فراہم نہ کرنے پر ڈپٹی کمشنر فوری مداخلت کے لئے صوبائی کمشنر سے رجوع کریں گے اور ہر ڈپٹی کمشنر ہفتے میں کم سے کم ایک دِن ذاتی طور عوامی شکایات سنیں گے اور اس مخصوص دِن کی تشہیر الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا کے علاوہ سرکاری ویب سائٹ پر کی جائے گی ۔ ڈپٹی کمشنر مہینے میں کم سے کم ایک بار تحصیل دفاتر پر عوامی دربار کا اہتمام کریں گے۔